1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی سائنسدانوں نے ’مطُلِق صفر‘ کے قریب ترین درجہ حرارت حاصل کر لیا

افسر اعوان24 اکتوبر 2014

ایک اطالوی تجربہ گاہ میں سائنسدانوں نے تانبے کے ایک مکعب میٹر کے ایک سیلنڈر کو مطلق صفر یا ’ایبسولوٹ زیرو‘ درجہ حرارت کے قریب ترین ٹھنڈا کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Db2r
تصویر: INFN Gran Sasso National Laboratories

اٹلی کے نیشنل نیوکلیئر فزکس انسٹیٹیوٹ INFN کی طرف سے بتایا گیا کہ اس حد تک کم درجہ حرارت تک کسی جسم کو ٹھنڈا کرنے کا یہ عالمی ریکارڈ ہے۔

INFN کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’ٹھنڈا کیا گیا تانبے کا ٹکڑا، 15 دنوں تک کائنات کا یہ سرد ترین مکعب میٹر تھا‘‘۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’یہ اس سائز کے کسی جسم کو مطلق صفر کے قریب ترین درجہ حرارت تک ٹھنڈا کرنے کے حوالے سے اولین تجربہ ہے۔‘‘

ایک کیوبک میٹر یا 35 کیوبک فٹ حجم کے اس تانبے کا وزن 400 کلوگرام تھا۔ اس ٹکڑے کو منفی 273.144 ڈگری سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔ فارن ہائیٹ اسکیل پر یہ درجہ حرارت منفی 459.66 ڈگری بنتا ہے۔

Bildergalerie ESA Projekt 3013
تصویر: ESA/Medialab

ایبسولُوٹ زیرو یا ’مطلق صفر‘ درجہ حرارت کو کائنات کا کم ترین درجہ حرارت مانا جاتا ہے۔ سینٹی گریڈز میں یہ درجہ حرارت منفی 273.15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جسے کیلوِن اسکیل پر صفر درجہ مانا جاتا ہے۔ کیلون اسکیل کو 19 ویں صدی کے ایک انجینیئر اور ماہر طبیعات ولیم تھامسن فرسٹ بیرن کیلون کی وجہ سے یہ نام دیا گیا ہے جنہوں نے پہلی بار اس درجہ حرارت کی درست قدر معلوم کی تھی۔ ان کا تعلق آئر لینڈ سے تھا۔

یہ تجربہ اٹلی کے مرکزی حصے میں قائم پارٹیکل فزکس کی لیبارٹری ’کرایوجینک انڈرگراؤنڈ آبزرویٹری فار ریئر ایونٹس‘ (COURE) میں کیا گیا۔ اس تجربے میں اٹلی کے علاوہ امریکا، چین، اسپین اور فرانس کے سائنسدان شامل تھے۔

INFN کے بیان کے مطابق، ’’تانبے کے اس مکعب کو ایک کنٹینر میں رکھا گیا جسے کرایوسٹیٹ cryostat کہا جاتا ہے۔ یہ کنٹینر دنیا بھر اپنی نوعیت کا واحد کنٹینر ہے جو نہ صرف اپنے سائز بلکہ انتہائی درجہ حرارت اور ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت بلکہ ریڈیو ایکٹیویٹی کے بہت کم درجے کے باعث منفرد حیثیت رکھتا ہے۔‘‘

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’دنیا بھر میں اس حجم اور وزن کے جسم کو اس کم حد تک ٹھنڈا کرنے کا تجربہ کہیں اور نہیں کیا گیا۔ اور اس طرح کی صورتحال قدرتی طور پر بھی کہیں اور موجود ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔‘‘

COURE اٹلی کے گران ساسو نامی پہاڑ پر واقع ہے جو درالحکومت روم سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔