1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین میں شامل رہنے پر ریفرنڈم ہو گا، ملکہ برطانیہ

افسر اعوان27 مئی 2015

برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم نے کہا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا علیحدگی سے متعلق ریفرنڈم2017ء کے اختتام سے قبل کرایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے برطانوی ارکان پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

https://p.dw.com/p/1FXMx
تصویر: Reuters/S. Plunkett

برطانوی پارلیمانی روایت کے مطابق برطانوی بادشاہت کی وارث ملکہ الزبتھ نے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی نئی حکومت کے منصوبے کو آج 27 مئی بدھ کے روز ارکان پارلیمان کے سامنے پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ نئی لندن حکومت برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات پر دوبارہ گفت و شنید کرے گی۔

ملکہ کے بقول نئی برطانوی حکومت تمام رکن ریاستوں کے مفاد کی خاطر یورپی یونین میں اصلاحات پر زور دیتی رہے گی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ملکہ کی طرف سے یورپی یونین میں شامل رہنے سے متعلق ریفرنڈم کی بات ایک ایسے موقع پر کہی گئی ہے جب ایک بار پھر وزیر اعظم بننے والے ڈیوڈ کیمرون پر اس حوالے سے دباؤ تھا کہ ریفرنڈم کے انعقاد کے لیے وقت کا تعین کیا جائے اور اس بات کی وضاحت کی جائے کہ وہ یورپی یونین میں کس طرح کی تبدیلیوں کے خواہاں ہیں۔

ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کو ترجیح دیں گے کہ اصلاحات شدہ یورپی یونین میں شامل رہا جائے تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ’کسی بھی امکان کو رد‘ نہیں کر سکتے۔ سات مئی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ایک بار پھر منتخب ہونے والے کیمرون کے انتخابی وعدوں میں یہ بات بھی شامل تھی کہ وہ برطانوی عوام کو اس بات کا موقع دیں گے کہ وہ ووٹنگ کے ذریعے برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا اس سے نکلنے کا فیصلہ کر سکیں۔ مزید یہ کہ اس سے قبل اس یورپی بلاک کے ساتھ تعلقات پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔

’’میری حکومت تمام رکن ریاستوں کی بہتری کی خاطر اس یونین میں اصلاحات پر زور دیتی رہے گی۔‘‘
’’میری حکومت تمام رکن ریاستوں کی بہتری کی خاطر اس یونین میں اصلاحات پر زور دیتی رہے گی۔‘‘تصویر: Reuters/A. Grant

برطانوی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے 89 سالہ ملکہ الزبتھ کا کہنا تھا، ’’میری حکومت یورپی یونین کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرے گی اور تمام رکن ریاستوں کی بہتری کی خاطر اس یونین میں اصلاحات پر زور دیتی رہے گی۔‘‘

ملکہ کے لیے یہ تقریر ڈیوڈ کیمرون کی قدامت پسند حکومت کی جانب سے لکھی گئی تھی۔ ملکہ کا مزید کہنا تھا، ’’اس کے ساتھ ساتھ 2017ء کے اختتام سے قبل ہی یورپی یونین میں شامل رہنے یا اسے چھوڑنے کے سوال پر ریفرنڈم کے لیے ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔‘‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ قانون پارلیمان میں جمعرات کے روز پیش کیا جائے گا جب کیمرون یورپ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ یورپی یونین میں اصلاحات کے سوال پر اپنے یورپی پارٹنرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔