1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتعیش علاج، بھارت کا تیزی سے ترقی کرتا کاروبار

افسر اعوان28 مئی 2015

سنیما، رولز رائس گاڑیاں اور ہر سہولت سے آراستہ آرام دہ کمرے۔ ان چیزوں سے شاید آپ کے ذہن میں کسی فائیو اسٹار ہوٹل کا نقش ابھر رہا ہو، لیکن ٹھہریے یہ فائیو اسٹار ہوٹل نہیں بلکہ بھارت میں پرائیویٹ ہسپتالوں کی بات ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1FXdv
تصویر: Manjunath Kiran/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ تمام سہولیات دراصل بھارت کی ملکی اشرافیہ اور بیرون ملک سے ایسے سیاحوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں جو علاج کے ساتھ ساتھ آرام دہ ماحول کے بھی متمنی ہوتے ہیں۔

مقامی سطح پر اس طرح کی سروسز فراہم کرنے والے ادارے مثلاﹰ فورٹِس ہیلتھ کیئر، اپالو ہاسپٹلز انٹرپرائز لمیٹڈ اور پرائیوٹ ادارہ میدانتا اپنے طبی مراکز کو سہولتوں کے حوالے سے پرائیویٹ ہیلتھ کیئر سیکٹر کے نقطہ عروج تک لے جانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بھارت میں پرائیویٹ ہیلتھ کیئر سے متعلق ادارے ASSOCHAM کا اندازہ ہے کہ اس سیکٹر میں 20 فیصد سالانہ نمو ہو رہی ہے اور یہ انڈسٹری گزشتہ دو سالوں کے دوران یعنی 2013ء سے اب تک 125 بلین امریکی ڈالرز کی مالیت تک پہنچ چکی ہے۔

بھارت میں اس سیکٹر کی بڑھتی ہوئی نمو کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی حریف ادارے مثلاﹰ دبئی میں قائم آسٹر ڈی ایم Aster DM اور ABV گروپ جیسے ادارے بھی بھارت کے لگژری ہیلتھ کیئر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ بھارتی روپے کی کم قیمت کے باعث یہ ادارے مریضوں کو دیگر ممالک کے مقابلے میں نسبتاﹰ کم لاگت میں طبی سہولیات اور علاج فراہم کر سکتے ہیں۔

اے بی وی ممبئی کے ایک مہنگے علاقے میں اپنا ہسپتال آئندہ دو برس کے دوران کھول دے گا۔ اس ادارے کا منصوبہ ہے کہ وہ اپنے مریضوں کو آنے جانے کی سہولیات دینے کے لیے دنیا کی مہنگی ترین کاروں میں شمار ہونے والی رولز رائس کاریں فراہم کرے گا۔ اے بی وی گروپ کے چیف ایگزیکٹیو ایڈوت بھمبھانی نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ ادارہ 78 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتا ہے جس میں مختلف ہوٹلوں کی تزئین نو بھی شامل ہو گی ۔

اے بی وی اپنے مریضوں کو آنے جانے کی سہولیات دینے کے لیے دنیا کی مہنگی ترین کاروں میں شمار ہونے والی رولز رائس کاریں فراہم کرے گا
اے بی وی اپنے مریضوں کو آنے جانے کی سہولیات دینے کے لیے دنیا کی مہنگی ترین کاروں میں شمار ہونے والی رولز رائس کاریں فراہم کرے گاتصویر: STR/AFP/Getty Images

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریب 450 بستروں پر مشتمل فورٹِس میموریل ہسپتال میں ایک سنیما لاؤنج بھی موجود ہے اور ایک فوڈ کورٹ بھی۔ کیرالہ میں قائم Aster Medcity ہسپتال کے انتہائی آرام دہ کمروں میں خصوصی نرم روشنیاں لگائی گئی ہیں اور اس کے لکڑی سے بنے خوبصورت فرش کسی لگژری ہوٹل کا سا احساس دلاتے ہیں۔

سوا ارب کی آبادی والے ملک بھارت میں سرکاری ہسپتال، جنہیں فنڈز کی کمی کا بھی سامنا ہے اور جہاں مریضوں کا بے انتہا رش ہوتا ہے، صرف ملک کی انتہائی غریب آبادی کے علاج تک ہی محدود ہیں۔

نسبتاﹰ آسودہ اور امیر بھارتی اپنا علاج یا تو پرائیویٹ ہسپتالوں میں کراتے ہیں یا پھر امریکا، برطانیہ، سنگاپور یا دیگر ممالک سے۔ بھارت کے پرائیویٹ ہیلتھ سیکٹر کی کوشش ہے کہ اب ایسے مریضوں کو ملک کے اندر ہی ایسے بھارتی ڈاکٹروں کے ذریعے بہترین طبی سہولیات دی جائیں جو یا تو ملک سے باہر کام کرتے رہے ہیں یا پھر وہاں سے تربیت لے چکے ہیں۔

اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ رواں برس کے دوران 12 لاکھ ’میڈیکل ٹورسٹ‘ بھارت جائیں گے جبکہ 2020ء تک ان کی تعداد قریب اس کے دو گنا تک پہنچ جائے گی۔