1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرس گیل : ورلڈ کپ کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری

مقبول ملک24 فروری 2015

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر کرس گیل آج منگل کے روز ورلڈ کپ کرکٹ کی تاریخ کے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس ون ڈے میچ میں انہوں نے 138 گیندوں پر 215 رنز بنائے۔

https://p.dw.com/p/1EgNW
کرس گیلتصویر: AP

آسٹریلیا کے شہر کینبرا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اپنی دھواں دھار بیٹنگ کے لیے مشہور لیفٹ ہینڈ بیٹسمین کرس گیل نے یہ اعزاز موجودہ ورلڈ کپ کے پول بی کے ایک میچ میں زمبابوے کے خلاف میچ کے دوران حاصل کیا۔ ان کی اننگز میں نو چوکے اور 16 چھکے شامل تھے۔

اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنائے۔ ان میں کرس گیل کے 215 رنز کے علاوہ ون ڈاؤن بیٹسمین سیموئلز کے 133 رنز بھی شامل تھے، جو آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔

جمیکا سے تعلق رکھنے والے ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کی عمر 35 برس ہے اور انہوں نے ورلڈ کپ کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری اپنے کیریئر کا 266 واں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلتے ہوئے بنائی۔

آج کی اننگز کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کی طرف سے اب تک ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر 22 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف اپنی اسی اننگز میں کرس گیل نے ون ڈے کرکٹ میں نو ہزار رنز بنانے کا ذاتی سنگ میل بھی عبور کر لیا۔

India Cricket Rohit Sharma
بھارت کے روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں اب تک دو مرتبہ ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیںتصویر: AP

کرس گیل کی آج کی تاریخی اننگز ایک طرح سے ان کی خوش قسمتی کا نتیجہ بھی ہے کیونکہ جب ان کا ذاتی اسکور ابھی صفر تھا تو ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی ایک پرزور اپیل بھی کی گئی تھی، جس پر امپائر کا فیصلہ منفی تھا جسے بعد ازاں متنازعہ بھی قرار دیا گیا۔

کرس گیل نے اپنی ڈبل سنچری کے ساتھ ورلڈ کپ کی کسی اننگز میں میں زیادہ سے زیادہ انفرادی رنز کا جو ریکارڈ آج توڑا، وہ 1996 میں جنوبی افریقہ کے بیٹسمین گیری کرسٹین نے راولپنڈی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلتے ہوئے بنایا تھا۔ تب گیری کرسٹین نے 188 رنز بنائے تھے۔

آج بنائی جانے والی کرس گیل کی ڈبل سنچری ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی مجموعی طور پر صرف پانچویں ڈبل سنچری ہے۔ یہ بھارت کے علاوہ کسی دوسرے ملک کے کسی کھلاڑی کی طرف سے ون ڈے کرکٹ میں بنائی جانے والی پہلی ڈبل سنچری بھی ہے۔

کرس گیل سے پہلے ون ڈے کرکٹ میں جو چار ڈبل سنچریاں بنائی گئی تھیں، وہ تمام بھارت کے تین کھلاڑیوں نے بنائی تھیں۔ ان میں سے دو روہت شرما نے، ایک سچن تندولکر نے اور ایک وریندر سیہواگ نے بنائی تھی۔

ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان کینبرا میں آج کے میچ کی پہلی اننگز میں ہی ایک اور نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لیے پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ تھا۔

کرس گیل اور سیموئلز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 372 بنا کر ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لیے شراکت داری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 331 رنز تھا، جو حیدرآباد میں 1999 میں بھارت کی طرف سے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے راہول دراوڈ اور سچن تندولکر نے بنایا تھا۔

کینبرا میں آج کے میچ میں زمبابوے کی اننگز ابھی جاری ہے۔