1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں زیر علاج ایبولا کے مریض کی حالت ابتر

شامل شمس5 اکتوبر 2014

امریکی ریاست ٹیکساس میں زیر علاج ایبولا کے مریض کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ یہ بات ہفتے کے روز ہسپتال کی انتظامیہ نے بتائی۔ تھومس ڈنکن نامی اس شخص کو اس موذی مرض نے افریقی ملک لائبیریا میں نشانہ بنایا تھا۔

https://p.dw.com/p/1DPvt
USA Ebola Texas Health Presbyterian Hospital in Dallas
تصویر: Reuters/Mike Stone

دوسری جانب مغربی افریقی ممالک سے ایبولا کے جن دو مریضوں کا علاج جرمنی اور فرانس میں کیا جا رہا ہے وہ صحت یاب ہو گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ایبولا وائرس اب تک تین ہزار سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار چکا ہے جن میں زیادہ تر کا تعلق افریقی ممالک سے ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکی حکومت کی وزرات صحت نے ایبولا کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی تھی۔ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ متاثرہ شخص کو تنہائی میں رکھا گیا تھا۔

دوسری جانب امریکی محکمہء دفاع نے اعلان کیا ہے کہ امریکا مغربی افریقہ میں ایبولا سے نمٹنے کے لیے تین کے بجائے چار ہزار فوجی بھیجے گا۔ گزشتہ روز جرمنی کی جانب سے بھی پہلی طبی کھیپ لائبیریا پہنچا دی گئی تھی۔ امریکی کانگریس نے صدر اوباما کی انتظامیہ کو ایبولا کے خلاف واضح لائحہ عمل طے کرنے کے لیے چند ہفتوں کی مہلت دی ہے۔ صدر اوباما کی جانب سے اس موذی وبا سے نمٹنے کے طریقہء کار کے اعلان کے بعد کانگریس کے ارکان اس حوالے سے فنڈز کی منظوری دیں گے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اس جان لیوا وائرس ایبولا کا بھرپور ذکر کیا تھا۔ امریکی صدر نے عالمی برادری سے اپیل کی تھی کہ وہ اس بیماری کے تدارک کے لیے وسیع پیمانے پر کوششیں کرے۔

ایبولا وائرس سے مغربی افریقی ممالک سِرا لیون، گِنی اور لائبیریا میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور خطے کا دورہ کرنے والے متعدد امریکیوں کے بھی ایبولا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ مغربی افریقہ میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے چار امریکی امدادی کارکن ایبولا کا شکار ہو گئے تھے اور اٹلانٹا اور نیبراسکا کے ہسپتالوں میں ان افراد کا علاج خصوصی وارڈز میں جاری ہے۔ اسی طرح ایک امریکی ڈاکٹر پر بھی شبہ ہے کہ سرا لیون میں کام کرتے ہوئے وہ اس وائرس میں مبتلا ہو گیا ہے اور وہ بھی انہی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید