1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی جیت اور آسٹریلیا کا ریکارڈ اسکور

افسر اعوان4 مارچ 2015

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پاکستان نے آج اپنا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف جیت لیا ہے۔ ادھر آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ورلڈ کپ کا ریکارڈ اسکور کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1EktG
تصویر: AFP/Getty Images/W. West

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری کرکٹ کے عالمی کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو129 رنز سے شکست دے دی ہے۔ نیوزی لینڈ کے شہر نیپیئر میں کھیلے گئے اس میچ میں ٹاس متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد توقیر نے جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

گزشتہ میچوں کے بر عکس آج پاکستانی اوپنر محمد شہزاد نے بہترین کھیل پیش کیا اور انہوں نے رن آؤٹ ہونے سے قبل 93 رنز بنائے۔ تاہم دوسرے اوپنر ناصر جمشید آج بھی ناکام ہی رہے اور محض چار رنز بنا کر اس وقت آؤٹ ہو گئے جب پاکستان کا مجموعی اسکور 10 رنز تھا۔

پاکستان کی طرف سے دوسرے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین ون ڈاؤن حارث سہیل رہے جنہوں نے 70 رنز بنائے۔ کپتان مصباح الحق نے 65 جبکہ شعیب مقصود نے 45 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل نے 19 رنز بنائے جبکہ شاہد خان آفریدی کا اسکور بغیر آؤٹ ہوئے21 رہا۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 339 رنز اسکور کیے۔

ڈیوڈ وارنر نے 133 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے 178 رنز بنائے
ڈیوڈ وارنر نے 133 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے 178 رنز بنائےتصویر: Getty Images/Paul Kane

جواب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں 210 رنز ہی بنا سکی۔ اس دوران اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے شمیم انور نے سب سے زیادہ 62 رنز اسکور کیے۔ خرم خان نے 43 جبکہ ایس پی پٹیل نے 36 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل خان، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ راحت علی اور صہیب مقصود کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

آج کے میچ کی خاص بات شاہد آفریدی کے 8000 رنز مکمل کرنا بھی رہی۔ وہ پاکستان کے ایسے چوتھے بیٹسمین بن گئے ہیں جنہوں نے 8000 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ اُن سے قبل انظام الحق، سعید انور اور محمد یوسف پاکستان کی طرف سے آٹھ ہزار سے زائد اسکور کر چکے ہیں۔ دنیا بھر کے اب تک کُل 27 بیٹمیسنوں نے آٹھ ہزار یا اس سے زائد رنز اسکور کیے ہیں تاہم ان میں شاہد آفرید کا اسٹرائک ریٹ سب سے زیادہ یعنی 116.86 ہے۔

یہ میچ جیتنے کے بعد پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد چار ہو گئی ہے اور اب گروپ بی میں اس کی پوزیشن چوتھی ہے۔ اگر پاکستانی ٹیم اپنی یہی پوزیشن بھی برقرار رکھتی ہے تو وہ کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ جائے گی۔ پاکستان کا اگلا میچ اب سات مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہو گا۔

آسٹریلیا کے ورلڈ کپ میں ریکارڈ اسکور

آج چار مارچ کو گروپ اے کا میچ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ افغانستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے اس پیشکش کا خوب فائدہ اٹھایا اور مقررہ 50 اوورز میں 417 رنز اسکور کیے جبکہ اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات ڈیوڈ وارنر کے 178 رنز رہے جو انہوں نے 133 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے بنائے۔

افغانستان کی اننگز ابھی جاری ہے اور اس نے 24 اوورز کے اختتام تک103 رنز بنائے ہیں جبکہ اس کےچھ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔