1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ون ڈے سیریز: پاکستان بہتر ٹیم ہے، اظہر علی

طارق سعید، لاہور25 مئی 2015

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز بدھ کو لاہور میں شروع ہو رہی ہے۔ پاکستان نے ون ڈے سکواڈ میں سات تبدیلیاں کرتے ہوئے محمد سمیع اور شعیب ملک جیسے پرانے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FWDK
Pakistan Kricket Simbabwe vs. Pakistan
تصویر: DW/T. Saeed

ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں ہوم ٹیم کے کلین سویپ کے بعد شہر میں کرکٹ فیور اور بڑھ گیا ہے۔ میزبان کپتان اظہرعلی نے ون ڈے میچوں میں پاکستان کو زمبابوے سے بہتر ٹیم قرار دیا ہے۔ تین دن میں دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد پیر کو دونوں ٹیموں نے آرام کیا۔ شہر کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد ان کی ٹیم زیادہ متوازن ہوگئی ہے اور وہ زمبابوے سے بہتر ہے۔

اظہر علی کہتے ہیں کہ وہ پانچ برس سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن اپنے ملک اور شہر میں پہلی بار کھیلنے کے حوالے سے وہ بہت پرجوش ہیں۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں کیونکہ چمپینز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے لیے وہ میچ ہارنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

زمبابوے کے کپتان ایلٹن چیگمبرا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باؤلنگ نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں انہیں سرنگوں کیا تاہم ایک روزہ سیریز میں وہ بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔

Pakistan Kricket Simbabwe vs. Pakistan
تصویر: DW/T. Saeed

کرکٹ فیور مزید بڑھ گیا

سری لنکن ٹیم پر ہونیوالےحملے کے بعد زمبابوے پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی غیرملکی کرکٹ ٹیم ہے۔ زمبابوے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کی طرح ایک روزہ کرکٹ میں بھی دنیا کی ٹاپ ٹین ٹیموں میں شامل نہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کے طول وعرض میں میں ان دنوں صرف کرکٹ کا ہی چرچا ہے۔ پہلے ایک روزہ میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں موسم اور سیکورٹی کے سختیوں کے باوجود قذافی اسٹیڈیم میں بائیس ہزارگنجایش سے زیادہ تماشائی موجود تھے۔ ان میں پنجاب کے دور درزا شہروں سے آئے ہوئے لوگ بھی شامل تھے۔ ٹکٹوں کی بلیک میلنگ عروج پر ہے۔ گجرات کے علاقے کھاریاں سے آئے ہوئے ایک معذور نوجوان سیف نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ وہ شاہد آفریدی کے بہت بڑے پرستار ہیں اور آفریدی کو پہلی بار پاکستان میں کپتانی کرتے دیکھنے کی خواہش انہیں لاہور لائی، ’’ میں بذریعہ ٹیکسی صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچا ہوں لیکن یہاں آکر ٹکٹ نہیں مل رہا اور دھکے کھا رہا ہوں۔‘‘

Pakistan Kricket Simbabwe vs. Pakistan
تصویر: DW/T. Saeed

میچز دیکھنے والوں میں بالی ووڈ کے مشہور پاکستانی اداکار علی ظفر،راجہ نٹور لعل کی ہیروئین حمایما سمیت شوبز کی متعدد شخصیات شامل ہیں۔

صدر پاکستان ممنون حسین کے بعد پاکستان کے سب سے مشہور کرکٹر اور اپوزیشن لیڈر عمران خان کو بھی اس تاریخی سیریز کی کشش انیس سال بعد اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لے آئی لیکن پی سی بی نے عمران کی اسٹیڈیم میں موجودگی کو غیرسیاسی رکھنے کے لیے انہیں ٹی وی کیمروں سے دور رکھا۔