1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گُپٹل کی ڈبل سنچری، نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا

عاطف بلوچ21 مارچ 2015

عالمی کپ کرکٹ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں اوپنر مارٹن گُپٹل کی ڈبل سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے مات دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1EuuT
تصویر: Getty Images/S. Botterill

ہفتے کے دن ویلنگٹن میں کھیلے گئے اس آخری کوارٹر میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز بنائے۔ اس اننگز کی خاص بات مارٹن گُپٹل کے 237 رنز کی ناقابل شکست اننگز رہی۔ انہوں نے عالمی کپ مقابلوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا ریکارڈ گیارہ چھکوں اور چوبیس چوکوں کی مدد سے بنایا۔ راس ٹیلر بیالیس رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹیلر نے تین جبکہ رسل نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی تمام ٹیم 31 ویں اوور میں 250 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے نمایاں بلے باز کرس گیل رہے، جنہوں نے 61 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرنٹ بولٹ نے چار جبکہ ڈینیئل ویٹوری اور ٹم ساؤتھی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میککلم نے گُپٹل کی اننگز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’ شاندار، انتہائی شاندار۔ میں اس اننگز کو تمام زندگی نہیں بھول سکوں گا۔ میرے خیال میں شاید ایک روزہ میچوں کی تاریخ کی یہ ایک بہترین اننگز ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ گُپٹل کی اس اننگز کے بعد وہ بہترین ٹیم ہونے کا تصور واضح کرنا چاہتے تھے اور بولنگ سمیت فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے انہوں نے اپنے مقصد کو حاصل کر لیا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی مارلون سیموئیلز نے میچ کی تیسری گیند پر ہی گُپٹل کا کیچ ڈراپ کر دیا تھا، جس کا خمیازہ تمام ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو بھگتنا پڑا۔ ناکام ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ گُپٹل نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی دکھائی ہے، ’’کریز پر موجود ایک سیٹ بلے باز انتہائی خطرناک ہوتا ہے لیکن ہمارے بولرز اچھی یارکرز کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔‘‘

گُپٹل نے کہا کہ وہ اپنی اننگز سے انتہائی مطمئن ہیں اور وہ خوش قمست رہے کہ آخری دس اوورز میں وہ اسٹروکس کھیلنے میں کامیاب رہے، ’’ جب میں نے سنچری بنائی تو میں نے سوچا کہ مجھے اب کچھ باؤنڈریز لگانی چاہییں۔ آؤٹ فیلڈ انتہائی تیز تھی اور ایسے گراؤنڈز پر اچھے اسٹروکس کو اس کی قدر ملتی ہے۔‘‘

اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ تصور کی جانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم اب عالمی کپ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے مد مقابل آئے گی۔ یہ میچ چوبیس مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں چھبیس مارچ کو سڈنی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پروگرام کے مطابق فائنل میچ انتیس مارچ کو میلبورن کے میدان میں کھیلا جائے گا۔

World Cup Cricket 2015 Neuseeland vs Sri Lanka
نیوزی لینڈ اب عالمی کپ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے مد مقابل آئے گیتصویر: Reuters/A. Phelps