1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ میں فلسطینی ہلاکتیں پانچ سو بیس سے متجاوز

مقبول ملک21 جولائی 2014

اسرائیلی دستوں نے غزہ پٹی کے علاقے میں اپنی بھرپور زمینی کارروائی آج پیر کے روز بھی جاری رکھی، جس کے نتیجے میں فلسطینی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اب 522 ہو گئی ہے۔ اسی دوران اقوام متحدہ نے فوری فائر بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CgE9
تصویر: Reuters

اسرائیل اور عسکریت پسند فلسطینیوں کو ایک دوسرے کے خلاف مسلح کارروائیاں روک دینے پر آمادہ کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششیں تیز تر ہوتی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور امریکی حکومت نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فی الفور فائر بندی کی جائے۔ غزہ کی صورت حال کے بارے میں سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس میں رکن ملکوں نے مطالبہ کیا کہ فریقین ایک دوسرے کے خلاف جارحیت بلاتاخیر بند کریں۔ یہی مطالبہ امریکی صدر باراک اوباما نے ٹیلی فون پر گفتگو میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے بھی کیا۔

Gaza Bodenoffensive 21.07.2014
تصویر: Reuters

فائر بندی کے بین الاقوامی مطالبے اپنی جگہ، اسرائیلی فوجی ذرائع نے بتایا کہ آج پیر کی صبح حماس سے تعلق رکھنے والے مزید 10 مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اسرائیل کے بقول یہ فلسطینی غزہ اور اسرائیل کی درمیانی سرحد کے نیچے کھودی گئی سرنگوں کے ذریعے جنوبی اسرائیل میں داخل ہو گئے تھے۔

ادھر فلسطینی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آج پیر کے روز وسطی غزہ پٹی کے علاقے دیر البلح میں اسرائیلی ٹینکوں سے ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہو گئے۔

کل اتوار کا دن غزہ میں گزشتہ پانچ برسوں سے بھی زائد عرصے کا خونریز ترین دن ثابت ہوا، جس دوران کم از کم 140 فلسطینی ہلاک ہوئے۔ اس دوران صرف شجائیہ کے علاقے میں کم از کم 72 فلسطینی مارے گئے۔ ان میں سے آج امدادی کارکنوں نے مختلف عمارات کے ملبے سے کم از کم 45 ہلاک شدگان کی لاشیں نکال لیں۔

اے ایف پی کے مطابق غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں تواتر سے کیے جانے والے اسرائیلی حملوں میں آج مزید 28 فلسطینی ہلاک ہو گئے، جس کے بعد پیر کی دوپہر تک فلسطینی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 522 ہو گئی۔ شجائیہ میں آج ایک نئے اسرائیلی حملے میں چار بچوں سمیت آٹھ افراد مارے گئے۔

Palästina Gaza Stadt unter massiven Beschuss durch Israel 20.07.2014
تصویر: J.Guez/AFP/Getty Images

اسرائیل نے غزہ سے فلسطینیوں کے راکٹ حملوں کے جواب میں پہلے کئی دن تک فضائی حملے کیے تھے، جن کے ساتھ ساتھ گزشتہ جمعرات سے غزہ میں زمینی کارروائی بھی شروع کر دی گئی تھی۔ اب تک 18 اسرائیلی فوجی بھی مارے جا چکے ہیں، جن میں سے 13 صرف کل اتوار کے روز ہلاک ہوئے۔

موجودہ خونریزی کے دوران بین الاقوامی سطح پر فلسطینی شہریوں کی بہت زیادہ ہلاکتوں پر خاص طور پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسی لیے جنگ بندی کوششوں کے لیے امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون بھی اس وقت مشرق وسطیٰ میں ہیں۔

بان کی مون نے کویت میں ملکی رہنماؤں کے ساتھ جنگ بندی کوششوں کے بارے میں بات چیت کی، جس کے بعد وہ آج سہ پہر مصری دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے، جہاں امریکی وزیر خارجہ کیری بھی پہنچ رہے ہیں۔ دوسری طرف حماس کے رہنما خالد مشعل بھی قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات میں فائر بندی سے متعلق بات چیت کر رہے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید