1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت سفارتی کشیدگی کا نیا دور

کشور مصطفیٰ20 اگست 2014

بھارت متعینہ پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے ان دو ہمسایہ لیکن حریف ملکوں کے مابین پائیدار امن کا قیام کشمیری علیحدگی پسندوں کو مکالمت میں شامل کیے بغیر ممکن نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/1Cxky
تصویر: Reuters

پاکستانی سفیر عبدالباسط نے یہ بیان آج بُدھ کو نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیا۔ اُن کے اس بیان سے دو روز قبل بھارت نے پاکستان کے ساتھ سفارتی مذاکرات یہ کہہ کر منسوخ کر دیے تھے کہ عبدالباسط نے متنازعہ علاقے کشمیر کے علیحدگی پسندوں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

نئی دہلی حکومت نے پاکستانی سفیر کے اس اقدام کو جنوبی ایشیا کی ان دونوں جوہری طاقتوں کے مابین سرد مہری کے شکار تعلقات کی بحالی کی کوششوں کو لگنے والا دھچکہ قرار دیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے علیحدگی پسند کشمیریوں کے ساتھ سفارتی سطح کی اس نوعیت کی ملاقاتیں ماضی میں بھی عمل میں آتی رہی ہیں تاہم سابقہ بھارتی حکومتوں کی طرف سے اس سلسلے میں رواداری اختیار کی جاتی رہی تھی۔ اس کے برعکس ہندو قوم پسند بھارتیہ جنتا پارٹی کی نئی حکومت نے پاکستانی سفیر کے اس اقدام کے ردعمل میں اسلام آباد کے ساتھ مذاکرات منسوخ کرنے کے اعلان کے ساتھ پاکستان کی طرف اپنے سخت گیر موقف کا ثبوت دیا ہے۔

1947ء میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے اب تک بھارت اور پاکستان تین جنگیں لڑ چکے ہیں جن میں سے دو کی وجہ کشمیر ہی کا مسئلہ تھا۔ دونوں ملکوں کے پاس ہمالیہ کے اس علاقے کا ایک ایک حصہ ہے تاہم دونوں ہی کشمیر میں اپنی اپنی مکمل عمل داری کے دعویدار ہیں۔ یہی مسئلہ کشمیر ان دونوں پڑوسی ممالک کے مابین دیرینہ دشمنی سے عبارت تعلقات کی کلیدی وجہ ہے۔

Abdul Basit, pakistanischer Botschafter in Deutschland
سفیر پاکستان عبدالباسطتصویر: Pakistanische Botschaft Deutschland

نئی دہلی حکومت نے پاکستانی سفیر عبدالباسط کو علیحدگی پسند کشمیری لیڈروں کے ساتھ ملاقات کرنے کے خلاف انتباہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہوں نے یہ سلسلہ جاری رکھا تو اُن کا یہ اقدام بھارت اور پاکستان کے مابین خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کے مذاکرات کو سخت نقصان پہنچانے کا سبب بنے گا جو 25 اگست کو اسلام آباد میں ہونا تھے۔ بھارت کی اس تنبیہ کے باوجود عبدالباسط نے نئی دہلی میں کشمیری لیڈروں سے ملاقات کی جس پر مشتعل ہو کر بھارتی حکومت نے عبدالباسط کے اقدام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے آئندہ پیر، 25 اگست کے لیے اسلام آباد میں طے دوطرفہ مذاکرات کی منسوخی کا اعلان کر دیا۔

Indien Terroranschlag Mumbai 26.11.2008 26/11 Taj Mahal Hotel
2008ء میں ممبئی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہت کشیدہ ہوگئےتصویر: picture-alliance/dpa

اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹریوں کے مابین اس مجوزہ ملاقات پر دوطرفہ رضامندی مئی کے مہینے میں اس وقت سامنے آئی تھی جب پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اپنے نو منتخب بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے نئی دہلی گئے تھے۔

بھارت اور پاکستان کے باہمی تعلقات میں واضح سرد مہری اُس وقت سے دیکھنے میں آ رہی ہے جب 2008ء میں ممبئی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل سمیت متعدد اہداف پر مبینہ پاکستانی دہشت گردوں نے حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں کل 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے وقفے وقفے سے دونوں طرف سے عارضی طور پر امن مذاکرات کی بحالی کی کوششیں کی جاتی رہیں تاہم اس عمل کو اس وقت یکدم روک دیا گیا جب جنوری 2013 ء میں پاکستان اور بھارت کے مابین سرحدی دشمنی کے تحت دو بھارتی فوجیوں کے سر قلم کر دیے گئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں