1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسکاٹ لینڈ: آزادی کا ریفرنڈم آج ہو گا

عابد حسین18 ستمبر 2014

برطانوی علاقے اسکاٹ لینڈ میں آزادی کے ریفرنڈم کا انعقاد آج ہو رہا ہے۔ ریفرنڈم کے حق اور مخالفت میں بدھ تک بھاری مہم کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ ریفرنڈم کے حق میں ووٹ ڈالنے کی صورت میں اسکاٹ لینڈ کو آزادی مل سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1DEtn
Schottland Referendum
تصویر: Reuters/Russell Cheyne

آج جمعرات کو اسکاٹ لینڈ کی آزادی کا ریفرنڈم جرمنی کے معیاری وقت کے مطابق آٹھ بجے شروع ہو رہا ہے۔ الیکشن آفس میں ستانوے فیصد بالغ افراد نے بطور رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب بہت زیادہ ہو سکتا ہے اور یہ اسی فیصد سے بھی بڑھ سکتا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ آزادی کے ریفرنڈم نے اسکاٹ لینڈ کے خاندانوں کو بھی متاثر کیا ہے اور اُن میں بھی تقسیم دکھائی دے رہی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے چرچ نے اس صورت حال کے تناظر میں اسکاٹش عوام سے اپیل کی ہے کہ ریفرنڈم کے نتیجے سے قطع نظر وہ اپنے اندر اتحاد کے جذبے کو برقرار رکھیں۔

Schottland Referendum 17.09.2014 Gordon Brown in Glasgow
سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن گلاسگو میں تقریر کرتے ہوئےتصویر: Reuters/Dylan Martinez

اسکاٹ لینڈ کی آزادی کی مہم چلانے والے ایلیکس سالمنڈ نے اختتامی جلسہ ایڈنبرا میں منعقد کیا اور اِس جلسے میں بےشمار لوگ شریک تھے۔ سالمنڈ کی تقریر کے دوران اسکاٹش لوگ بار بار ’یس وی کین‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ سالمنڈ نے اسکاٹش عوام پر واضح کیا کہ اٹھارہ ستمبر اسکاٹ لینڈ کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے اور اِس لمحے کو امر کرنے کا اختیار یہاں کی عوام کے پاس ہے، لہذا وہ اپنے اِس اختیار کو باہر نکل کر استعمال کریں۔ جلسے میں لوگ اسکاٹ لینڈ کے جھنڈے کو بھی مسلسل لہرانے کے ساتھ ساتھ ممکنہ قومی ترانے کو گانے سے بھی گریز نہیں کر رہے تھے۔

Alex Salmond Natinalpartei Schottland 15.09,2014
اسکاٹ لینڈ کے قوم پرست رہنما ایلیکس سالمنڈتصویر: Reuters/Russell Cheyne

ریفرنڈم میں آزادی کی مخالفت کی بڑی ریلی گلاسگو میں نکالی گئی اور اِس کی قیادت سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن کر رہے تھے۔ اس ریلی میں خطاب کرتے ہوئے گورڈن براؤن نے اسکاٹش عوام سے اُس حُب الوطنی کے جذبے کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی جو انہوں نے دو عالمی جنگوں کے دوران اختیار کیا تھا۔ سابق برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یورپ میں کوئی بھی قبرستان اسکاٹش فوجیوں کے بغیر نہیں اور وہ تمام گریٹ بریٹن کے لیے لڑے اور مرے تھے۔ براؤن نے اسکاٹش عوام سے کہا کہ وہ اُس جذبے سے آزادی کے ریفرنڈم کو مسترد کر دیں۔ اِس دوران آزادی کے حق میں نکلنے والی بڑی ریلیوں نے مالی منڈیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

بُدھ کے روز رائے عامہ کے کئی جائزے تواتر سے جاری کیے گئے۔ ان کی اوسط رائے یہ ہے کہ اسکاٹش عوام ریفرنڈم کو اڑتالیس فیصد کے مقابلے میں باون فیصد سے مسترد کر دیں گے۔ ایس ٹی وی (اسکاٹش ٹیلی وژن) کے جائزے میں بتایا گیا کہ حق اور مخالفت کا فرق بتدرییج کم ہو رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق رائے عامہ کے جائزوں کے نتیجے حتمی نہیں اور اِن میں غلطی ممکن ہے لیکن جو بھی نتیجہ سامنے آئے گا وہ بہت کم فرق سے ہو گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق خاموش اسکاٹش عوام یقینی طور پر ریفرنڈم میں اہم ہوں گے۔

Schauspieler Alan Cumming
اسکاٹش ریفرنڈم کی مہم میں اداکار، کھلاڑی اور سیاستدان شریک تھےتصویر: picture-alliance/dpa/Stringer

اس اہم رائے شماری سے قبل امريکی صدر باراک اوباما نے بدھ کے روز اپنے ايک بيان ميں برطانيہ پر زور ديا کہ وہ مضبوط اور متحد رہے۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ، امریکا کا ایک غیر معمولی اتحادی ہے اور غیر مستحکم دنیا میں اُس کا کردار اہم ہے۔ اوباما نے امید ظاہر کی وہ متحد اور طاقتور رہے گا۔ اگرچہ واشنگٹن حکام يہ واضح کرتے آئے ہيں کہ ووٹ اسکاٹ لينڈ کے عوام ہی کا فيصلہ ہے تاہم وہ يہ بھی واضح کر چکے ہيں کہ واشنگٹن ايک متحدہ برطانيہ کا خواہاں ہے۔

مبصرین کے خیال میں ریفرنڈم میں آزادی کے حق میں ووٹ ڈالنے کے بعد بھی اسکاٹ لینڈ کو ایک رات میں آزادی نہیں میسر ہو گی کیونکہ بے بہا پیچیدہ معاملات کو حل کرنا بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہو گا۔ مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر لندن حکومت ریفرنڈم ہار گئی تو وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اپنے منصب سے استعفیٰ بھی دے سکتے ہیں۔ کئی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اسکاٹ لینڈ کو اگر آزادی ملتی ہے تو دنیا بھر میں عمومی طور پر اور یورپ میں خاص طور پر اِس کے انتہائی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے ریفرنڈم میں آزادی کے حق میں ووٹ ڈالنا حقیقت میں یورپی ادغام کے عمل کو تارپیڈو کرنے کے مترادف ہو گا۔ یہ امر اہم ہے کہ ہسپانوی علاقہ کتلونیا بھی آزادی کا طلب گار ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید