1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگیرین گراں پری ریکارڈو نے جیت لی

ندیم گِل28 جولائی 2014

ریڈ بُل ٹیم کے ڈینیئل ریکارڈو نے ہنگیرین گراں پری جیت لی ہے۔ فارمولا وَن میں رواں سیزن کے ساتھ ساتھ ان کے کیریئر کی بھی یہ دوسری جیت ہے۔

https://p.dw.com/p/1Cjfk
تصویر: AFP/Getty Images

ریکارڈو نے فیراری ٹیم کے فرنینڈو آلانسو کو پچھاڑتے ہوئے ہنگیرین گراں پری کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ تیسرے نمبر پر لوئیس ہملٹن رہے جبکہ ان ہی کی مرسڈیز ٹیم کے نیکو روزبرگ ان کے پیچھے تھے۔ نیکو روزبرگ نے یہ ریس پول پوزیشن سے شروع کی تھی۔

ریکارڈو نے ریس ختم کی تو آلانسو ان سے پانچ سیکنڈ سے کچھ اوپر وقت کے فاصلے پر تھے جبکہ ہملٹن آلانسو سے 0.632 سیکنڈ مزید پیچھے تھے۔

آسٹریلیا کے ریکارڈو کا یہ چوتھا فارمولا سیزن تھا۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ریس جیتنے کے بعد انہوں نے کہا: ’’ہمیں نئے ٹائر مل گئے تھے لیکن میں جانتا تھا کہ انجام بہت ہی پرجوش رہے گا۔ آخری کے کچھ چکر کاٹنے کے دوران بہت ہی مزا آیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’بلاشبہ آج رات میں جشن مناؤں گا، کچھ روز پارٹی ہو گی اور کچھ دِن کی چھٹی مناؤں گا۔‘‘

Daniel Ricciardo Formel 1 Großer Preis von Ungarn 2014
ریکارڈو کے کیریئر کی یہ دوسری جیت ہےتصویر: picture-alliance/dpa

ریکارڈو نے جون میں پہلی مرتبہ فارمولا وَن ریس جیتی تھی۔ اس وقت انہوں نے مونٹریال میں کینیڈیئن گراں پری جیتی تھی۔ رواں برس ریسز جیتنے والوں میں ریکارڈو واحد ڈرائیور ہیں جن کا تعلق مرسڈیز سے نہیں ہے یوں ان کی اس جیت سے بھی مرسیڈیز کو بالخصوص دھچکا لگا ہے۔

ریس کے دوران مرسیڈیز ٹیم نے ہملٹن سے کہا تھا کہ وہ روزبرگ کو آگے بڑھنے کا موقع دیں۔ اس وقت ریس ختم ہو رہی تھی۔ تاہم ہملٹن نے بعدازاں کہا کہ انہیں ٹیم کے احکامات پر عمل کرنے کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دی تھی کیونکہ ان کے خیال میں اس وقت وہ خود اچھی پوزیشن میں تھے۔

انہوں نے مزید کہا: ’’میں بہت ہی حیرت زدہ رہ گیا، بہت ہی زیادہ کہ ٹیم نے مجھے ایسا کرنے کے لیے کہا۔‘‘

ہملٹن نے کہا کہ روزبرگ اوورٹیک کرنے کے لیے کافی قریب پہنچ گیا تھا لیکن وہ اسے دانستہ آگے بڑھنے کا موقع دیتے ہوئے دیگر ڈرائیوروں کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں دینا چاہتے تھے۔

فارمولا وَن چیمپیئن شپ میں روزبرگ بدستور سرفہرست ہیں۔ انہیں دو سو دو پوائنٹس حاصل ہیں۔ ان کے بعد ہملٹن کا نمبر آتا ہے جن کے پوائنٹس ایک سو اکانوے ہیں۔ ریکارڈو ایک سو اکتیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ٹیموں کی پوزیشن میں مرسڈیز تین سو ترانوے پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ریڈ بُل دو سو انیس کے ساتھ دوسرے اور فیراری ایک سو بیالیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔