1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونیسکو کی نئی عالمی آن لائن لائبریری

عاطف توقیر28 نومبر 2014

یونیسکو نےانٹرنیٹ صارفین کے لیے ورلڈ لائبریری آف سائنس کا آغاز کر دیا ہے، جسے صارفین مفت استعمال کر سکیں گے۔ اس آن لائن لائبریری کے ذریعے طالب علم جدید ترین سائنسی معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/1DwO9
تصویر: www.nature.com

یونیسکو کی جانب سے شروع کی گئی ورلڈ لائبریری آف سائنس یا ڈبلیو ایل او ایس کے ذریعے دنیا بھر میں سائنسی موضوعات پر ہونے والی جدید ترین تحقیق، مطالعے اور سائنسی جریدے موجود ہوں گے اور یہ لائبریری سائنس دانوں کے درمیان رابطے کے ایک ذریعے کا کام دے گی۔

اس لائبریری کے اہم مقاصد میں ترقی پذیر ممالک میں طلبہ کو مطالعے کے مساوی مواقع فراہم کرنا، تدریس کے معیار کو بڑھانا اور کھلے تعلیمی ذرائع کو فروغ دینا شامل ہیں۔ اس لائبریری میں اس کے آغاز پر سائنسی جرائد میں شائع ہونے والے تین سو سے زائد مضامین، 25 ای بکس اور 70 سے زائد ویڈیوز رکھی گئی ہیں جب کہ اس ویب پورٹل کی مدد سے طلبہ کلاسیں لینے کے ساتھ ساتھ گروپ بنا کر دیگر طلبہ اور اساتذہ سے رابطہ بھی کر سکتے ہیں۔

Symbolbild Unesco Logo und die arabische Welt
یونیسکو کا کام دنیا بھر کی ثقافتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہےتصویر: AP Graphics/DW

یونیسکو کی اس ورلڈ لائبریری آف سائنس کے اجرا میں نیچر ایجوکیشن اور روخے نے تعاون کیا ہے۔ یونیسکو کے مطابق اس لائبریری کے ذریعے ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کے طلبہ کو یہ موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ جدید سائنسی تحقیقی مقالوں تک رسائی کے ساتھ ساتھ دیگر طلبہ اور سائنس دانوں کے ساتھ اپنے تجربات بانٹیں اور سائنسی علوم میں ان سے صلاح مشورے اور مباحثے کریں۔

اس آن لائن لائبریری کا آغاز ورلڈ سائنس ڈے فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ 2014 کے موقع پر کیا گیا۔ اس لائبریری میں سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والے سائنسی مقالے بھی رکھے گئے ہیں۔

یونیسکو کے مطابق انتہائی اعلیٰ معیار کے اس تعلیمی مواد کو دنیا بھر کے طلبہ تک مفت پہنچانے کا مقصد جغرافیائی اور اقتصادی سطحوں سے بالاتر ہو کر طلبہ میں سائنسی فکر، مشاہدات، تحقیق اور مطالعے کا فروغ ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس اور ثقافت کا قیام دوسری عالمی جنگ کے بعد سن 1945 میں عمل میں آیا تھا۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے انسانوں اور ثقافتوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہوئے انہیں ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔

یونیسکو دنیا بھر میں ثقافتوں کی بقا اور ترویج کے لیے علم کی اہمیت کی بنیاد پر کام کرتا ہے اور اس ادارے کے مطابق یہ آن لائبریری جہاں ایک طرف طلبہ اور سائنس دانوں کے درمیان باہمی رابطے کا کام دے گی، وہیں دنیا کی مختلف ثقافتوں سے وابستہ افراد کے درمیان فکری بحث کے فروغ سے انہیں ایک دوسرے کے قریب لانے کا باعث بھی بنے گی۔