1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرچون کی دکان سے ارب پتی تک: جرمنی کے امیر ترین شہری کا انتقال

مقبول ملک23 جولائی 2014

عشروں تک جرمنی کے امیر ترین شہری قرار دیے جانے والے اور سپر مارکیٹوں کے انتہائی کامیاب سلسلے آلڈی کے شریک بانی کارل آلبریشت ابھی حال ہی میں 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ پرچون فروش والدین کی اولاد تھے۔

https://p.dw.com/p/1ChJW
کارل آلبریشتتصویر: Unternehmensgruppe ALDI SÜD

کارل آلبریشت جرمنی کے شمال مغربی شہر Essen میں 20 فروری 1920ء کو پیدا ہوئے۔ اسی شہر میں ان کے والدین ایک گلی میں اپنی پرچون کی ایک چھوٹی سے دکان چلاتے تھے۔ کارل اور ان کے بھائی تھیو نے محنت اور دکانداری کا ہنر اپنے والدین سے سیکھا۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد 1946ء میں ان دونوں بھائیوں نے اپنے والدین کی دکان سنبھال لی۔ پھر 1948ء تک کے صرف دو برسوں میں جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں آلبریشت برادران اپنی 300 سے زائد دکانیں کھول چکے تھے۔

Schilder von Aldi Süd und Aldi Nord
تصویر: picture-alliance/dpa

انہوں نے اپنے کاروبار میں روزمرہ استعمال کی اعلیٰ معیار کی اشیاء صارفین کو سستی قیمت پر مہیا کرنے کی سوچ اپنائی اور اپنے بزنس کو ایک ڈسکاؤنٹر کمپنی کے طور پر ترقی دی۔ ساٹھ کے عشرے میں اپنے خاندانی نام کی وجہ سے ان دونوں بھائیوں نے اپنی سپر مارکیٹوں کے سلسلے کا نام رکھا، آلبریشت ڈسکونٹ Albrecht-Diskont جو دیکھتے ہی دیکھتے Aldi کے مختصر نام سے اتنا کامیاب اور قابل اعتبار بن گیا کہ کوئی بھی دوسرا تجارتی ادارہ اس کی صرف خواہش ہی کر سکتا تھا۔

بعد میں بھی یہ کمپنی تو ایک ہی رہی لیکن ان دونوں بھائیوں نے اپنے وسیع و عریض کاروبار کو انتظامی سطح پر دو حصوں میں تقسیم کر دیا۔ ان میں سے شمالی جرمنی میں آلڈی نارتھ کے ذمہ دار تھیو آلبریشت تھے اور جنوبی جرمنی میں آلڈی ساؤتھ کے نگران کارل آلبریشت۔ آج اس ادارے کی سالانہ آمدنی کا اندازہ 40 بلین یورو یا قریب 54 بلین ڈالر کے برابر لگایا جاتا ہے۔ دنیا کے بہت سے ملک ایسے ہیں جہاں ریٹیلنگ کے شعبے میں آلڈی کا ملکی منڈیوں میں اپنا ایک مخصوص مقام اور حصہ ہے۔ جرمنی میں اندازہﹰ 75 فیصد گھرانے باقاعدگی سے آلڈی سے شاپنگ کرتے ہیں۔

Theo Albrecht
تھیو آلبریشت کی 1971ء میں لی گئی ایک تصویرتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی میں ریٹیلنگ کے شعبے میں ملکی مارکیٹ میں آلڈی کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔ اس وقت جرمنی کے علاوہ، آسٹریا، برطانیہ، امریکا اور آسٹریلیا سمیت 17 ملکوں میں آلڈی کی 10 ہزار کے قریب سپر مارکیٹیں کام کر رہی ہیں۔ یہ ادارہ اپنے سالانہ مالیاتی اعداد و شمار جاری نہیں کرتا لیکن روزگار کی جرمن منڈی میں وہ سب سے بڑے نجی آجر اداروں میں شمار ہوتا ہے۔

کارل آلبریشت کے بھائی تھیو آلبریشت 2010ء میں انتقال کر گئے تھے۔ 16 جولائی کو کارل بھی 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ یہ دونوں بھائی میڈیا سے دور رہنے کی وجہ سے بھی مشہور تھے۔

فوربس میگزین کے مطابق کارل آلبریشت جرمنی کے امیر ترین شہری اور دنیا کے 24 ویں امیر انسان تھے۔ ان کی ذاتی دولت کا اندازہ 26 بلین ڈالر یا 19 بلین یورو لگایا جاتا ہے۔ انہیں ان کے بھائی تھیو کے پہلو میں دفن کیا گیا۔