1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن گراں پری، روزبرگ کی تاریخی کامیابی

عاطف بلوچ20 جولائی 2014

فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کے سلسلے کا جرمن گراں پری مقابلہ جرمن ڈرائیور نیکو روزبرگ نے جیت لیا ہے۔ اس طرح رواں سیزن کے دوران انہیں اپنے قريب ترين حريف پر چَودہ پوائنٹس کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Cfs4
تصویر: AFP/Getty Images

اتوار کے دن کی ریس میں دوسری پوزیشن ولیمز ٹیم کے فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور والٹیری بوتاس نے حاصل کی جبکہ مرسیڈیز ٹیم میں روزبرگ کے ساتھی برطانوی ڈرائیور لوئيس ہیملٹن تیسرے نمبر پر رہے۔ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے عالمی چیمپئن جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل اس ریس میں چوتھے نمبر پر رہے۔

رواں سیزن کے دوران روزبرگ کی یہ چوتھی کامیابی اس لیے بھی اہم تصور کی جا رہی ہے کیونکہ نہ صرف ابھی گزشتہ ہفتے ہی فیفا ورلڈ کپ 2014 ء میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی بلکہ رواں ماہ ہی روزبرگ نے شادی بھی کی تھی اور انہوں نے مرسیڈیز کے ساتھ نیا کانٹریکٹ سائن بھی کیا تھا۔ جرمن گراں پری میں وہ کوالیفائنگ راؤنڈ سے لے کر حتمی ریس تک غیر متزلزل نظر آئے۔ اس ریس میں انہوں نے پول پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔

Nico Rosberg Großer Preis von Deutschland 20.7.2014
نیکو روزبرگ ایسے پہلے جرمن ڈرائیور بن گئے ہیں جنہوں نے جرمن گراں پری میں کامیابی حاصل کی ہےتصویر: Reuters

روزبرگ کے ساتھی ڈرائیور اور رواں سیزن میں ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے ان کے حقیقی حریف لوئیس ہیملٹن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اگرچہ انہوں نے اس ریس کا آغاز بیسویں پوزیشن سے کیا تھا لیکن وہ دیگر ڈرائیورز کے مقابلے میں انتہائی پراعتماد دِکھائی دیے اور اپنے مداحوں کا دل جیتنے میں کامیاب رہے۔

جرمن گراں پری میں مرسیڈیز ٹیم نے 1954ء کے بعد پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل 1954ء ميں ارجنٹائن کےJuan Manuel Fangio نے مرسیڈیز کے لیے یہ ٹائٹل حاصل کیا تھا اور اب 2014ء ميں روزبرگ نے مرسڈيز کے ليے جرمن گراں پری کا ٹائٹل جيتا ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ روز برگ ایسے پہلے جرمن ڈارئیور بن گئے ہیں، جس نے اپنے ملک میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ یاد رہے کہ جرمن گراں پری پہلی مرتبہ سن 1950 میں منعقد ہوئی تھی اور تب سے اب تک اس ریس میں کوئی بھی جرمن ڈرائیور کامیابی حاصل کرنے سے قاصر رہا تھا۔

ریس کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نیکو روزبرگ نے کہا، ’’یہ زبردست ہے۔ اپنے ہی ملک میں یہ ریس جیت کر میں بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ میری زندگی میں یہ ایک خاص دن رہے گا۔‘‘

رواں سیزن میں اس تازہ کامیابی کے ساتھ روزبرگ کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 190 ہو گئی ہے اور وہ رينکنگ ميں سرفہرست ہيں جبکہ دوسرے نمبر پر برطانوی ڈرائیور ہیلمٹن ہیں، جو 176 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 106 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے ڈینیل ریکارڈو ہیں۔ رواں برس کی نو ریسیں ابھی باقی ہیں۔ اگلی گراں پری آئندہ ہفتے ہنگری میں منعقد کی جائے گی۔