1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم صرف ’واش‘ کرانے بنگلہ دیش گئی ہے

عدنان اسحاق24 اپریل 2015

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کےکپتان شاہد آفریدی بھی بنگال ٹائیگرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔بنگلہ دیش نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو باآسانی شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/1FEZO
تصویر: Getty Images

بنگلہ دیش کے خلاف ایک مرتبہ پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم تر نوالہ ثابت ہوئی۔ بنگال ٹائیگرز نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلے پاکستانی بیٹسمینوں کو پریشان کیا اور پھر بالرز کی دل کھول کر دھنائی کی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 141 رنز بنا سکی اور اس دوران اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ آخری پانچ اوورز میں پاکستانی کھلاڑی اسکور میں کوئی خاطر خواہ اضافہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

اس میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور صابر رحمن نے اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ شکیب الحسن نے 57 جب کہ صابر نے 51 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش نے مطلوبہ اسکورصرف تین وکٹوں کے نقصان پر 16.2 اووز میں حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بالر مستفیض الرحمن رہے، جنہوں نے بیس رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مستفیض کا یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ تھا۔

ICC World Twenty20 Bangladesch vs Pakistan
تصویر: MUNIR UZ ZAMAN/AFP/Getty Images

اس سے قبل مختار احمد اور احمد شہزاد نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ پچاس کے اسکور پر گری جب احمد شہزاد 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی کپتان شاہد آفریدی تھے اور انہوں نے بارہ رنز اسکور کیے۔ سب سے زیادہ رنز مختار احمد نے بنائے اور وہ 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث سہیل نے تیس رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس کے علاوہ محمد حفیظ چھبیس کے انفرادی اسکور پر مستفیض الرحمن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے انتہائی جارحانہ انداز میں اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ تمیم اقبال نے پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کو دو چوکے اور ایک چھکا مار کر اسکور 14 تک پہنچا دیا۔ تاہم پہلے اوور کے دوران ہی سرکار اسکور کیے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد تیسرے ہی اوور میں عمر گل نے تمیم اقبال کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔ وہ 14 رنز ہی بنا سکے۔ مشفیق الرحمن کو وہاب ریاض نے بولڈ کیا۔ بنگلہ دیش کے تیسری وکٹ 38 رنز کے اسکور پر گری تھی۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بالر عمدہ بالنگ کا مظاہرہ نہیں کر سکا اور صرف عمر گل اور وہاب ریاض ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم وہاب نے اپنے چار اوورز میں 39 رنز بھی دیے۔

بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز تین صفر سے جیتی ہے۔ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد ان دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 28 اپریل سے شروع ہو رہی ہے۔