1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا

مقبول ملک22 مئی 2015

زمبابوے اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آج جمعہ بائیس مئی کی شام لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا۔

https://p.dw.com/p/1FVEV
احمد شہزاد نے39 گیندوں پر55 رنز بنائےتصویر: MUNIR UZ ZAMAN/AFP/Getty Images

اس فتح میں پاکستانی اوپنرز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ زمبابوے کی ٹیم ابھی چند روز پہلے ہی پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچی تھی اور وہ اس دورے کے دوران اپنے تمام میچ لاہور ہی میں کھیلے گی۔ آج کھیلا جانے والا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ نہ صرف اس دورے کا پہلا میچ تھا بلکہ کھچا کھچ بھرے ہوئے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہی میچ گزشتہ کئی سالوں میں قومی کرکٹ ٹیم اور کسی غیر ملکی ٹیم کے مابین پاکستان میں کھیلا گیا پہلا میچ بھی تھا۔

اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کی طرف سے کپتان چِیگُمبُورا نے سب سے زیادہ رنز بنائے اور وہ 54 کے ذاتی اسکور پر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مہمان ٹیم کے دوسرے سب سے کامیاب بیٹسمین اوپنر ماسا کادزا رہے، جنہوں نے 43 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے محمد سمیع نے 36 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ وہاب ریاض نے 38 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ شعیب ملک کے حصے میں آئی، جنہوں نے تین اوورز میں 12 رنز دیے۔

پاکستانی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے مقررہ اوورز میں 173 رنز کا ہدف ملا اور میزبان ٹیم کو دونوں اوپنرز مختار احمد اور احمد شہزاد نے ایک شاندار آغاز فراہم کیا۔ خاص طور پر مختار احمد کی بہت ہی دھواں دار بیٹنگ اس میچ کی سب سے خاص بات ثابت ہوئی۔

پاکستان کی جب پہلی وکٹ گری تو تب تک میزبان ٹیم 13.3 اوورز میں 142 رنز بنا چکی تھی۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی پاکستانی اوپنر احمد شہزاد تھے، جنہوں نے 39 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ اس کے بعد اگلے اوور میں، جب پاکستان کا مجموعی اسکور 144 تھا، مختار احمد بھی آؤٹ ہو گئے۔ وہ 83 کے ذاتی اسکور پر ایک اونچی شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 45 گیندیں کھیلیں اور ان کی اننگز میں تین چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

Pakistan Kricket Zimbabwe vs. Pakistan
تصویر: DW/A. Ali

شاندار آغاز کے بعد پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کو اس وقت کافی دھچکا لگا جب اس کے کئی بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ 12 کے ذاتی اسکور پر کریمر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ شعیب ملک نے سات اور عمر اکمل نے چار رنز بنائے۔ جب شعیب ملک انیسویں اوور کی دوسری گینڈ پر بولڈ ہوئے تو پاکستان کو چار گیندوں پر چار رنز درکار تھے۔

اس وقت وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد تین کے ذاتی اسکور پر کھیل رہے تھے جبکہ نئے آنے والے کھلاڑی کپتان شاہد آفریدی تھی۔ انہوں نے پہلی ہی گیند کھیلتے ہوئے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ جب پاکستانی ٹیم 173 رنز بنا کر یہ میچ جیتی، تب اس کی اننگز کی ابھی تین گیندیں باقی تھیں۔

زمبابوے کی طرف سے کریمر نے دو جبکہ پانیانگارا، ویتوری اور ولیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ کا بہترین کھلاڑی 83 رنز بنانے والے پاکستانی اوپنر مختار احمد کو قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو اب ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ اتوار 24 مئی کو کھیلا جائے گا۔