1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وُڈ کے دیش میں پاکستانی ڈراموں کا چرچا

کشور مصطفیٰ25 فروری 2015

ایک بھارتی ٹیلی وژن چینل نے پاکستانی ڈرامہ سیریل نشر کرنے کا سلسلہ شروع کر کے دونوں پڑوسی مگر روایتی حریف ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے بہت قریب کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Egdc
تصویر: www.zindagitv.in

شمالی بھارتی قصبے ماتھورا کی دیپتی شرما ہر شام ٹھیک آٹھ بجے اپنا ٹیلی وژن آن کر کہ اُس کے آگے یوں بیٹھ جاتی ہے جیسے کہ وہ ٹی وی اسکرین نہیں بلکہ کھڑکی سے جھانک کر پاکستان کا نظارہ کر رہی ہو۔ وہ پاکستان، جس کے ساتھ اُس کے ملک کی تین جنگیں ہو چُکی ہیں اور جسے اُس کے وطن کا روایتی دشمن بھی سمجھا جاتا ہے۔

’زندگی‘ بھارتی شائقین کی ایک نئی امنگ

ہندی تفریحی چینل ’زندگی‘ کا آغاز جون 2014 ء میں ہوا تھا۔ اس چینل پر سارا دن پاکستانی ڈرامہ سیریل نشر کیے جاتے ہیں۔ 55 سالہ شرما اس چینل کی نئی فین ہے۔ شرما اسکول ٹیچر ہے اور اسے پاکستانی ڈراموں میں خواتین کی پوشاک بہت وجیہ اور جاذب نظر لگتی ہے اور اُردو زبان اُسے بہت شائستہ اور اُس کے کانوں کو بہت بھلی لگتی ہے ویسے ہی جیسے بھارت میں ہندی بولی جاتی ہے۔ شرما پاکستانی ڈراموں میں دکھائی جانے والی خاندانی کہانیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ خاص طور سے ایسے ڈرامے جن میں شادیوں کو خراب ہونے سے بچانے اور معاشرے کے طبقاتی اور پُرانی اور نئی نسل کے مابین تصادم سے متعلق موضوعات شرما کی گہری دلچسپی کا باعث ہیں۔

Zindagi 50-50
پاکستانی ڈراموں میں دکھائی جانے والی خاندانی کہانیاں بھارتی شائقین کو بہت دلچسپ لگتی ہیںتصویر: Media Connect

تاریخ کی تلخ حقیقت

بہت سے بھارتی شائقین کے لیے پاکستانی ڈرامے اچنبے کا باعث بھی بنتے ہیں کیونکہ بھارت میں ایک عام رائے یہ پائی جاتی تھی کہ پاکستان میں بننے والے ڈرامے اور فلمیں بھارت کے خلاف پروپیگینڈا کا ایک ذریعہ ہوتے ہیں۔ گپتا پال کہتی ہیں کہ انہیں پاکستانی معاشرے کے بارے میں بالکل آگاہی نہیں تھی۔ پاکستان کے بارے میں ان کا ایک تصور تھا وہ پاکستانی ڈرامے دیکھنے کے بعد کسی حد تک صحیح اور کچھ حد تک غلط بھی ثابت ہوا۔ وہ کہتی ہیں،" میں ان ڈراموں میں بھارت مخالف مواد کی توقع کر رہی تھی۔ مجھے ایسا کچھ نظر نہیں آیا۔ ہو سکتا ہے کہ اس طرح کے ڈراموں کو بھارتی چینل نے نشر کرنے کے لیے نہیں چنا ہو"۔

پاکستانی پنجاب کی سرحد سے قریب 30 کلو میٹر کے فاصلے پر قائم بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر سے تعلق رکھنے والا گورشاران سنگھ اور اُس کی بیوی ستندر کور ہر روز پاکستانی ڈرامہ سیریل دیکھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، " یہ سب کچھ بہت ہی شناسا لگتا ہے" ۔ سنگھ کا کہنا ہے کہ اُس کی فیملی 1947ء میں تقسیم ہند کے بعد بھارت اور پاکستان دو علیحدہ ریاستوں کے قیام کے وقت لاہور سے نقل مکانی کر کے امرتسر آ گئی تھی۔ پارٹیشن خونی واقعات سے بھرپور ہے جس وقت مسلم اکثریت نے پاکستان کا رُخ کیا اور ہندو اور سکھ بھارت چلے گئے اُس وقت بے حساب خون بہا۔ تاریخ کا وہ سیاہ باب دونوں طرف کے عوام کے اذہان میں موجود ہے تب بھی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی، ادبی اور علمی وفود کے تبادلے سے سرحد کے دونوں طرف کے لوگوں کی سوچ میں مثبت تبدیلی رونما ہوئی ہے۔

Screenshot Website Zindagi www.zindagitv.in
پاکستانی ڈرامے نشر کرنے والے بھارتی ٹی وی چینل کو اندرون ملک تنقید کا سامنا بھی ہےتصویر: www.zindagitv.in

کامیابی کی نشانیاں

بھارت میں اب بھی ایک طبقہ ایسا ہے جو اپنے اُن ہم وطنوں سے اتفاق نہیں رکھتا جو پاکستانی ڈرامے بڑے شوق سے دیکھتے ہیں۔ پاکستانی ڈراموں کی شوقین شرما کہتی ہیں، "میرے اکثر رشتہ دار مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں پاکستانی ڈراموں کیوں دیکھتی ہوں؟ کیا بھارتی سیریل معیاری نہیں ہوتے ہیں؟ ایک طرح سے مجھے غدار سمجھا جاتا ہے" ۔

شرما کے مطابق بہت سے بھارتی باشندوں کو پاکستانی ادب، فیشن اور دیگر چیزوں کا پتا ہی نہیں ہے وہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی کرکٹ کو جانتے ہیں۔ بھارتی ٹی وی چینل ’زندگی‘ کی بدولت بھارت کے شہروں، قصبوں، گلی کوچوں اور چھوٹے بڑی مارکیٹس کی دکانوں میں ’ پالاسو پینٹس‘ اور بہت لمبی قمیض والے ڈریسز بکتے نظر آتے ہیں، کیونکہ یہ لباس پاکستانی اداکارائیں پہنتی ہیں۔ کامیابی کی اس سے بڑی نشانی اور کیا ہوگی؟۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں