1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یہ دکھ بھلایا نہ جائے گا

عدنان اسحاق17 اپریل 2015

انتہائی جذباتی اور رقت انگیز انداز میں جرمن ونگز طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو یاد کیا گیا۔ اس تقریب میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور صدر یوآخم گاؤک بھی شریک تھے۔

https://p.dw.com/p/1FA8B
تصویر: Getty Images/S. Schuermann

جرمن شہر کولون کے مشہور ترین کلیسا میں آج 17 اپریل کو منعقد ہونے والی اِس مرکزی تقریب میں چودہ سو افراد شریک ہوئے۔ اِن میں اِس فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے پانچ سو سے زائد لواحقین بھی شامل تھے۔ جرمن صدر یوآخم گاؤک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ حادثہ ایک بہت شدیدغم اپنے پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ یوآخم گاؤک کے بقول، ’’اِس حادثے نے کچھ ایسے زخم دیے ہیں، جنہیں اِس دنیا میں تو بھرا نہیں جا سکتا‘‘۔

24 مارچ کو جرمن قومی ایئر لائن لفتھانزا کی ذیلی فضائی کمپنی جرمن ونگز کا A-320 طرز کا ایک طیارہ پہاڑی سلسلے ایلپس کے فرانسیسی حصے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ہسپانوی شہر بارسلونا سے جرمن شہر ڈسلڈورف آنے والے اِس جہاز میں عملے سمیت ڈیڑھ سو افراد سوار تھے۔

Deutschland Trauerfeier für Germanwings-Opfer im Kölner Dom
تصویر: Reuters/S. Schuermann

ہلاک ہونے والوں میں ایک جرمن اسکول کے 16 بچے اور اُن کے دو اساتذہ اور 50 ہسپانوی شہری بھی تھے۔ اِس حادثے کی ذمہ داری معاون پائلٹ آندریاز لُوبِٹس پر عائد کی جا رہی ہے، جس نے دانستہ طور پر طیارے کو پہاڑوں سے جا ٹکرایا تھا۔

صدر یوآخم گاؤک نے مزید کہا کہ حادثے کے بعد منظر عام پر آنے والی تفصیلات نے درد اور غم میں اور بھی اضافہ کر دیا:’’ایک شخص نے اتنے سارے دیگر افراد کو اپنے ساتھ موت کے منہ میں دھکیلا، حالانکہ موت کا انتخاب اُس نے صرف اپنے لیے کیا تھا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ غم اور تکلیف کو کم کرنے کے لیے الفاظ کافی نہیں ہیں: ’’اِس موقع پر اتنے سارے لوگوں کی موجودگی شاید ہم سب کے درد میں کمی کا باعث بنے۔‘‘

تقریب کے دوران اِس حادثے میں ہلاک ہونے والے ہر شخص کے لیے ایک ایک موم بتی روشن کی گئی تھی۔ اس موقع پر چانسلر انگیلا میرکل کے علاوہ صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی وزیر اعلی ہانالورے کرافٹ بھی موجود تھیں۔ فرانس اور اسپین کے حکومتی نمائندے بھی اس تقریب میں شرکت کرنے کے لیے خصوصی طور پر کولون آئے تھے۔

اس یادگاری تقریب کی صدارت کولون کے آرج بشپ کارڈینل رائنر ماریا وؤلکی اور صوبے کے پروٹسٹنٹ چرچ کی سربراہ انیٹے کرسشاؤ نے کی۔ اس سے قبل جرمنی، فرانس اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے 13 اپریل کو بارسلونا کے ہوائی اڈے پر منعقد ہونے والی ایک یادگاری تقریب میں شرکت کی تھی۔