1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم جنس پرست ایلٹن جان نے ڈیوڈ فرنش سے شادی کر لی

عدنان اسحاق22 دسمبر 2014

عالمی شہرت یافتہ گلوکار و موسیقار ایلٹن جان نے اپنے دیرینہ دوست ڈیوڈ فرنش سے شادی کر لی ہے۔ ان دونوں نے اپنی سول پارٹنر شپ کی نویں سالگرہ کے موقع پر اس بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔

https://p.dw.com/p/1E8OE
تصویر: instagram.com/eltonjohn

انگلینڈ میں ہم جنس پرستوں کو باقاعدہ شادی کی اجازت دیے جانے کے بعد ایلٹن جان اور ڈیوڈ فرنش نےسول پارٹنر شپ کے اپنے ساتھ کو ازدواجی رشتے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اتوار کے روز اس جوڑے نے انسٹاگرام پر وہ تصویر پوسٹ کی، جس میں دونوں شادی کی دستاویز پر دستخط کر رہے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ تحریر تھا، ’’ معاشرتی لوازمات پورے ہو گئے ہیں اور اب جشن منانے کا وقت ہے۔‘‘ برطانیہ میں اسی سال کے آغاز سے ہم جنس پرستوں کو شادی کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ان دونوں کی وجہ سے برطانیہ سمیت دیگر معاشروں میں ہم جنس پرستی کے حوالے سے شدید بحث ومباحثے بھی ہوتے رہے ہیں۔ ایلٹن جان ایک طویل عرصے سے ہم جنس پرست افراد کے حقوق کے لیے سرگرم رہے ہیں۔

Elton John und Lebenspartner David Furnish ARCHIV 2005
ایلٹن جان (دائیں طرف) گزشتہ بیس برسوں سے ڈیوڈ فرنش کے ساتھ ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Hevezi

ایلٹن گزشتہ بیس برسوں سے ڈیوڈ فرنش کے ساتھ ہیں۔ ایلٹن جان کی عمر 67 برس ہے جبکہ ان کے جیون ساتھی فرنش عمر میں ان سے 15 سال چھوٹے ہیں۔ فرنش کا تعلق کینیڈا سے ہے اور وہ ایک فلمساز ہیں۔

1976ء میں ایلٹن جان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ دونوں جنسوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ 1984ء میں انہوں نے جرمنی سے تعلق رکھنے والی اپنی گرل فرینڈ ریناٹے بلاؤئل سے شادی کی۔ 1988ء میں رولنگ اسٹون گروپ سے تعلق رکھنے والے اس موسیقار نے کہا کہ وہ ہم جنس پرست ہیں۔

ایلٹن جان نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ وہ ایک روک اور پاپ موسیقار ہیں۔ ان کی یادگار ترین پرفارمنس لیڈی ڈیانا کے لیے منقعد کی جانے والی سوگوار تقریب میں ان کا گیت England's rose تھا۔ یہ گیت انہوں نے خصوصی طور پر اپنی دوست ڈیانا کے لیے ترتیب دیا تھا۔

ایلٹن جان اور ڈیوڈ فرنش کے دو بیٹے ہیں اور ان کی عمریں چار اور دو سال ہیں۔ یہ دونوں ایک امریکی خاتون کی مدد یعنی ’سیروگیسی‘ سے پیدا ہوئے ہیں۔

شادی کی تقریب میں یہ دونوں بچے ہی سب سے آگے آگے دکھائی دیے۔ جوڑے کی خواہش کے مطابق شادی کی تقریب کا اہتمام انتہائی محدود پیمانے پر کیاگیا تھا اور صرف مخصوص افراد کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔