1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی حامیوں نے ایرانی ٹی وی کی ویب سائٹس ہیک کر لیں

12 اپریل 2015

سعودی عرب کے حامی ہیکرز نے ایران کے العلم ٹی وی کی سوشل میڈیا ویب سائٹس کو ہیک کر کے وہاں یمن پر سعودی حملوں کی حمایت میں مواد شائع کر دیا۔

https://p.dw.com/p/1F6gm
تصویر: Reuters/Dado Ruvic

عربی زبان کے ایرانی چینل العلم نے الزام عائد کیا ہے کہ اتوار کو کیے جانے والے ’سائبر اٹیک‘ کے پیچھے سعودی حکومت کا ہاتھ ہے۔ اس کی توجیہ پیش کرتے ہوئے چینل کا کہنا تھا کہ اس کی ویب سائٹس یمن پر سعودی قیادت میں کیے جانے والے فضائی حملوں سے متعلق تنقیدی نشریات کی پاداش میں ہیک کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ چھبیس مارچ سے سعودی عرب کی قیادت میں ایک بین الاقوامی عسکری اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کر رہا ہے۔ حوثی باغی دارالحکومت صنعاء اور جنوبی بندرگاہی شہر عدن سمیت ملک کے کئی شہروں پر قابض ہو چکے ہیں۔ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ملکی صدر عبدربہ منصور ہادی سعودی دارالحکومت ریاض میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کا الزام ہے کہ ایران ان حوثی شیعہ باغیوں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔ اس صورت حال کے باعث ریاض اور تہران کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔

ہیکرز نے العلم کی ٹوئٹر ویب سائٹ کو ہیک کر کے اس سماجی رابطہ کاری کی ویب سائٹ پر یہ غلط خبر ٹوئٹ کر دی کہ یمن میں شیعہ حوثی باغیوں کے سربراہ عبدالمالک الحوثی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ چینل کو اس کی تردید شائع کرنا پڑی۔

چینل نے اتوار کے روز اس بارے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ’’العلم کے ٹوئٹر اور یو ٹیوب نیٹ ورک کو آج سعودی عرب نے ہیک کر لیا تھا، جس کے باعث یہ سروسز عارضی طور پر منقطع ہیں۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’’العلم کے سعودی عرب کی جارحیت کے حوالے سے حالیہ چند ہفتوں میں پروفیشنل کام نے ریاض کو مشتعل کر دیا تھا۔‘‘

ہیکرز نے اس چینل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تنبیہ کرتے ہوئے لکھا، ’’سعودی عرب کے بارے میں بات کرتے ہوئے کئی بار سوچ لینا!‘‘ انگریزی زبان میں ایک ٹوئیٹ میں سعودی اتحاد کی جانب اشارتاً کہا گیا ہے کہ یہ ہیکنگ ’ہماری طرف سے ہمارے پائلٹس کے لیے ایک تحفہ ہے‘۔

یو ٹیوب پر ہیکرز کی جانب سے گانے کی ایک ویڈیو نشر کی گئی جو سعودی بادشاہ سلمان کی تعریف میں لکھا گیا ہے۔

العلم ایران کے سرکاری براڈکاسٹر آئی آر آئی بی کے غیر ملکی زبانوں میں پروگرام نشر کرنے والے چینلز میں سے ایک ہے۔

چینل کا اتوار کے روز یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ویب سائٹس کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس نے عارضی طور پر ایک نئے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے علاوہ ایک نیا یو ٹیوب اکاؤنٹ بھی کھول لیا ہے۔

سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے اس ہیکنگ کے بارے میں کوئی رد عمل تاحال سامنے نہیں آیا۔

shs/mm

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید