1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی بینکنگ یونین کے خلاف جرمن آئینی عدالت میں مقدمہ

مقبول ملک28 جولائی 2014

یورپی یونین کافی عرصے سے یورو زون پر مشتمل اور زیادہ بہتر مالیاتی کارکردگی کے لیے بینکنگ یونین کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ اب اس مجوزہ یونین کے خلاف جرمنی کی اعلیٰ ترین آئینی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ckpy
تصویر: Reuters

یورپی سیاستدانوں کے مطابق یورپی بینکنگ یونین کا قیام ان کوششوں کا مرکزی حصہ ہے، جن کا مقصد اس براعظم کے مالیاتی نظام کو ہر طرح کے ممکنہ خطرات کے خلاف زیادہ مدافعت کے قابل بنانا ہے۔ لیکن اب جرمنی میں کئی یونیورسٹی پروفیسروں کے ایک گروپ نے جنوبی شہر کارلسروہے کی وفاقی آئینی عدالت میں اس مجوزہ یورپی یونین کے خلاف ایک باقاعدہ آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔

Symbolbild Europäische Bankenunion
تصویر: picture-alliance/dpa

اس آئینی درخواست کے دائر کیے جانے کی پیر 28 جولائی کے روز وفاقی آئینی عدالت نے تصدیق کر دی۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ اس بارے میں کارلسروہے کی عدالت اپنا فیصلہ کب تک سنائے گی۔ تاہم اس حوالے سے یہ بات اہم ہے کہ ماضی میں یورپی یونین کے یورو زون کو قرضوں کے شدید بحران سے نکالنے کے لیے یورپی رہنماؤں نے جن اقدامات کے فیصلے کیے تھے، جرمنی میں ان کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں دائر کردہ مقدمات پر مختلف فیصلے سامنے آنے میں اوسطاﹰ کئی مہینے لگے تھے۔

یورپی یونین میں مجوزہ بینکنگ یونین کے خلاف آئینی درخواست دائر کرنے والے جرمن پروفیسروں کے گروپ کا کہنا ہے کہ ایسی کسی بھی یونین کے لیے اس اٹھائیس ملکی بلاک کے اب تک کے معاہدوں میں کسی بھی طرح کی کوئی قانونی بنیادیں فراہم نہیں کی گئیں۔

جرمن اقتصادی ماہرین کے اس درخواست دہندہ گروپ کے بقول یورپی رہنماؤں کے ارادوں کے برعکس یہ بات غلط ہو گی کہ یورو زون کے بڑے بڑے مالیاتی اداروں سے متعلق یورپی مرکزی بینک ECB کو براہ راست نگرانی کے ایسے اختیارات دے دیے جائیں، جن کے تحت مرکزی بینک کے فیصلوں کو رکن ملکوں کے قومی اداروں کے فیصلوں پر نہ صرف فوقیت حاصل ہو گی بلکہ رکن ریاستیں ان پر عمل درآمد کی پابند بھی ہوں گی۔

جرمن آئینی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے والے پروفیسروں کا یہ گروپ ایک ایسی نئی اتھارٹی قائم کرنے کے منصوبوں کا مخالف ہے، جو مستقبل میں ناکام یورپی بینکوں کو تحلیل کرنے یا ان کی لازمی تشکیل نو کا حکم دے سکنے کی مجاز ہو۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید