1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں غیرملکی ڈراموں کے خلاف احتجاج جاری

21 دسمبر 2012

پاکستان کے بعض ٹی وی چینلز پر اردو ڈبنگ کے ساتھ غیر ملکی ڈرامے دکھائے جانے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ یہ احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ غیر ملکی پروگراموں کا پرائم ٹائم پر نشر ہونا مقامی صنعت کے لیے بہت نقصان دہ ہے۔

https://p.dw.com/p/177JV
تصویر: DW/Prabhakar

کچھ عرصہ قبل پاکستان میں ایک ٹی وی چینل کے ذریعے غیر ملکی ڈرامے اردو ڈبنگ کے ساتھ پیش کیے جانا شروع ہوئے۔ ان میں سے ترکی کے ایک مقبول ڈرامے 'عشق ممنوع‘ کو بہت پسند کیا گیا۔ اس کے بعد پاکستان کے بعض معروف ٹی وی چینلز نے مقامی ڈرامے روک کر اردو ڈبنگ کے ساتھ غیر ملکی ڈرامے پرائم ٹائم پر نشر کرنا شروع کر دیے۔ اس پر ڈرامہ پروڈکشن سے وابستہ تفریحی صنعت کے مقامی افراد نے احتجاج شروع کر دیا۔

ARY Digital Pakistanischer Fernsehsender
’ایک وقت میں پاکستانی ٹی وی چینلز پر قریب 35 ڈرامے چلتے ہیں اور صرف چار غیر ملکی ڈرامے نشر ہوتے ہیں‘

ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے یونائیٹڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین راشد خواجہ نے بتایا کہ پاکستان میں ٹی وی چینلز کو اپنے ایئر ٹائم میں سے روزانہ صرف دس فیصد دورانیے تک کے لیے غیر ملکی پروگرام دکھانے کی اجازت ہے۔ راشد خواجہ نے کہا، ’اس حساب سے وہ روزانہ 24 گھنٹوں میں سے صرف دو گھنٹے اور 24 منٹ تک غیر ملکی پروگرام اور ڈرامے دکھا سکتے ہیں۔ پاکستان میں پرائم ٹائم چار گھنٹوں پر محیط ہوتا ہے۔ غیرملکی ڈراموں اور ان کو ملنے والے اشتہارات کے بعد پاکستانی ڈراموں کے لیے صرف آدھ گھنٹہ بچتا ہے۔ اس لیے مقامی ڈرامہ انڈسٹری کو بچانے کے لیے اس قانون کو فوری طور پر تبدیل کیا جانا چاہیے‘۔

Bollywood Film Shanghai
’بھارتی فلموں اور ڈراموں کی وجہ سے معاشرے میں بھارتی رسومات رواج پا رہی ہیں‘تصویر: Getty Images

معروف ڈرامہ نگار اور پروڈیوسر آصف علی پوتا نے بتایا کہ دہشت گردی کے مارے ملک پاکستان میں فلم انڈسٹری پہلے ہی تباہ ہو چکی ہے۔ اگر مقامی چینلز پر غیر ملکی ڈرامے چلا کر مقامی ڈرامہ انڈسٹری کو بھی تباہ کر دیا گیا تو پھر معاشرہ مزید گھٹن کا شکار ہو جائے گا۔ ان کے بقول آج کل جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ میڈیا کے ذریعے لڑی جا رہی ہیں۔ گھر گھر بھارتی فلموں کے دیکھے جانے سے معاشرے میں بھارتی رسومات رواج پا رہی ہیں۔ قم قم کی ساڑھیوں اور ماتھے کی بندیا کے بعد اب بعض لوگ تو نکاح کے موقع پر بچوں کا دل رکھنے کے لیے 'سات پھیروں‘ کی خواہش کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ آصف علی پوتا پوچھتے ہیں کہ یہ کیسا مذاق ہے کہ بھارت میں پاکستانی چینلز دکھائے جانے پر پابندی ہے اور پاکستان میں بھارتی پروگرام دکھائے جا رہے ہیں۔

Pakistan Fernsehen Logo SAMAA TV
’مقامی ڈراموں کا معیار بہتر بنانے کی بجائے دوسروں پر پابندیوں کی بات کرنا نامناسب ہے‘تصویر: APGraphics

پاکستانی ڈراموں کی ممتاز فنکارہ لیلٰی زبیری نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اوریجنل پاکستانی ڈراموں کے بجائے غیرملکی ڈرامے دکھانے سے ملکی ڈرامہ انڈسٹری کو اقتصادی نقصان ہو گا اور اس سے بے روزگاری بھی بڑھے گی۔ ان کے مطابق غیر ملکی ڈرامے نہ تو اردو ڈبنگ کے ساتھ دکھائے جانے چاہییں اور نہ ہی انہیں پرائم ٹائم کے دوران دکھایا جانا چاہیے۔ ان کے بقول پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کو تحفظ دینے کے لیے پرانے غیر ملکی ڈراموں پر ٹیکس عائد کیا جانا چاہیے۔

Kino Karachi Pakistan
پاکستان میں مقامی سینما گھروں میں بھارتی فلمیں دکھانے پر بھی احتجاج کیا جاتا ہےتصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images

معروف ڈرامہ نویس اصغر ندیم سید کی رائے میں اصولی طور پر پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد کا احتجاج جائز تو ہے لیکن یہ بھی دیکھا جانا چاہیے کہ پاکستانی ڈرامے کو برباد کرنے والے بھی تو یہی مقامی لوگ ہیں۔

پاکستان ٹیلی وژن کے ریکارڈ ساز ڈرامے 'افسر بیکار خاص‘ کے مصنف اورمعروف کالم نویس یاسر پیرزادہ نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ احتجاج کرنے والوں کا موقف اصولی، قانونی اور اخلاقی طور پر بہت کمزور ہے۔ ان کے خیال میں اپنے ڈراموں کا معیار بہتر کرنے کے بجائے دوسروں پر پابندیاں لگانے کی بات کرنا مناسب نہیں ہے، ’جب ایک ٹی وی چینل کو دو ڈھائی لاکھ روپے میں ایک معیاری غیر ملکی ڈرامہ ملے گا تو وہ پانچ لاکھ روپے میں ایک غیر معیاری مقامی ڈرامہ کیوں خریدے گا؟‘

یاسر پیرزادہ نے بتایا کہ احتجاج کرنے والوں سے پوچھا جانا چاہیے کہ کیا یہ درست نہیں کہ مقامی ڈرامے بنانے والوں نے پاکستانی ثقافت سے متصادم قابل اعتراض ڈرامے بنائے؟ کیا ملک کے چار بڑے پروڈکشن ہاؤسز نے تمام اہم اداکاروں کی بکنگ کر کے انڈسٹری کو یرغمال نہیں بنا رکھا اور کیا انہوں نے اپنے ناجائز ہتھکنڈوں سے نئے پروڈیوسروں کے لیے انڈسٹری کے دروازے عملی طور پر بند نہیں کر دیے؟

یاسر پیرزادہ کے بقول ایک وقت میں پاکستانی ٹی وی چینلز پر قریب 35 ڈرامے چلتے ہیں اور صرف چار غیر ملکی ڈرامے نشر ہونے سے انڈسٹری بند کیسے ہو جائے گی؟

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: مقبول ملک