1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنزیومر الیکٹرونکس کی سب سے بڑی یورپی نمائش

افسر اعوان2 ستمبر 2014

جرمن دارالحکومت برلن میں پانچ اگست سے کنزیومر الیکٹرانکس کی نمائش IFA کا آغاز ہو رہا ہے۔ الیکٹرانکس کے حوالے سے یورپ کی یہ سب سے بڑی نمائش 10 ستمبر تک جاری رہے گی۔

https://p.dw.com/p/1D5J4

دلچسپ بات یہ ہے کہ معروف امریکی کمپنی ایپل اس نمائش میں شریک نہیں ہو رہی تاہم اس کی طرف سے اس نمائش کے دنوں کے دوران ہی اپنا نیا آئی فون یعنی آئی فون سِکس متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔ الیکٹرانکس انڈسٹری پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق IFA کے دوران الیکٹرانکس کی دنیا کے بڑے نام اسمارٹ فونز سمیت اپنی جدید ترین مصنوعات متعارف کرائیں گے جس سے ایپل کے آئی فون کے حوالے سے عوامی دلچسپی متاثر ہو سکتی ہے۔

سام سنگ اور ایل جی گزشتہ ہفتے ہی اپنی اپنی بازو پر باندھی جانے والی ڈیوائسز کا اعلان کر چکے ہیں
سام سنگ اور ایل جی گزشتہ ہفتے ہی اپنی اپنی بازو پر باندھی جانے والی ڈیوائسز کا اعلان کر چکے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ایپل کمپنی اپنی نئی مصنوعات باقاعدہ طور پر متعارف کرائے جانے سے قبل ان کی تفصیلات کو خفیہ رکھنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے۔ تاہم اس کمپنی کی طرف سے ای میل کے ذریعے اپنے نو ستمبر کو ہونے والے ایک ایونٹ کے لیے دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ تاہم اس بارے میں افواہیں پہلے سے ہی گردش کر رہی ہیں کہ ایپل اپنے اس ایونٹ کے دوران اپنا آئی فون سِکس متعارف کرائے گا جس کی اسکرین کا سائز پہلے کے مقابلے میں کہیں بڑا ہو گا۔

تاہم ایک مارکیٹ ریسرچ کمپنی IHS سے تعلق رکھنے والے اینالِسٹ ایان فوگ Ian Fogg کا کہنا ہے موبائل فون بنانے والی کمپنیاں رواں برس کی IFA برلن نمائش کے دوران گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑی تعداد میں اپنی مصنوعات عوام کے سامنے پیش کرنے والی ہیں۔ کیونکہ یہ کمپنیاں چاہتی ہیں کہ ایپل کی طرف دنیا بھر کی توجہ منقتل ہونے سے قبل ہی وہ اپنی اہم مصنوعات صارفین سے متعارف کرا دیں۔

بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ایپل کی طرف سے آئی فون سِکس کے علاوہ آئی واچ متعارف کرانے کی توقع بھی ہے۔ بازو پر باندھی جانے والی یہ ڈیوائس آئی فون اور آئی پیڈ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

جاپانی کمپنی سونی بھی IFA برلن کے دوران اپنا نیا اسمارٹ فون ایکسپیریا زیڈ تھری متعارف کرائے گی
جاپانی کمپنی سونی بھی IFA برلن کے دوران اپنا نیا اسمارٹ فون ایکسپیریا زیڈ تھری متعارف کرائے گیتصویر: picture-alliance/dpa

تاہم جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی ایپل کی سب سے بڑی حریف کمپنی سام سنگ کی طرف سے بہت جلد ہی اپنے بڑے سائز کے اسمارٹ فون ’گلیکسی نوٹ فور‘ کو متعارف کرائے جانے کی توقع ہے تاکہ یہ کمپنی اسمارٹ فونز کے حوالے سے اپنی نمبر ایک پوزیشن کو برقرار رکھ سکے۔

جاپانی کمپنی سونی بھی IFA برلن کے دوران اپنا نیا اسمارٹ فون ایکسپیریا زیڈ تھری Xperia Z3 جبکہ موٹرولا کی طرف سے بھی نیا ماڈل پیش کیا جائے گا۔ ایپل کی طرف سے آئی واچ متعارف کرائے جانے کی افواہوں کے بعد سام سنگ اور ایل جی گزشتہ ہفتے ہی اپنی اپنی بازو پر باندھی جانے والی ڈیوائسز کا اعلان کر چکے ہیں۔

کنزیومر الیکٹرانکس کی نمائش IFA میں دنیا بھر سے 1500 سے زائد کمپنیاں شریک ہو رہی ہیں۔ پانچ ستمبر سے 10 ستمبر کے دوران امید کی جا رہی ہے کہ پانچ لاکھ سے زائد افراد اس نمائش کو دیکھنے کے لیے پہنچیں گے۔