1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی کا سوٹ چار کروڑ تیس لاکھ میں فروخت

امتیاز احمد20 فروری 2015

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا مشہور اور متازعہ سوٹ تینتالیس ملین روپے میں فروخت کر دیا گیا ہے جو انہوں نے امریکی صدر سے ملاقات کے وقت پہن رکھا تھا۔ اس سوٹ پر باریک لائنوں کی صورت میں نریندر مودی کا نام لکھا ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/1EfGY
Narendra Modi Anzug Auktion bandhgala
تصویر: Getty Images

جمعے کے روز یہ سوٹ نیلامی کے ذریعے بیچا گیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو بھارت کے آلودہ ترین دریاؤں میں سے ایک گنگا کی صفائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ہندو قوم پرست رہنما نریندر مودی کا یہ سوٹ تین روزہ نمائش میں رکھا گیا تھا۔ اس نمائش میں نریندر مودی کو ملنے والے وہ چار سو تحائف بھی نیلامی کے لیے رکھے گئے تھے، جو انہیں وزیراعظم بننے پر دیے گئے تھے۔

اس ایونٹ کا انعقاد سرکاری حکام کی طرف سے سورت شہر میں کیا گیا تھا، یہ بھارتی شہر ہیروں کی کٹائی اور پالش کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور مودی کی آبائی ریاست گجرات میں واقع ہے۔ بھارت کے مشہور ٹیلی وژن این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ سوٹ تقریباﹰ دس لاکھ بھارتی رپوں میں تیار کیا گیا تھا اور اب اسے ہیروں کا کاروبار کرنے والے تاجر لال جی بھائی پاٹل نے خریدا ہے۔ پاٹل کا کہنا تھا، ’’ہم اس سوٹ کو اپنے دفتر میں رکھیں گے، یہ ہمیں یاد دہانی کروائے گا کہ ہم نے ایک عظیم مقصد میں حصہ لیا تھا۔‘‘

ناقدین اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے سوٹ کی نیلامی کو ’’نقصان کی تلافی کرنے کی مشق‘‘ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا دریا کی صفائی سے کچھ لینا دینا نہیں۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم مودی کے اس سوٹ کو مخالفین اور سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ عوام بھوکے مر رہے ہیں اور وزیر اعظم نے انتہائی مہنگا سوٹ پہن رکھا ہے۔ اسے خودپسندی یا پھر نرگسیت کی انتہا قرار دیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ سوٹ بھارتی وزیراعظم کے مداح اور تاجر رامیش کمار کی طرف سے انہیں تحفے کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ مودی نے جنوری میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملتے وقت یہ سوٹ پہن رکھا تھا۔