1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی تاریخی جیت

افسر اعوان19 اپریل 2015

بنگلہ دیش نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ پاکستان کو مات دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1FApQ
تصویر: Reuters/D. Gray

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں اتوار 19 اپریل کو کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اس سے قبل کسی بھی سیریز میں پاکستان کو مات دینے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے سعد نسیم نے سب سے زیادہ 77 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ وہاب ریاض نے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ بھی آؤٹ ہوئے بغیر پویلین لوٹے۔ پاکستان نے میزبان بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔

پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 79 رنز سے شکست ہوئی تھی
پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 79 رنز سے شکست ہوئی تھیتصویر: Getty Images

بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے آج شاندار اننگز کھیلی اور وہ 116 رنز بنا کر ناقابل شکست لوٹے۔ پاکستان کے خلاف ان کی یہ دوسری مسلسل سنچری رہی۔ بنگلہ دیش کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم رہے، جنہوں نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ میچ کا بہترین کھلاڑی تمیم اقبال کو قرار دیا گیا۔

مہمان ٹیم پاکستان نے جمعہ کے روز ڈھاکہ ہی میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی پاکستان کو 79 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس طرح بنگلہ دیش نے ہوم سیریز کے پہلے دونوں میچ جیت کر پہلی بار پاکستان کے خلاف سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ بدھ 22 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم میزبان کے خلاف ایک ٹی ٹونٹی میچ جمعہ 24 اپریل کو کھیلے گی جبکہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی اس دورے کا حصہ ہے۔