1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آخر ایسا بھی کیا؟ دو تازہ خربوزے گیارہ ہزار یورو میں نیلام

امجد علی22 مئی 2015

جاپان میں ویسے تو دیگر پھل بھی بہت مہنگے ہیں لیکن یُوباری خربوزوں کی تو کیا ہی بات ہے۔ وہاں ایک تازہ نیلامی میں ایسے دو خربوزے ایک اعشاریہ پانچ ملین ین (بارہ ہزار چار سو ڈالر یا گیارہ ہزار یورو) میں فروخت ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/1FU9c
Japan Versteigerung Yubari Melonen
ایک مقامی جاپانی ہول سیل ڈیلر بڑے فخر کے ساتھ خربوزوں کا وہ جوڑا دکھا رہا ہے، جو اُس نے سب سے زیادہ بولی لگا کر خریدا ہےتصویر: Getty Images/AFP/Jiji Press

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ٹوکیو سے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ اعلیٰ قسم کے خربوزوں کا یہ جوڑا جاپان کے شمالی علاقے ہکائیڈو کی ساپورو سینٹرل ہول سیل مارکیٹ میں نیلام ہوا۔ جمعہ بائیس مئی کو ہونے والی اس سالانہ نیلامی میں ایک اعشاریہ پانچ ملین ین کی سب سے بڑی بولی ایک مقامی ہول سیل ڈیلر نے لگائی تھی۔

خربوزوں کی اس جوڑی کے لیے دی جانے والی یہ رقم اتنی بڑی ہے کہ اس میں جاپان میں ایک نئی کار خریدی جا سکتی ہے تاہم اے ایف پی کا کہنا ہے کہ یہ بولی اس لگژری پھل کے لیے گزشتہ سال لگائی جانے والی دو اعشاریہ پانچ ملین ین کی بولی سے بہرحال کم رہی۔

جاپان میں کسی پھل کا سیزن شروع ہونے پر اس طرح سے پھلوں کی بھاری قیمت لگانا ایک روایت ہے، جوخریدار کے وقار اور مرتبے کی خواہش کو ظاہر کرتی ہے۔

جاپان میں یُوباری خربوزے ایک اسٹیٹس سمبل یعنی وقار اور مرتبے کی علامت تصور کیے جاتے ہیں، بالکل ویسے ہی، جیسے مغربی ملکوں میں انگوروں کی کوئی اعلیٰ قسم کی شراب۔ بہت سے لوگ اس طرح کے پھل اپنے دوست احباب کے لیے تحفے کے طور پر خریدتے ہیں۔

Japan Versteigerung Yubari Melonen
یُوباری خربوزوں کا وہ جوڑا، جس کے لیے اتنی بڑی رقم ادا کی گئی، یُوباری جزیرے ہکائیڈو کا ایک شہر ہے، جو اپنے میٹھے اور رَس بھرے خربوزوں کے لیے شہرت رکھتا ہےتصویر: Getty Images/AFP

یُوباری جاپانی جزیرے ہکائیڈو کا ایک شہر ہے، جو اپنے میٹھے اور رَس بھرے خربوزوں کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ یُوباری کے عمدہ قسم کے خربوزے ایک مکمل دائرے کی مانند گول ہوتے ہیں اور اُن کی بالائی سطح ہموار اور یکساں نمونوں کی حامل ہوتی ہے۔ فروخت کرتے وقت خربوزے کے اوپر انگریزی حرف ٹی کی شکل کی دو شاخیں چھوڑ دی جاتی ہیں اور انہیں ایک آرائشی ڈبے میں بند کر کے فروخت کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

اگرچہ نیلامی میں ان خربوزوں کے لیے دی جانے والی بولی بہت زیادہ ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ جاپان میں دیگر پھل بھی بہت مہنگے بکتے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاپان کی کسی سُپر مارکیٹ میں آپ کو ایک سیب کے لیے تین ڈالر سے زیادہ رقم بھی ادا کرنا پڑ سکتی ہے جبکہ بیس چیریز کے ایک خوبصورت پیکٹ کی قیمت ایک سو ڈالر سے زیادہ تک بھی ہو سکتی ہے۔