1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویٹیکن کی ڈپلومیٹک کار سے چار کلو گرام کوکین برآمد

مقبول ملک16 ستمبر 2014

فرانسیسی کسٹمز پولیس نے ویٹیکن کے سفارتکاروں کی ملکیت ایک گاڑی سے چار کلو گرام کوکین برآمد کر کے دو اطالوی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان نے ایک 91 سالہ کارڈینل کی یہ گاڑی چند روز کے لیے مستعار لی تھی۔

https://p.dw.com/p/1DDXB
تصویر: Fotolia/Africa Studio

فورڈ کمپنی کی تیار کردہ اس گاڑی میں سوار جن دو اطالوی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا، ان میں سے کسی کے پاس بھی کوئی سفارتی پاسپورٹ یا دیگر سفارتی شناختی دستاویزات نہیں تھیں۔ آج منگل کے روز فرانس کے شہر لِیوں Lyon سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملکی محکمہ انصاف کے مقامی اہلکاروں نے بتایا کہ اس گاڑی سے اتنی بڑی مقدار میں یہ منشیات حکام نے اتوار 14 ستمبر کے روز ایلپس کے پہاڑی علاقے میں واقع چھوٹے سے فرانسیسی شہر Chambéry میں معمول کی چیکنگ کے دوران اپنے قبضے میں لے لیں۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ویٹیکن، جو دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کا روحانی مرکز ہونے کے علاوہ ایک آزاد ریاست بھی ہے، کی ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ والی اس گاڑی سے فرانسیسی کسٹمز پولیس کو چار کلو گرام کوکین کے علاوہ 200 گرام بھنگ بھی ملی۔

Vatikan Bibliothek Lesesaal mit Zettelkatalog
گاڑی91 سالہ کارڈینل خورگے ماریا میخیا کی ملکیت ہے، جو ویٹیکن کے اعزازی لائبریرین ہیںتصویر: CHRISTOPHE SIMON/AFP/Getty Images

یہ منشیات کلیسائے روم کی نمائندہ کسی اعلیٰ مذہبی شخصیت کے لیے نہیں تھیں اور اس واقعے کے بعد ویٹیکن کی کلیسائی ریاست کے نمائندوں کی طرف سے فوری طور پر واضح کر دیا گیا کہ ان منشیات یا ان کی ممکنہ اسمگلنگ سے کیتھولک چرچ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ اس مقصد کے لیے استعمال کی گئی گاڑی ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے 91 سالہ کارڈینل خورگے ماریا میخیا کی ملکیت ہے، جو ویٹیکن کے اعزازی لائبریرین ہیں۔ RTL ریڈیو نامی نشریاتی ادارے کے مطابق کارڈینل میخیا کے پرائیویٹ سیکرٹری نے چند روز قبل یہ گاڑی اپنے چند ایسے بااعتماد جاننے والوں کو مستعار دی تھی جنہیں کسی ورکشاپ میں تکنیکی معائنے اور معمول کی دیکھ بھال کے بعد یہ گاڑی واپس لوٹانا تھی۔

لیکن کارڈینل میخیا کے پرائیویٹ سیکرٹری کے معتمد یہ دونوں اطالوی شہری، جن کی عمریں 30 اور 41 برس بتائی گئی ہیں، یہ گاڑی لے کر اس لیے اسپین چلے گئے کہ وہاں سے یہ منشیات خرید سکیں۔ ریڈیو آر ٹی ایل کے مطابق، ’’انہیں یقین تھا کہ اسپین جانے اور واپس ویٹیکن پہنچنے تک ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی وجہ سے ان کی گاڑی کی تلاشی نہیں لی جائے گی۔‘‘

فرانسیسی حکام دونوں گرفتار شدگان کی بیان کردہ تفصیلات کی تصدیق میں مصروف ہیں۔ اس وقت یہ اطالوی ملزم فرانسیسی پولیس کی حراست میں ہیں، جس نے انہیں منگل 16 ستمبر کے روز منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں ایک عدالت میں پیش کر دیا اور ان پر باقاعدہ فرد جرم بھی عائد کر دی گئی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید