1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کپتان نے کپتان کی دھنائی کر دی‘

عدنان اسحاق27 فروری 2015

جنوبی افریقہ نے عالمی کرکٹ کپ کے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز کو چاروں شانوں چت کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی میچ کے دوران جنوبی افریقی کپتان ڈیویلیئرز کی فراٹے دار بیٹنگ کو تماشائیوں کی طرح دیکھتے رہے۔

https://p.dw.com/p/1EilO
تصویر: picture-alliance/dpa/Richard Wainwright

کرکٹ کے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کی متلون مزاج کارگردی کا سلسلہ اس مرتبہ بھی جاری رہا۔ پاکستان کو 150 رنز سے شکست دینے، زمبابوے کے خلاف 73 رنز سے کامیابی اور ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل کی 215 رنز کی شاندار اننگز کے چند ہی روز بعد یہی ٹیم جنوبی افریقہ کے لیے تر نوالہ ثابت ہوئی۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں مکمل طور پر ناکام ہوئی اور اس طرح ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز (257) کے فرق سے شکست کھانے کا ٹرینیڈاڈ کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ 2007ء میں بھارت نے ٹرینیڈاڈ کو رنز کے اتنے ہی بڑے فرق سے ہرایا تھا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے 15 اوورز میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر پچاس رنز بنائے تھے اور ویسٹ انڈیز کے کپتان ہولڈر نے اپنے پہلے پانچ اوورز میں ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے صرف نو رنز دیے تھے۔ تاہم جنوبی افریقہ نے اس موقع پر کھیل کا پانسہ اپنے حق میں اس طرح پلٹا کہ ویسٹ انڈین کھلاڑی ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہ گئے۔

اس میچ میں جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز نےصرف 66 گیندوں پر 162 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے محض 52 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، جو اب تک عالمی کپ کی دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ آئرلینڈ کے کیون او برائن نے2011ء میں بنگلور میں انگلینڈ کے خلاف 50 گیندوں پر اپنے سو رنز مکمل کیے تھے۔ کریز پر ڈیویلیئرز کے پہنچنے کے بعد ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ کھیل اب صرف ان کے کنٹرول میں ہے اور وہ جہاں، جب اور جیسے چاہیں کسی بھی بال کو پیٹ سکتے ہیں۔

Westindische Inseln Sport Cricket Chris Gayle
تصویر: AP

ایک وقت میں اپنے پہلے پانچ اوورز میں صرف نو رنز دینے والے ہولڈر کا بال پر ’ہولڈ‘ ہی ختم ہو گیا تھا اور جب ان کے دس اوورز مکمل ہوئے تو وہ 104 رنز دے چکے تھے۔ ہولڈر کے آخری دو اوورز میں 64 رنز بنے اور اس طرح ڈیویلیئرز ایک روزہ میچوں میں تیز ترین 150 رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

جوابی اننگز میں ہولڈر کے علاوہ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی جنوبی افریقی بالرز کا مقابلہ نہ کرسکا۔

جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے408 رنز کرکٹ کے عالمی کپ کی تاریخ میں کسی ایک اننگز کا اب تک کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2007ء کے عالمی کپ میں بھارت نے ٹرینیڈاڈ کے خلاف 413 رنز بنا کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

جمعے کے روز سڈنی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 151رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح اسے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 257 رنز سے شکست ہوئی۔

عالمی کپ میں اب تک مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے بنائے ہیں۔ وہ 258 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر 217 رنز کے ساتھ جنوبی افریقی کپتان ڈیویلیئرز ہیں۔ ان کے بعد تیسرا نمبر بھارتی اوپنر شیکھر دھون کا ہے اور انہوں نے اب تک 210 رنز بنائے ہیں۔

اسی طرح بولنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹِم ساؤتھی اب تک ورلڈ کپ میں گیارہ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے بعد جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد عمران طاہر نو وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے جیریمون ٹیلر بھی اب تک نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔