1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنزیومر الیکٹرانک شو، جدید ٹیلی وژن مرکز نگاہ

افسر اعوان6 جنوری 2015

لاس ویگاس میں دنیا کا سب سے بڑا الیکٹرانک کنزیومر شو شروع ہو چکا ہے۔ اس شو میں بے شمار مصنوعات پیش کی گئی ہیں مگر جدید ترین ٹیکنالوجی اور حقیقت کے قریب ترین تصاویر دکھانے والے ٹیلی وژن خصوصی توجہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EFgO
تصویر: AFP/Getty Images/R. Beck

انٹر ایکٹیو اور 4K یا الٹرا ہائی ڈیفینیش ٹیکنالوجی کے حامل ان ٹیلی وژن کی قیمت میں بھی اب خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک مارکیٹ ریسرچ کمپنی ریٹیکل ریسرچ پرنسپل سے وابستہ تجزیہ کار راس روبن کا خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’4K ٹیلی وژن پچھلے کئی سالوں سے دستیاب ہیں، لیکن یہ سال یقیناﹰ اب اس ٹیکنالوجی کا ثابت ہو رہا ہے جس کی ایک وجہ ان کی قیمتیں لوگوں کی قوت خرید میں آنا ہیں۔‘‘

روبن کے مطابق کنزیومر الیکٹرانک شو کے دوران 4K ٹیلی وژن سب سے زیادہ توجہ حاصل کیے رہیں گے جس کی ایک وجہ بعض جانی پہچانی کمپنیوں کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کے حامل ٹیلی وژن سیٹوں کی قیمت ایک ہزار امریکی ڈالرز سے بھی کم کر دی گئی ہے۔

روبن مزید کہتے ہیں کہ اب جبکہ قیمتیں کم ہو رہی ہیں تو جیسے جیسے لوگوں کے پاس 4K ٹیلی وژن سیٹس کی تعداد بڑھے گی، اس ٹیکنالوجی کی حامل ٹیلی وژن براڈکاسٹ میں بھی اضافہ ہو گا۔

انٹر ایکٹیو اور 4K یا الٹرا ہائی ڈیفینیش ٹیکنالوجی کے حامل ان ٹیلی وژن کی قیمت میں بھی اب خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے
انٹر ایکٹیو اور 4K یا الٹرا ہائی ڈیفینیش ٹیکنالوجی کے حامل ان ٹیلی وژن کی قیمت میں بھی اب خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہےتصویر: Reuters/Fabrizio Bensch

کنزیومر الیکٹرانک مارکیٹ پر نگاہ رکھنے والی کمپنیوں کے مطابق سال 2013ء کے دوران ’لٹرا ہائی ڈیفینیشن‘ ٹیلی وژن سیٹس کی فروخت ایک ملین سے بھی کم رہی تھی جبکہ سال 2014ء کے دوران اس کے 9.3 ملین یونٹس فروخت ہوئے۔ رواں برس یعنی 2015ء کے حوالے سے قائم کیے گئے اندازوں کے مطابق ایسے 23.3 ملین ٹیلی وژن یونٹس کی فروخت متوقع ہے۔

کنزیومر الیکٹرانکس کی معروف جنوبی کوریائی کمپنی ایل جی نے اپنے 4K ٹیلی وژن گزشتہ برس کنزیومر الیکٹرانک شو CES میں متعارف کرائے تھے۔ رواں برس اس کمپنی نے سات نئے 4K ماڈلز پیش کیے ہیں جن میں فلیکس ایبل، خمیدہ، اور فلیٹ اسکرین ماڈلز شامل ہیں۔ ان کی اسکرین کا سائز 55 انچ سے لے کر 77 انچ تک ہے۔ ایل جی کمپنی اس شو میں 8K ٹیکنالوجی کا حامل ٹیلی وژن سیٹ بھی متعارف کرا رہی ہے۔

لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرانک کے دنیا کے اس سب سے بڑے میلے کے شروع ہونے سے قبل ہی شائقین کی ایک بڑی تعداد شہر کے کنونشن ہال کے باہر جمع ہو گئی تھی۔ منتظمین کو امید ہے کہ چھ سے نو جنوری تک جاری رہنے والے اس میلے کو دیکھنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد آئیں گے۔

سی ای ایس کو کنزیومر الیکٹرانک میں نئے رجحانات اور نئی ایجادات کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا میلہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس میلے میں صرف اس شعبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد ہی شرکت کر سکتے ہیں۔ اس میلے کی داخلہ فیس دو سو امریکی ڈالر ہے۔