1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم جنس پرست ہونے پر فخر ہے، ایپل کے سربراہ کا اعتراف

ندیم گِل31 اکتوبر 2014

امریکی کمپیوٹر کمپنی ایپل کے سربراہ ٹِم کُک نے ہم جنس پرست ہونے کا اقرار کیا ہے۔ وہ اپنے اس جنسی رجحان کا کھلے عام اظہار کرنے والے پہلے معروف امریکی کاروباری رہنما ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Demu
تصویر: Reuters/Robert Galbraith

ٹِم کُک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی نجی زندگی سے پردہ اس اُمید پر اٹھایا ہے کہ اس سے شہری آزادیوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ترپن سالہ کُک کا تعلق الباما سے ہے اور وہ خود کو ’جنوب کا بیٹا‘ قرار دیتے ہیں۔ وہ اس سے پہلے ہم جنس پرست مردوں اور خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی رویوں کے خلاف بات کرتے رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے اپنے ہم جنس پرست ہونے کا انکشاف ایک میگزین کے لیے لکھے گئے ایک مضمون میں کیا جو جمعرات کو سامنے آیا۔

کُک نے اس مضمون میں لکھا ہے: ’’مجھے ہم جنس پرست ہونے پر فخر ہے۔ میں اسے خدا کی جانب سے دیے گئے عظیم ترین تحفوں میں سے ایک خیال کرتا ہوں۔‘‘

Apple Logo San Francisco
ٹِم کُک کا اعتراف سیلیکون ویلی کے کوئی نئی بات نہیںتصویر: Reuters/Robert Galbraith

انہوں نے اس مضمون میں شہری آزادیوں کے لیے کام کرنے والی معروف شخصیتوں رابرٹ ایف کینیڈی اور مارٹن لوُتھر کِنگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے: ’’میں یہ ظاہر نہیں کر رہا کہ ایسا لکھنے سے میں ان کے ساتھ شامل ہو جاؤں گا۔ اس کا تو محض یہ مقصد ہے کہ مجھے ان حالات پر نظر ڈالنے اور یہ جاننے کا موقع ملے گا کہ میں دوسروں کی مدد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں، اگرچہ چھوٹا ہی سہی۔ ہم مل جل کر انصاف کی جانب روشنی کی راہ ہموار کرتے ہیں، ایک ایک اینٹ لگاتے ہوئے اور یہ میری اینٹ ہے۔‘‘

سیلیکون ویلی کی ٹیکنالوجی کمیونٹی کے لیے ان کا یہ انکشاف کوئی نئی بات نہیں ہے تاہم اس پر کبھی زیادہ بات نہیں کی گئی تھی۔ دوسری جانب ان کا یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا میں ہم جنسوں کے درمیان شادیاں فروغ پا رہی ہیں۔ اس کے باوجود امریکا اس موضوع پر منقسم ہے۔

اس نوعیت کی شادیوں کو امریکا کی بتیس ریاستوں میں قانونی طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے نتائج بھی یہی ظاہر کرتے ہیں بیشتر لوگ ایسی شادیوں کے حامی ہیں۔ نوجوان امریکی اس جنسی رجحان کے زیادہ حامی ہیں۔

خیال رہے کہ بی پی کے سربراہ لارڈ براؤن نے کئی دہائیوں تک یہ بات راز رکھی کہ وہ ایک ہم جنس پرست ہیں۔ تاہم 2007ء میں ان کے ایک بوائے فرینڈ نے اس بات کا انکشاف کر دیا جس پر براؤن کو بھی سامنے آنا پڑا۔ بعدازاں وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔