1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو سے متعلق کم امیدی کا حل زیادہ انضمام، ماسکوویسی

عصمت جبیں10 فروری 2014

فرانسیسی وزیر خزانہ پیئر ماسکوویسی نے کہا ہے کہ یورو زون کے بارے میں پائی جانے والی کم امیدی کے خلاف کوششوں میں اس خطے میں زیادہ سے زیادہ انضمام کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/1B61a
تصویر: picture-alliance/AP

پیئر ماسکوویسی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ یورو زون کے ملکوں کو زیادہ سے زیادہ نئے اقتصادی اور سماجی منصوبے متعارف کرانے چاہییں۔ ان کے مطابق ان منصوبوں میں بے روزگاری کے خلاف مشترکہ انشورنس بھی شامل ہونی چاہیے تاکہ یورپ اور یورو کے بارے میں کم امیدی کا اظہار کرنے والی سیاسی جماعتوں کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا مقابلہ کیا جا سکے۔

یورپی پارلیمان کے اگلے انتخابات اس سال مئی میں ہوں گے۔ ان انتخابات سے قبل تازہ عوامی جائزوں میں یہ دیکھنے میں آ رہا ہے کہ یورپی یونین کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں کو کافی زیادہ کامیابیاں حاصل ہو سکتی ہیں۔ ایسا اس لیے ممکن ہے کہ عام یورپی ووٹر مرکزی سیاسی دھارے میں شامل بڑی سیاسی جماعتوں سے ناامید ہو کر یورپ مخالف پارٹیوں کی حمایت کرتے نظر آ رہے ہیں۔

Finanzministertreffen in Dublin Pierre Moscovici
ماسکوویسی نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ یورو زون کے رکن اٹھارہ ملکوں کو بے روزگاری کے خلاف ایک مشترکہ بجت قائم کرنا چاہیےتصویر: Peter Muhly/AFP/Getty Images

یورو زون میں شامل کئی ریاستوں میں عام شہری اپنے اپنے ملکوں میں اہم سیاستدانوں کی طرف سے قرضوں کے بحران پر قابو پانے کی کوششوں سے مطمئن نہیں ہیں۔ یہ شہری ان سیاسی رہنماؤں کو اپنے ملکوں میں طویل کساد بازاری کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ اس حوالے سے خبر رساں ادارے روئٹرز نے ابھی حال ہی میں روئٹرز یورو زون سمٹ کے ایک حصے کے طور پر فرانسیسی وزیر خزانہ کا انٹرویو کیا۔

اس انٹرویو میں پیئر ماسکوویسی نے کہا، ’’یورو زون کو زیادہ انضمام کی ضرورت ہے۔ اس خطے کو مضبوطی کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کا اپنی کرنسی کے ساتھ رشتہ مضبوط تر ہو۔‘‘ ماسکوویسی ایک سوشل ڈیموکریٹ ہیں جو ماضی میں یورپی پارلیمان کا رکن رہنے کے علاوہ یورپی امور کے فرانسیسی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

ماسکوویسی نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ یورو زون کے رکن اٹھارہ ملکوں کو بے روزگاری کے خلاف ایک مشترکہ بجت قائم کرنا چاہیے۔ ماسکوویسی کا کہنا ہے کہ فرانس ایسے مالی وسائل کے مختص کیے جانے کا حامی ہے، جسے اگر رکن ملک چاہیں تو بجٹ کا نام بھی دیا جا سکتا ہے۔ لیکن یہ بجٹ یورو زون میں بے روزگاری کے خلاف مشترکہ انشورنس کے لیے ہونا چاہیے۔ اس میں تمام یورو ریاستوں کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے اور اگر ممکن ہو تو یہ مالی وسائل یورپی ٹرانزیکشن ٹیکس کے ذریعے ہونے والی آمدنی میں سے مہیا کیے جا سکتے ہیں۔

Brüssel EU Finanzministertreffen
اب تک یورپی یونین کے رکن گیارہ ملک اپنے ہاں مالیاتی منڈیوں میں ادائیگیوں پر ٹرانزیکشن ٹیکس کے نفاذ پر اتفاق کر چکے ہیںتصویر: Reuters

اب تک یورپی یونین کے رکن گیارہ ملک اپنے ہاں مالیاتی منڈیوں میں ادائیگیوں پر ٹرانزیکشن ٹیکس کے نفاذ پر اتفاق کر چکے ہیں۔ لیکن اس منصوبے کو یورپی یونین کے وکلاء کے ان شبہات کا سامنا ہے کہ ایسا کوئی نیا ٹیکس شاید غیر قانونی بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس بارے میں جرمنی اور فرانس مل کر آئندہ مہینوں میں ایک نئی مشترکہ تجویز بھی پیش کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز ہو سکے۔

جرمنی اب تک ایسی کسی بھی تجویز کے خلاف ہے کہ یورو زون کے رکن ملکوں کو بے روزگاری کے خلاف کوئی مشترکہ انشورنس بجٹ تشکیل دینا چاہیے۔ برلن اس بات کے بھی خلاف ہے کہ رکن ملکوں کو یورپی یونین کو ان رقوم کے علاوہ بھی کوئی مالی ادائیگیاں کرنی چاہییں جو یونین کے بجٹ کے لیے کی جاتی ہیں۔ فرانس یورو زون کی دوسری سب سے بڑی معیشت ہے۔

پیئر ماسکوویسی کے مطابق اقتصادی بحالی کے عمل میں فرانس یورو زون کے کئی دیگر ملکوں سے پیچھے ہے۔ لیکن یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ فرانس میں اقتصادی ترقی کی شرح اس سال 0.9 رہنے کی پیش گوئی کی تھی تاہم ترقی کی حقیقی شرح اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید