1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گردے کی پُراسرار بیماری ہزاروں کی موت کا سبب

کشور مصطفیٰ16 جنوری 2015

سری لنکا میں گردے کی ایک پُراسرار بیماری گزشتہ 20 برسوں کے دوران 20 ہزار انسانوں کی جان لے چُکی ہے۔ اس عارضے کے سبب ہلاک ہونے والے اکثر مریضوں کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1ELbP
تصویر: picture alliance/AP Photo/Jayawardena

ماہرین کے اندازوں کے مطابق سری لنکا میں گردے کی اس مہلک بیماری کا شکار ستر ہزار سے چار لاکھ کے قریب باشندے ہوئے ہیں۔

صبح سویرے کا وقت ہے سینکڑوں افراد برگڈ کے ایک درخت کے سائے کے نیچے قطار لگائے کھڑے ہیں۔ یہ اپنے خون کا معائنہ کروانا چاہتے ہیں۔ تاہم محض تین نرسیں ان کا بلڈ ٹیسٹ کرنے کے لیے مودجود ہیں۔ گرد و غبار سے اٹے ہوئے اس ہیلتھ سینٹر کے باہر بھی بڑی تعداد میں سری لنکا کے باشندے اپنے بنیادی طبی معائنے کرانے کے لیے جمع ہیں جہاں ان لوگوں کا بلڈ پریشر وغیر چیک کیا جا رہا ہے اور یہ اپنے پیشاب کے نمونے لیے اپنی باری آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

ایک دیہات کے قریب ان ایک ہزار افراد میں سے زیادہ تر چلچلاتی دھوپ میں کئی گھنٹوں کی مسافت پیدل طے کر کے یہاں تک پہنچیں ہیں۔ یہ سب اس لیے یہاں نہیں پہنچے کہ وہ خود کو علیل محسوس کر رہے ہیں بلکہ انہیں گُردے کی اُس پُر اسرار بیماری کا خوف ہے جس کا شکار ہو کر چاول کی پیداوار والے علاقے کے ہزاروں کسان ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس عجیب و غریب بیماری سے سب سے زیادہ متاثرہ دیہات میں ہر ماہ کم از کم دس افراد کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور کسی کو پتہ نہیں کہ یہ اموات کیوں واقع ہو رہی ہیں۔

Mysteriöse Nieren-Krankheit in Sri Lanka
یہ بیماری شمال وسطی صوبے کے سات اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے چُکی ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/Jayawardena

اس ہیلتھ مرکز کے باہر کھڑا ایک 47 سالہ کلیانی ساماراسنگھے کہہ رہا ہے، " محض آٹوپسی کے ذریعے کسی خاص شخص کی ہلاکت کی وجہ کا پتہ چلتا ہے۔" سامارا سنگھے کے بقول جب بھی کسی کے پیٹ یا کہیں اور درد ہوتا ہے تو وہ خوفزدہ ہو جاتا ہے کہ کہیں یہ گردے کا درد تو نہیں؟

یہ بیماری سری لنکا کے دو قصبوں سے پھیلنا شروع ہوئی اور اب یہ شمال وسطی صوبے کے سات اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے چُکی ہے۔ اس علاقے میں 60 اور 70 کے عشرے میں جدید تکنیک متعارف ہونے کے بعد کاشتکاری کا عمل مکمل طور پر تبدیل کر دیا گیا تھا۔ ملک کے کسی اور حصے میں گردے کی اس پبراسرار بیماری کا کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم اس بارے میں اب تک کی جانے والی تحقیق اس بیماری کی وجہ کا پتہ لگانے میں ناکام رہی ہے۔

Mysteriöse Nieren-Krankheit in Sri Lanka
گندا پانی، پیسٹیسائیڈز یا کیڑے مار ادویات کا بہت زیادہ استعمال بھی گردے کی اس موذی بیماری کا سبب بن سکتی ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/Jayawardena

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ گندا پانی، پیسٹیسائیڈز یا کیڑے مار ادویات کا بہت زیادہ استعمال اور کھاد یا فرٹیلائزر اس موذی بیماری کی وجہ بن رہا ہے جب کہ یہ خیال بھی کیا جا رہا کہ غالباً غذا کی خرابی، بھاری دھات کا استعمال یا زہریلی کائی سے گردے کی یہ بیماری جنم لیتی ہے۔ متاثرہ گاؤں کے مکینوں کو جھیل کی مچھلی اور المونیم کے بنے ہوئے کھانا پکانے کے برتنوں کو ترک کرنے کی تاکید کی گئی ہے ساتھ ہی سب سے زیادہ زور گھر کی بنی ہوئی الکوحل کے استعمال سے پرہیز پر دیا جا رہا ہے تاہم کسی کو بھی اب تک اس پُراسرار بیماری کی حقیقی وجہ کا علم نہیں ہو سکا ہے۔