1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طیارے کی تباہی پر فضائی کمپنیوں کا ’مشترکہ لائحہ عمل‘

ندیم گِل21 جولائی 2014

متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئرلائن نے مسافر طیارے کی تباہی پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے فضائی کمپنیوں کا ایک اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1CgBZ
تصویر: picture-alliance/dpa

ایمریٹس ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں علاقائی تنازعات کی وجہ سے مسافر طیاروں کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اس فضائی کمپنی کے صدر ٹِم کلارک کا کہنا ہے: ’’انٹرنیشنل ایئرلائن کمیونٹی کو ایک ہو کر ردِ عمل ظاہر کرنے کی ضرورت ہے، یہ کہنے کی ضرورت ہے کہ یہ قطعی ناقابلِ قبول اور جارحانہ ہے اور ہلاکت خیز علاقائی تنازعات کا نشانہ بننا برداشت نہیں کیا جائے گا جن کا ایئرلائنز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘

انہوں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں مزید کہا کہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آیاٹا) کو اس موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس بلانی چاہیے جس میں اس بات پر غور کیا جائے کہ علاقائی عدم استحکام کا سامنا کرنے کے لیے فضائی سفر کی صنعت کو کیا تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے۔

یوکرائن میں ملائیشین ایئرلائنز کے طیارے کی تباہی نے ایئرلائن انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بہت سی فضائی کمپنیوں نے تو یوکرائن کی فضائی حدود استعمال کرنا ہی بند کر دی ہے۔

Flug MH17 Abschuss Ukraine Malaysia Airlines Symbolbild
ملائیشیا ایئرلائنز کا ایک طیارہ گزشتہ ہفتے یوکرائن میں تباہ ہو گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

اس حوالے سے یورو کنٹرول کے ساتھ کام کرنے والے فضائی سفر کے تحفظ سے وابستہ ادارے نیٹ ورک آپریشنز منیجمنٹ کوآرڈینیشن کے سربراہ کین تھامس کا کہنا ہے کہ  یوکرائن کی فضائی حدود استعمال کرنے والی فضائی کمپنیوں میں سے تقریباﹰ پچیس فیصد متبادل راستے اختیار کر چکی ہیں جبکہ بیشتر پرانے راستے پر پرواز کر رہی ہیں۔

فضائی حدود کے استعمال سے متعلق ایمریٹس ایئرلائن کے صدر ٹِم کلارک کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں علاقائی سطح کے ریگولیٹرز کو مسافر طیاروں کو اس حوالے سے ہدایات دینی چاہیئں کہ کہاں پرواز کرنا محفوظ ہے اور کہاں نہیں۔

روئٹرز کے مطابق فضائی کمپنیوں کے مشترکہ لائحہ عمل سے متعلق مجوزہ اجلاس کے حوالے سے ردِ عمل جاننے کے لیے آیاٹا کے ترجمان سے فوری طور پر رابطہ ممکن نہیں ہو سکا، تاہم فضائی صنعت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایئرلائنوں سے مشاورت جاری ہے۔

اُدھر یوکرائن اور روس نواز باغیوں کے درمیان طیارے پر میزائل حملے کے الزامات کا تبادلہ جاری ہے۔ یوکرائن کے وزیر اعظم آرسینی یاٹسینی یُک نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملائیشین ایئرلائنز کے طیارے کے حادثے کی تفتیش کا کام اپنے بین الاقومی اتحادیوں کے حوالے کرنے پر تیار ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا ہے کہ مسافر طیارہ ماہر افراد نے گرایا ہے۔ پیر کو کییف میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں یاٹسینی  یُک نے کہا کہ پانی پہلے ہی سر سے اُوپر ہو چکا ہے اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو یہ بات سمجھ جانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تنازیہ روس اور یوکرائن کے درمیان نہیں ہے بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید