1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ھیپیٹائٹس سی کا نہایت مؤثر اور قیمتی علاج

کشور مصطفیٰ15 جنوری 2015

ھییپاٹائٹس سی کے خلاف تیار کی جانے والی مؤثر ادویات ہسپانوی حکومت کے لیے مشکل کی وجہ بن گئی ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ ان ادویات کی قیمتیں اتنی زیادہ ہیں کہ حکومت ڈاکٹروں کو مریضوں کے لیے اس کا نسخہ لکھنے سے روکے ہوئے ہے۔

https://p.dw.com/p/1ELHW
تصویر: SP-PIC - Fotolia.com

اس حکومتی اقدام کے خلاف مظاہرے کرتے ہوئے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ ان باشندوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ھیپاٹائٹس سی کی موذی بیماری کے خلاف تیار کی جانے والی ادویات کو ہر خاص و عام مریض کے لیے مہیا کرے۔ اسپین کے عوامی صحت سے متعلق بجٹ میں کٹوتی کے سرکاری پروگرام کے تحت یہ ممکن نہیں کیونکہ یہ ادویات بہت زیادہ مہنگی ہیں۔

میڈرڈ اور اسپین کے دیگر علاقوں میں ہونے والے مظاہروں کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ جگر کی بیماری ھیپاٹائٹس سی کے خلاف نئے طریقہ علاج سے کسی بھی مریض کو محروم دیکھنا نہیں چاہتے۔ جس کسی کو بھی اس کی ضرورت ہے، حکومت اُسے یہ ادویات فراہم کرے۔

یورپی ملک اسپین کی طرح فرانس اور امریکا میں بھی ھیپاٹائٹس کے خلاف تیار کی جانے والی جدید اور مؤثر ادویات کی فراہمی کا موضوع زیر بحث ہے کیونکہ ان ممالک میں بھی پبلک ہیلتھ بجٹ، کڑی پابندیوں اور رکاوٹوں کا سبب ہے۔

Syphilis Erkrankte
ھییپاٹائٹس سی کا علاج نہ ہونے کی صورت میں مریض کی موت واقع ہو سکتی ہےتصویر: AP

’’مزید ایک بھی موت برداشت نہیں کریں گے‘‘، میڈرڈ کی سڑکوں پر احتجاج کرنے والے یہ نعرہ لگا رہے تھے۔ اس مظاہرے کا انعقاد ’ھیپاٹائٹس سی کے شکار افراد کے لیے قائم پلیٹ فارم‘ کی ایماء پر ہوا۔ اس کے سرکردہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسپین میں اس موذی بیماری کے شکار کم از کم 12 افراد ہر روز لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

جگر کی خرابی سے متعلق بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی نیشنل فیڈریشن کے لیڈر آنٹونیو برنل کے اندازوں کے مطابق اُن کے ملک یعنی اسپین میں ھیپاٹائٹس سی کے وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد قریب 9 لاکھ ہے۔ ان مریضوں میں اس بیماری کی تشخیص، عارضے کے جنم لینے کے کئی سال بعد تک بھی نہیں ہو پاتی۔ دریں اثناء ہسپانوی حکام نے کہا ہے کہ اسپین میں 50 ہزار مریضوں میں ھیپاٹائٹس سی کا عارضہ پوری طرح جنم لے چُکا ہے لیکن 2015ء میں اس بیماری کا جدید علاج محض 6000 مریضوں کو میسر ہوگا۔

Hepatitis C
ھییپاٹائٹس سی کا وائرستصویر: Quelle: Aventis Pasteur MSD GmbH

مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ ھیپاٹائٹس سی کے خلاف نئی ادویات جن میں Sofosbuvir جیسی دوا بھی شامل ہے اس بیماری کی پرانی ادویات کے مقابلے میں دوگنا فائدہ مند یا مؤثر ہیں۔ مگر اس کی قیمت بہت زیادہ ہے یعنی اس دوا کی مدد سے ایک مریض کے تین ماہ تک ہونے والے علاج پر 50 ہزار یورو کا خرچ آتا ہے۔

میڈرڈ میں حکومت کی صحت کی پالیسی اور بچتی اصلاحات کے خلاف احتجاج کرنے والے 48 سالہ میگول اینگل فرنانڈس کے بقول، ’’ھیپاٹائٹس سی کے مریضوں کے علاج پر آنے والے اخراجات اُس سے بہت کم ہیں جو حکومت اسپین کے بینکوں کے بیل آؤٹ پر کر رہی ہے یعنی 41 بلین یورو۔‘‘

افسر اعوان