1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ سیمی فائنل، میڈرڈ نے بائرن میونخ کو شکست دے دی

عاطف توقیر24 اپریل 2014

ریئل میڈرڈ نے بدھ کے روز چیمپیئنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز کے سلسلے میں پہلی لیگ کے میچ میں بائرن میونخ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Bnbh
تصویر: Getty Images

اس میچ کا واحد گول رئیل میڈرڈ کے کھلاڑی کریم بینزیما نے کھیل کی ابتدا میں کر دیا اور یہ برتری میڈرڈ نے آخر تک قائم رکھی۔

اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ میچ میں زیادہ تر وقت بال بائرن میونخ کے پاس رہی، تاہم جرمن کلب بال کو گول میں پہنچانے میں ناکام رہا۔ میچ میں رئیل میڈرڈ کی ٹیم نے زیادہ تر دفاعی کھیل پر توجہ مرکوز رکھی اور مبصرین کے مطابق اس میچ کی ابتدا میں برتری حاصل کر لینے کے باوجود تمام میچ میں وہ خاصی دباؤ میں دیکھی گئی۔

Champions League Real Madrid Bayern München
میونخ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہےتصویر: AFP/Getty Images

واضح رہے کہ جرمن کلب بائرن میونخ چیمپیئنز لیگ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔ اگر وہ سیمی فائنل کی دوسری اور آخری لیگ میں واضح فرق سے کامیابی حاصل کر لیتا ہے اور ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کر کے مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئنز لیگ کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو سن 1990 کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ کسی ٹیم نے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کر لیا۔ سن 1990ء میں اے سی میلان نے مسلسل دو مرتبہ چیمپیئنز لیگ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

میچ کا واحد گول کھیل کے 19ویں منٹ میں اس وقت ہوا، جب ریئل میڈرڈ کے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے بینزیما کو پاس دیا اور انہوں نے بال گول میں پہنچا دی۔ تاہم میچ میں دیگر دو مرتبہ رونالڈو نے گول کے دو مواقع ضائع کیے۔ مبصرین کے مطابق اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے والی رئیل میڈرڈ کی ٹیم اگر یہ مواقع ضائع نہ کرتی، تو اس کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات زیادہ روشن ہو سکتے تھے۔

اس چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل کی دوسری لیگ میں دونوں ٹیمیں اب 29 اپریل کو میونخ میں آمنے سامنے آئیں گی۔ چیمپیئن شپ کا دوسرا سیمی فائنل اٹلیٹیکو میڈرڈ اور چیلسی کے درمیان منگل کو کھیلا جائے گا۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی پہلی لیگ میں مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا تھا۔