1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوک سٹوڈیو: نیا سیزن، نئے گیت

تنویر شہزاد، لاہور22 ستمبر 2014

پاکستان میں مشروبات بنانے والی ایک معروف تجارتی کمپنی کے مالی تعاون سے پیش کیے جانے والے موسیقی کے مقبول ترین پروگرام کوک سٹوڈیو کا ساتوں سیزن اکیس ستمبر سے شروع ہو چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/1D5ee
ساتویں سیزن میں پہلی مرتبہ پاکستان کی لیجنڈ گلوگارہ عابدہ پروین ایک اور مایہ ناز گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی
ساتویں سیزن میں پہلی مرتبہ پاکستان کی لیجنڈ گلوگارہ عابدہ پروین ایک اور مایہ ناز گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گیتصویر: Coke Studio

اس سیزن میں 23 گلوگار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 22 موسیقاروں کے تیار کردہ 28 گیت دنیا بھر کے شائقین موسیقی کے لیے مختلف ٹی وی چینلز کے علاوہ انٹرنیٹ پر بھی بلا معاوضہ دستیاب ہوں گے۔ کوک سٹوڈیو کے ساتویں سیزن میں شامل فنکاروں میں عابدہ پروین، عباس علی خان، فریحہ پرویز، حمیرا چنہ، جواد احمد، جاوید بشیر، جمی خان،کومل رضوی، میشا شفیع، مومن درانی، نصیر شہاب، نیازی برادران، راحت فتح علی خان، سجاد علی، صنم سعید، عثمان ریاض، استاد رئیس خان، استاد طافو خان اور زوہیب حسن بھی شامل ہیں۔

کوک سٹوڈیو کے ساتویں سیزن کے پروگراموں میں قوالی، راک موسیقی، لوک گیت، پاپ میوزک اور صوفیانہ کلام کے علاوہ پاکستانی موسیقی کے پرانے مقبول گیت اور فیوژن پر مبنی گیت بھی شامل ہیں۔

گلوکار ابرار الحق بھی کوک سٹوڈیو کے ساتویں سیزن میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں میں شامل ہیں
گلوکار ابرار الحق بھی کوک سٹوڈیو کے ساتویں سیزن میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں میں شامل ہیںتصویر: Coke Studio

ساتویں ایڈیشن کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ پچھلے سیزنوں کی طرح اس بار کوک سٹوڈیو معروف میوزیکل بینڈ وائیٹل سائنز کے روحیل حیات پیش نہیں کر رہے بلکہ اس مرتبہ اس پروگرام کی پروڈکشن سٹرنگز نامی معروف میوزیل بینڈ کے روح رواں بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا کے ذمے ہے۔ ساتویں سیزن میں پہلی مرتبہ پاکستان کے دو لیجنڈ گلوگار عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان مل کر ایک گیت پیش کر رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ یہ سب سے زیادہ متاثر کن پیشکش ہو گی۔ ہر گیت میں سننے والوں کو نئے بینڈ ممبر اور نئی آوازیں سننے کو ملیں گی۔

کوک سٹوڈیو کے تصور کو حقیقت کا روپ دینے والوں میں ایک بڑا نام فہد قادر نامی ایک نوجوان کا بھی ہے، جو کوکا کولا کمپنی کے پاکستان اور افغانستان ریجن کے تعلقات عامہ کے شعبے کے سربراہ ہیں۔

ڈی ڈبلیو سے ایک خصوصی ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ ’سات سال پہلے ہم نے پاکستان میں موسیقی کے سنہری دور کے گیتوں کو واپس لانے کے جذبے کے ساتھ کوک سٹوڈیو کو محض پاکستانی موسیقی کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر شروع کیا تھا اور اس وقت ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ آئیڈیا اتنا ہٹ ہو گا‘۔

فہد قادر کوکا کولا کمپنی کے پاکستان اور افغانستان ریجن کے تعلقات عامہ کے شعبے کے سربراہ ہیں
فہد قادر، کوکا کولا پاکستان اور افغانستان ریجن کے شعبہٴ تعلقات عامہ کے سربراہتصویر: Coke Studio

وقت کے ساتھ ساتھ کوک سٹوڈیو کے فیس بک فینز کی تعداد پینتیس لاکھ سے بھی زیادہ ہو چکی ہے جبکہ کوک سٹوڈیو کے یو ٹیوب کے آفیشیل پیج کو ملنے والی ہٹس کی تعداد ایک سو بارہ ملین تک پہنچ چکی ہے۔ فہد قادر کے مطابق کوک سٹوڈیو کو دنیا کے ڈیڑھ سو سے زائد ملکوں میں دیکھا جاتا ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانیوں کے اس قابل فخر پروگرام کو سب سے زیادہ یورپ میں دیکھا جاتا ہے۔ ناظرین کی تعداد کے حوالے سے بھارت دوسرے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ فہد قادر کہتے ہیں کہ پاکستان سے شروع کیا جانے والا یہ پروگرام اب بھارت، مشرق وُسطٰی اور افریقی ملکوں تک بھی پہنچ چکا ہے۔

فہد قادر کا کہنا تھا کہ اگرچہ کوک سٹوڈیو کی وجہ سے کمپنی کے ریونیو اور سیلز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس پروگرام کو صرف مارکیٹنگ کے مقاصد کے لیے نہیں چلا رہے بلکہ اُن کا مقصد پاکستان کے ٹیلنٹ کو سامنے لا کر یہاں موسیقی کا ایک ایسا اثاثہ تشکیل دینا ہے جس پر پاکستانی فخر کر سکیں اور لطف اٹھا سکیں:’’ہم پاکستان کے دور دراز کے علاقوں سے گمنام فنکاروں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر سامنے لا رہے ہیں اور کئی گلوکاروں کو ہم نئی شناخت دینے کا باعث بھی بنے ہیں، مثال کے طور پر علی ظفر نے کوک کے تیسرے سیزن میں جب اللہ ہو والا کلام گایا تو اس سے اس کی ایک نئی شناخت سامنے آئی۔‘‘

اس بار کوک سٹوڈیو کی پروڈکشن سٹرنگز نامی معروف میوزیل بینڈ کے روح رواں بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا کے ذمے ہے
اس بار کوک سٹوڈیو کی پروڈکشن سٹرنگز نامی معروف میوزیل بینڈ کے روح رواں بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا کے ذمے ہےتصویر: CokeStudio

فہد قادر کہتے ہیں کہ کوک سٹوڈیو کے ساتویں سیزن کا تھیم "ساؤنڈز آف نیشن" رکھا گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے گیتوں کی تیاری میں ٹارگٹڈ آڈیئنس نہیں بلکہ قوم کے ہر فرد کی دلچسپی کا خیال رکھا گیا ہے۔

پاکستان کے ایک مشہور موسیقار استاد طافو سات سو سے زائد فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دے چکے ہیں۔ ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچانے والا نغمہ "سن وے بلوری اکھ والیا" بھی کوک سٹوڈیو کے ساتویں سیزن میں شامل ہے۔ استاد طافو نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ زمانے کے بدلتے حالات میں انہیں کوک سٹوڈیو میں شامل ہونا اچھا لگا ہے۔

پاکستان کے معروف فنکار طفیل نیازی کے صاحبزادے جاوید نیازی اور بابر نیازی پچھلے تیس برسوں سے دیسی سازوں کے ساتھ فوک کلام گا رہے تھے۔ ان کے لیے بھی موسیقی کے جدید ترین آلات کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کرنا خوشگوار حیرت کا باعث بنا۔ نیازی برادران پہلی مرتبہ کوک سٹوڈیو میں حصہ لے رہے ہیں۔

ساتویں سیزن کے گانے انٹرنیٹ پر عالمی شائقین موسیقی کے لیے بھی دستیاب ہوں گے
ساتویں سیزن کے گانے انٹرنیٹ پر عالمی شائقین موسیقی کے لیے بھی دستیاب ہوں گےتصویر: CokeStudio

بابر نیازی سے ہم نے پوچھا کہ ان کا کونسا گانا کوک سٹوڈیو میں آ رہا ہے تو جواب میں انہوں نے "میں نہیں جانا کھیڑیاں دے نال" گنگنا دیا۔ اسی سوال کے جواب میں جاوید نیازی نے بتایا کہ وہ اپنے والد طفیل نیازی کا سب سے زیادہ گایا ہوا گیت "لائی بے قدراں نال یاری تے ٹٹ گئی تڑک کر کے" کوک سٹوڈیو میں پیش کر رہے ہیں۔

گلوکار ابرارلحق نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ کوک سٹوڈیو پاکستان میں عمدہ موسیقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

کوک سٹوڈیو کے اٹھائیس نغمات کو سات قسطوں میں مختلف ٹی وی چینلوں پر پیش کیا جائے گا جبکہ ساتھ ساتھ یہ گانے انٹرنیٹ پر عالمی شائقین موسیقی کے لیے بھی دستیاب ہوں گے۔

کوک سٹوڈیو کو باضابطہ لانچ کرنے کے لیے اس مرتبہ لاہور میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کوکا کولا کمپنی نے اس بار بھی کوک سٹوڈیو کی ڈی وی ڈیز کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم فلاحی اداروں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔