1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان نے یورپی یونین کی صدارت سنبھال لی

عاطف بلوچ9 جنوری 2014

مالی مشکلات کے شکار ملک یونان نے یورپی یونین کی صدارت سنبھال لی ہے۔ 1981ء میں یورپی یونین کا رکن بننے والا یہ ملک پانچویں مرتبہ ششماہی بنیادوں پر یہ فرائض سرانجام دے گا۔ اس موقع پر حکومت مخالف مظاہرین نے احتجاج بھی کیا۔

https://p.dw.com/p/1Anrp
یونانی وزیر اعظم انتوس سماراس اور ورپی کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسوتصویر: Reuters

بدھ کو ایتھنز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں یورپی کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسو کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کی متعدد اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر عالمی مالیاتی اداروں اور یورپی یونین سے مالی امداد لینے والے ملک یونان کی ان کوششوں کو سراہا بھی گیا، جن کے تحت وہ اپنی اقتصادی ترقی کو مستحکم بنانے میں مگن ہے۔

Logo Griechenland EU Ratspräsidentschaft
یونان ان چھ مہینوں کے دوران محدود بجٹ میں تقافتی پروگرامز کا انعقاد بھی کرے گاتصویر: Louisa Gouliamaki/AFP/Getty Images

اس موقع پر باروسو کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے حل کے لیے یونان کو فراہم کیے جانے والے مالیاتی امدادی پیکجز کے تحت ایتھنز حکومت نے اپنے مالیاتی بحران پر قابو پانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’یونانی عوام کو جن مشکلات کا سامنا ہے، میں انہیں بہت اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں۔ اس مشکل عمل کے دوران میں ان کے حوصلے اور عظمت کی داد دینا چاہوں گا۔ میں یونانی عوام کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ بحران سے نکلنے کے لیے ایتھنز حکومت نے جو کچھ حاصل کر لیا ہے، اسے خطرے میں نہ ڈالا جائے۔‘‘

باروسو کا مزید کہنا تھا کہ ایسے تمام اندازے غلط ثابت ہو گئے ہیں کہ یونان یورو زون سے نکل جائے گا۔ مالی امداد لینے والے ممالک آئر لینڈ اور اسپین کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ یونان بھی اصلاحاتی عمل کو سست نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئر لینڈ اپنی کوششوں سے مالیاتی بحران سے نکل آیا ہے اور اسپین نے بھی کڑا وقت گزار لیا ہے۔

اسی طرح یونانی وزیر اعظم انتوس سماراس کا کہنا تھا کہ یونان کی بڑی قربانیوں کی وجہ سے مشکلات حل ہوتی نظر آ رہی ہیں، ’’لوگ جانتے ہیں کہ جو کچھ ہم آج کر رہے ہیں وہ اس ملک اور عوام کی محبت میں کر رہے ہیں یہ بچوں کے بہتر مستقبل اور مضبوط یورپ کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘‘

نئے سال کے پہلے نصف حصے کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے ایتھنز حکومت یورپی وزراء کی کم از کم 14 کانفرنسوں اور قریب 120 دیگر اجلاسوں کی میزبانی کرے گی۔ یونان کو ان تمام یورپی اجلاسوں کے انعقاد پر قریب 50 ملین یورو خرچ کرنا پڑیں گے۔ یونانی نائب وزیر خارجہ کُورکُولاس کو امید ہے کہ ان اخراجات کا ایک حصہ واپس یونانی خزانے میں پہنچ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونان ان چھ مہینوں کے دوران محدود بجٹ میں تقافتی پروگرامز کا انعقاد بھی کرے گا۔

یونان کو یہ نئی اہم ذمہ داریاں یکم جنوری کو سونپی جانا تھیں لیکن انتظامی اور دیگر وجوہات کی بنا پر اس عمل میں تاخیر ہو گئی اور باضابطہ طور پر آٹھ جنوری کو یونین کی صدارت ایتھنز حکومت کے حوالے کی گئی۔ اس دوران یونان کا اہم ترین چیلنج یورپی پارلیمنٹ کے لیے الیکشن کا انعقاد ہو گا۔ مئی میں ہونے والے اس انتخابی عمل میں بچتی اقدامات سے تنگ بے روزگار افراد منفی طریقے سے ردعمل ظاہر کر سکتے ہیں۔

griechenland, athen, proteste, studenten
بدھ کے دن دارالحکومت ایتھنز میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والی سیاسی پارٹیوں کے کئی سو حامیوں نے پابندیوں کے باوجود احتجاج بھی کیاتصویر: AP

بدھ کے دن دارالحکومت ایتھنز میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والی سیاسی پارٹیوں کے کئی سو حامیوں نے پابندیوں کے باوجود احتجاج بھی کیا۔ اس دوران پولیس نے دارالحکومت کی متعدد شاہراہوں کے علاوہ ریلوے اسٹیشن بھی بند کر رکھا تھا تاہم حکومت مخالف مظاہرین نے ایتھنز کی یونیورسٹی کی عمارت تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل بھی برسائے۔ تاہم کسی کے زخمی ہونے یا کسی گرفتاری کی کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید