1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی شام میں نہایت منفی کردار ادا کر رہا ہے: شامی صدر

کشور مصطفیٰ17 اپریل 2015

شامی صدر بشارالاسد نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ شام کے مغربی شہر ادلب پر باغیوں کے غلبے کے پیچھے ترکی کا ہاتھ ہے۔

https://p.dw.com/p/1FAAW
تصویر: Reuters/Sana

بحران زدہ عرب ریاست شام کے صدر بشارالاسد نے جمعے کو سویڈن کے ایک روزنامے کو انٹرویو دیتے ہوئے شام کی خانہ جنگی میں ترکی کے کردار پر کڑی تنقید کی ہے۔ اسد نے خاص طور سے گزشتہ ماہ شہر ادلب پر باغیوں کے قبضے اور اسٹریٹیجک حوالے سے اس اہم شہر پر سے حکومت کے کنٹرول کے خاتمے کا ذمہ دار ترکی کو ٹھہرایا جو شامی صدر کے بقول باغیوں کی حمایت کر رہا ہے۔

ادلب ترکی کی سرحد سے بہت نزدیک واقع ہے۔ گزشتہ چار سال سے جاری شام کی خانہ جنگی میں اب تک شام کے دو صوبائی دارالحکومتوں کو باغی اپنے قبضے میں لے سکے ہیں۔ ادلب ان میں سے ایک ہے۔ اس پر اسلامک گروپوں بشمول القاعدہ کے شامی دھڑے نصرہ فرنٹ کے اتحادیوں نے قبضہ کر لیا ہے۔

IS Fahne Syrien Nusra Front
شامی النصرہ فرنٹ شام کےمغربی علاقے میں سرگرم ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/Malla

شامی صدر کا مزید کہنا تھا، " کوئی بھی جنگ ہو وہ فوج کو ضرور کمزور بنا دیتی ہے، چاہے وہ کتنی ہی مضبوط اور جدید کیوں نہ ہو، ادلب کے دمشق حکومت کے کنٹرول سے نکل جانے کی ایک بنیادی وجہ ترکی سے باغیوں کو ملنے والی حمایت و امداد ہے۔ لاجسٹک، عسکری اور ظاہر ہے کہ مالیاتی امداد جو سعودی عرب اور قطر سے انہیں ملی ہے"۔

اُدھر ترکی کے ایک حکومتی ترجمان نے بشار الاسد کے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ یاد رہے کہ ترکی کا شمار شامی صدر بشار الاسد کے سب سے بڑے دشمن ملک میں ہوتا ہے۔

شام کا تنازعہ دو لاکھ بیس ہزار انسانوں کی ہلاکت کا سبب بن چُکا ہے۔ شامی صدر بشارالاسد ملک کے بیشتر شمال اور مشرقی علاقوں پر سے کنٹرول کھو چُکے ہیں تاہم وہ اپنے اتحادیوں ایران اور لبنانی حذب اللہ کی مدد سے شام کے زیادہ آبادی والے مرکزی مغربی حصوں پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادلب پر باغیوں کے قبضے کے بعد سے حکومتی فورسز کی طرف سے بھاری فضائی حملے جاری ہیں۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق جمعے کو کم از کم 54 فضائی حملے ہوئے ہیں۔

Kommandeure von Al-Nusra-Front in Syrien getötet
ادلیب میں النصرہ فرنٹ کے ٹھکانے پر شامی حکومتی فورسز کی بمباریتصویر: Reuters/Mohamad Bayoush

شام کی صورتحال کی نگرانی کرنے والے گروپ کا کہنا ہے کہ جمعے کو دھماکہ خیز مواد اور کم از کم 17 بیرل بم حملے ہیلی کاپٹروں سے برسائے گئے ہیں تاہم اس بارے میں حکومت کی طرف سے کوئی فوری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

سیرین آبزرویٹیر فار ہیومن رائٹس نے مزید کہا ہے کہ حکومتی فورسز نے جمعے کو ادلب میں القاعدہ کے چوٹی کے دو لیڈروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ دونوں خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے عرب تھے۔

شامی صدر بشار الاسد نے بھی کہا ہے کہ شام کے تنازعے کو مزید پیچیدہ بنانے میں بیرونی مداخلت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔