1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے ٹور: ICC کا اپنے ایمپائر پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ

امجد علی17 مئی 2015

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان عنقریب کھیلی جانے والی سیریز کے لیے اپنے غیر جانبدار ایمپائر نہیں بھیجے گی۔ آئی سی سی نے پاکستان کو اجازت دی ہے کہ وہ اپنے ایمپائر مقرر کر سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FR0s
Zimbabwe Cricket Board
پاکستانی شہر لاہور میں واقع قذافی اسٹیڈیم میں ہی پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دونوں ٹی ٹوئنٹی اور تین وَن ڈے میچ کھیلے جائیں گےتصویر: DW/T. Saeed

کرکٹ کی اس گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آئی سی سی کے سلامتی کے امور سے متعلقہ مشیر کی رپورٹ ملنے کے بعد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اس بیان میں کہا گیا ہے:’’آئی سی سی نے آج پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) اور زیڈ سی (زمبابوے کرکٹ) کو مطلع کیا ہے کہ وہ عنقریب مجوزہ کرکٹ سیریز کے لیے اپنے حکام کو پاکستان نہیں بھیج رہی۔ یہ فیصلہ اپنے سکیورٹی کنسلٹنٹ کی رپورٹ ملنے پر کیا گیا ہے۔‘‘

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکتسان کرکٹ بورڈ نے اے ایف پی کے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اب یہ بورڈ خود ایمپائر مقرر کرے گا اور ممکن ہے کہ ایک ایمپائر زمبابوے سے بھی لیا جائے۔

Zimbabwe Cricket Board
حال ہی میں زمبابوے کرکٹ کے کچھ عہدیداروں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا تھا اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھاتصویر: DW/T. Saeed

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کے روز یہ دعویٰ کیا تھا کہ زمبابوے کرکٹ کی جانب سے یہ یقین دہانی کروا دی گئی ہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم یہ دورہ ضرور کرے گی۔ روئٹرز کے مطابق زمبابوے کی جانب سے ابھی بھی یہ کہا جا رہا ہے کہ اس دورے کے موضوع پر ابھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم منگل اُنیس مئی کو علی الصبح پاکستان پہنچ رہی ہے۔ اس دورے کے دوران بائیس اور چوبیس مئی کو دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی جبکہ چھبیس، اُنتیس اور اکتیس مئی کو تین وَن ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ تمام میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

آئی سی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ اگرچہ وہ سلامتی کی وجوہات کی بناء پر اپنے میچ حکام اس کرکٹ سیریز کے لیے پاکستان نہیں بھیج رہی لیکن یہ یقین دلاتی ہے کہ اس دوران ہونے والے تمام میچوں کو ’سرکاری حیثیت‘ حاصل ہو گی۔

Cricket World Cup 2015 Zimbabwe gegen Vereinigte Arabischen Emirate
اس سال فروری میں زمبابوے کے کھلاڑی Tinashe Panyangara ورلڈ کپ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے گیند کرا رہے ہیںتصویر: imago/Action Plus

واضح رہے کہ کراچی میں ایک بس پر ہونے والے اُس دہشت گردانہ حملے کے بعد، جس میں پنتالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے، زمبابوے نے جمعرات کو پاکستان کا دورہ ملتوی کر دیا تھا لیکن چوبیس ہی گھنٹے بعد پھر یقین دہانی کرائی تھی کہ ٹیم ضرور پاکستان آئے گی۔

ہفتہ سولہ مئی سے ٹکٹ فروخت ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ میچوں کے دوران حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں نے بھی اپنی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ ان میچوں کے دوران زمبابوے کے کھلاڑیوں کی حفاظت پر چھ ہزار پولیس اہلکار مامور کیے گئے ہیں۔

ڈیوڈ واٹمور نے، جو ماضی میں پاکستان کے کوچ رہ چکے ہیں اور آج کل زمبابوے کے کوچ ہیں، اتوار سترہ مئی کو اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں یہ عندیہ دیا ہے کہ ٹیم پاکستان کے دورے پر روانہ ہونے والی ہے:’’حریف ٹیم کے کوچ کے طور پر پاکستان واپسی اور دوستوں کے ساتھ پھر سے ملاقات کا منتظر ہوں۔ زمبابوے کی ٹیم جیت کے لیے سخت محنت کر رہی ہےاور کرتی رہے گی۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید