1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان 2 : نیوزی لینڈ 2، ایک روزہ میچوں کی سیریز پھر برابر

عابد حسین18 دسمبر 2014

متحدہ عرب امارت میں کھیلی جانے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم کو سات رنز سے ہرا کر سیریز کو برابر کر دیا ہے۔ آخری میچ 19 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1E6Z8
یونس خانتصویر: AP

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ مقررہ پچاس اوورز میں بلیک کیپس پانچ وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنا سکے۔ پاکستانی ٹیم کو چھ رنز فی اوورز کے حساب سے 300 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا۔ پاکستان کی ٹیم ٹارگٹ سے سات رنز کی دوری پر پہنچ پائی اور میچ ہار گئی۔ آٹھ وکٹوں کے نقصان پر گرین کیپس صرف 292 رنز بنا سکے۔ اِس طرح پانچ میچوں کی سیریز ایک مرتبہ پھر برابر ہو گئی۔ دونوں ٹیمیں دو میچ جیت چکی ہیں۔ اب سیریز کا فیصلہ کُن میچ کل اُنیس دسمبر کو ابُو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم می ہی کھیلا جائے گا۔

سن 2009 کے بعد سے پاکستان نے اپنی ہوم سیریز کے میچ سکیورٹی خطرات کے باعث اندرونِ ملک نہیں کھیلے۔ یہ میچ سری لنکا اور انگلینڈ میں منعقد کروائے جا چکے ہیں لیکن زیادہ تر متحدہ عرب امارات کے تین مقامات دُبئی، شارجہ اور ابُو ظہبی میں کھیلے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی سیریز پاکستان کی ہوم سیریز ہے۔ اِس طرح متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز کی میزبان ٹیم پاکستان ہے۔ چو تھے ایک روزہ میچ میں یونس خان کی شاندا سنچری نے میزبان ٹیم کے لیے جیت کا امکان پیدا کیا تھا لیکن مہمان ٹیم کی نپی تُلی بالنگ نے ایسا ہونے نہیں دیا۔

Ross Taylor Cricketspieler von Neuseeland
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم میں کئی سینیئر کھلاڑی موجود نہیں ہیںتصویر: dapd

پاکستانی ٹیم ٹارگٹ کے حصول میں قدرے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی اور اُس کے چار کھلاڑی صرف 82 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اِن کھلاڑیوں میں تیسرے ایک روزہ میچ میں سینچری کرنے والے احمد شہزاد بھی شامل تھے۔ وہ کوئی اسکور نہیں کر سکے۔ یونس خان نے وکٹوں کے گرنے کے سلسلے کو روک دیا۔ ان کی عمر اکمل کے ساتھ 90 رنز کی شراکت بھی اہم تھی تاہم عمر اکمل کے بدقسمتی سے رن آؤٹ ہونے سے میچ کا کا پانسہ پلٹ گیا۔ کپتان شاہد آفریدی اور یونس خان کے درمیان 66 رنز کی پارٹنر شپ رہی۔ یہ پارٹنر شپ میچ وننگ ہو سکتی تھی اگر آفریدی 49 کے اسکور پر آؤٹ نہ ہو جاتے۔ سنچری کے بعد یونس خان تیز رفتاری سے اسکور نہیں کر پائے اور اُن کے آؤٹ ہو جانے کے بعد آخری کھلاڑیوں نے اسکور 292 تک پہنچا دیا۔ یونس خان کا انفرادی اسکور 103 تھا۔

نیوزی لینڈ کے نوجوان 24 سالہ کپتان ولیمسن نے اپنی ٹیم کے 299 اسکور میں شاندار سینچری بنائی۔ وہ 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بلیک کیپس کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے ٹارگٹ کو مشکل بنانے میں جاندار کردار ادا کیا۔ پاکستان کے تیز اور اسپن بالروں کی بالنگ بھی متاثر کن نہیں تھی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے دو اور سہیل تنویر، انور علی کے علاوہ شاہد آفریدی بھی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سعید اجمل کے بعد محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن پر پابندی نے پاکستانی اسپن بالنگ کے شعبے کو انتہائی کمزور کر دیا ہے۔ گزشتہ میچوں میں وکٹیں حاصل کرنے والے حارث سہیل چوتھے ایک روزہ میچ میں مکمل طور پر آف کلر دکھائی دیے۔