1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت ایٹمی جنگ کے اثرات عالمگیر ہو سکتے ہیں

25 اپریل 2012

ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ ہوئی تو اس سے دنیا کے ایک ارب سے زائد انسان متاثر ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/14kRr
تصویر: dapd

منگل کو سامنے آنے والی یہ رپورٹ ’انٹرنیشنل فیزیشنز فار دا پریوینشن آف نیوکلیئر وار‘ نامی ادارے نے شائع کی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ جنگ علاقے تک بھی محدود رہی تب بھی اس کے عالمگیر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اس کی وجہ رپورٹ میں یہ بتائی گئی ہے کہ اس طرح کی جنگ دنیا کے ماحول پر بہت بری طرح اثر انداز ہو گی اور چین، امریکا اور دیگر ملکوں میں خوراک کی پیداوار بھی بہت کم ہو جائے گی۔

رپورٹ کے مصنف ڈاکٹر ایرا ہیلفینڈ کا اس بابت کہنا ہے، ’’جوہری قحط سالی کے بارے میں خدشات ہمیں مجبور کرتے ہیں کہ ہم جوہری ہتھیاروں کے بارے میں اپنی سوچ تبدیل کریں۔ نئے شواہد بتاتے ہیں کہ نسبتاً چھوٹے پیمانے پر جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کے درمیان جوہری تنازعہ بھی دنیا کے ماحول اور ایکو سسٹم کو بری طرح نقصان پہنچا سکتا ہے۔‘‘

Hirten Nomaden Land Mongolei Grasland Ziegen
چین، امریکا اور دیگر ملکوں میں خوراک کی پیداوار بھی بہت کم ہو جائے گی، رپورٹتصویر: Reuters

ڈاکٹر ایرا ہیلفینڈ کا کہنا ہے کہ جوہری جنگ سے نہ صرف یہ کہ کروڑوں کی تعداد میں غیر ضروری ہلاکتیں ہوں گی بلکہ یہ انسانی نسل کے خاتمے اور جدید تہذیب کے مٹ جانے کا بھی سبب بن سکتی ہے۔

یہ رپورٹ ’کلائمیٹ چینج‘ یا ماحولیاتی تبدیلی نامی جریدے میں بھی شائع ہوگی جس کو شکاگو میں ہونے والی ’ورلڈ سمٹ آف نوبل لاریئٹس‘ میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی ایٹمی ہتھیار رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد تنازعات بھی موجود ہیں اور یہ ممالک آپس میں کئی جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔

رپورٹ میں خوراک کی پیداوار کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ جوہری جنگ کی صورت میں امریکا تک میں مکئی کی پیداوار ایک دہائی تک دس فیصد کی اوسط سے گرتی رہے گی، جس میں سب سے زیادہ اضافہ جوہری جنگ کے پانچ سال پورے ہونے کے بعد آ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین میں چاول کی پیداوار جنگ کے چار سال تک اکیس فیصد جب کہ اس کے بعد کے چھ برسوں میں دس فید اوسط سے گرتی جائے گی۔ اس کا نتیجہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے اور بین الاقوامی سطح پر خوراک کے حوالے سے ایک افراتفری کی صورت میں نکل سکتا ہے۔

(ss/at (AFP

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید