ہماری دھرتی کے حیرت انگیز ترین مقامات
ہماری دنیا ایک حیرت انگیز مقام ہے، یقین نہیں آتا؟ دیکھیے زمین کے بلند ترین، خشک ترین، گرم ترین، سرد ترین اور گنجان ترین علاقے
ماؤنٹ ایورسٹ، بلند ترین مقام
کوہ ہمالیہ میں ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے۔ اس کی اونچائی آٹھ ہزار آٹھ سو اڑتالیس میٹر (29,029 فٹ) ہے۔ نیپال میں واقع اس چوٹی کو پہلی مرتبہ پچیس اپریل 1953ء کو نیوزی لینڈ کے کوہ پیما ایڈمنڈ ہلیری اور نیپالی شیرپا تینزنگ نورگے نے سر کیا تھا۔
مشرقی انٹارکٹیک، سرد ترین مقام
انٹارکٹیکا کا سطح مرتفع کا یہ علاقہ انتہائی سرد ہے۔ یہاں سردیوں کی شاموں کو درجہٴ حرارت منفی 92 سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ جاتا ہے۔ تاہم مستقبل میں یہ کم بھی ہو سکتا ہے کیونکہ سائنسدانوں کے مطابق گلوبل وارمنگ کی وجہ سے عالمی درجہٴ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
’موت کی وادی‘، گرم ترین علاقہ
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع ڈیتھ ویلی نینشل پارک کا علاقہ سورج کے پجاری لوگوں کے لیے بھی مناسب نہیں ہو سکتا۔ یہاں سورج کی تپش اور حدت انتہائی شدید ہوتی ہے۔ اس علاقے میں دس جولائی 1913ء کو درجہٴ حرارت 56.67 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو ایک ریکارڈ ہے۔
’چیلنجر ڈِیپ‘، گہرا ترین مقام
سمندروں کی گہری ترین جگہ بحر الکاہل میں واقع ہے۔ جزیرہ گوام کے شمال میں اس سمندر کی’ماریانا ٹرنچ‘ کی گہرائیوں میں ’چیلنجر ڈِیپ‘ کی معلوم گہرائی دس ہزار نو سو چورانوے میٹر ہے۔ اس مقام تک جانے کے لیے آبدوز کی ضرورت پڑتی ہے۔ آج تک ان گہرائیوں میں صرف تین افراد ہی جا سکے ہیں، جن میں فلم ساز جیمز کیمرون بھی شامل ہیں۔
صحرائے ایٹا کاما، خشک ترین علاقہ
براعظم جنوبی امریکا کے ملک چلی میں واقع یہ صحرا دنیا کا خشک ترین مقام ہے۔ اس صحرا کے کچھ حصوں نے آج تک بارش کے قطروں کو محسوس تک نہیں کیا ہے، کم از کم تب سے جب سے انسانوں نے اس کا حساب کتاب رکھنا شروع کیا ہے۔
موسین رام، نم ترین مقام
بھارتی ریاست میگھالیہ میں واقع موسین رام نامی گاؤں دنیا کا نم ترین یا تر ترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب ہی واقع اس بھارتی علاقے میں سالانہ بنیادوں پر اوسطاً 11.86 میٹر (انتالیس فٹ) بارش ریکارڈ کی جاتی ہے۔ اس کا موازنہ یوں بھی کیا جا سکتا ہے کہ لندن میں بارش کی سالانہ اوسط 65 سینٹی میٹر بنتی ہے۔
شنگھائی، دنیا کا گنجان ترین مقام
چین کے اس شہر میں چوبیس ملین سے زائد نفوس آباد ہیں۔ افریقی ملک انگولا کی تمام آبادی اتنی ہی بنتی ہے۔ اس آبادی کی وجہ سے اس شہر کی ہوا بھی آلودہ ہو چکی ہے۔ وہاں کاروں، بسوں اور دیگر منصوبہ جات کی وجہ سے سبز مکانی گیسیں بھی ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہی ہیں۔
ٹیٹیکاکا، دنیا کی سب سے اونچے مقام پر موجود جھیل
جنوبی امریکا میں واقع ٹیٹیکاکا نامی یہ جھیل دنیا کی ایسی سب سے بلند ترین جھیل ہے، جہاں جہاز رانی بھی ممکن ہے۔ پیرو اور بولیویا کے سرحدی علاقوں میں واقع یہ جھیل سطح سمندر سے 12,507 فٹ بلند ہے۔