1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورجن گيلکٹک کا خلائی جہاز تباہ، ايک پائلٹ ہلاک

عاصم سلیم1 نومبر 2014

سياحت کے ليے ورجن گيلکٹک کمپنی کی طرف سے تيار کردہ ايک خلائی جہاز امريکی رياست کيليفورنيا ميں اپنی آزمائشی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گيا ہے۔ اس حادثے ميں جہاز کا ايک پائلٹ ہلاک جبکہ ايک اور پائلٹ زخمی ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DfPB
تصویر: Reuters/KNBC-TV

برطانوی ’ورجن گروپ‘ کی ايک امريکی شاخ ’ورجن گيلکٹک‘ کی طرف سے سياحت کے مقصد کے ليے بنايا جانے والا يہ خلائی جہاز جمعے اکتيس اکتوبر کے روز مغربی امريکی رياست کيليفورنيا ميں قائم ’موجاو ايئر اينڈ اسپيس پورٹ‘ کے قريب دوران آزمائشی پرواز گر کر تباہ ہو گيا۔ حادثہ صحرائے موجاو ميں لاس اينجلس شہر سے قريب ڈيڑھ سو کلوميٹر دور ايک مقام پر پيش آيا۔

ٹيلی وژن پر نشر کردہ مناظر ميں جائے حادثہ پر خلائی جہاز کو دو بڑے حصوں ميں ٹوٹا ہوا ديکھا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق خلائی جہاز حادثے ميں مکمل طور پر تباہ ہو گيا ہے۔ کرن کاؤنٹی کے شيريف ڈونی ينگ بلڈ کے بقول جہاز کا ملبہ ايک ميل سے زيادہ علاقے ميں پھيلا ہوا ہے۔

Virgin Galactic SpaceShipTwo Absturz 31.10.2014
خلائی جہاز کو دو بڑے حصوں ميں ٹوٹا ہوا ديکھا جا سکتا ہےتصویر: Reuters/KNBC-TV

حادثے ميں ايک پائلٹ ہلاک ہوا، جس کی لاش ملبے سے مل چکی ہے جبکہ ايک اور شديد زخمی ہے۔ زخمی ہونے والا يہ پائلٹ پيرا شوٹ کے ذريعے جہاز سے نکلنے ميں کامياب رہا تھا۔ ورجن گيلکٹک کے خلائی جہاز کے عملے کے يہ دونوں ارکان ’اسکيلڈ کمپوزٹس‘ نامی ايک اور کمپنی کا حصہ تھے۔

امريکا کی فيڈرل ايوی ايشن ايڈمنسٹريشن کے مطابق ’اسپيس شپ ٹُو‘ کہلانے والا يہ خلائی جہاز اسے بلندی پر لے جانے کے ليے نصب جيٹ طيارے سے عليحدہ ہونے کے کچھ ہی دير بعد تباہ ہوا۔ بعد ازاں ’اسکيلڈ کمپوزٹس‘ کے صدر کيون مکی نے ايک پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتايا کہ جہاز ميں راکٹ کے ايندھن کا ايک نيا فارمولا زير استعمال تھا، جسے قبل ازيں آزمايا جا چکا ہے۔

’موجاو ايئر اينڈ اسپيس پورٹ‘ کے چيف ايگزيکيٹو اشٹوئرٹ وٹ کے بقول تاحال اہلکار خلائی جہاز کے تباہ ہونے کی وجوہات پر قياس آرائياں کرنے کو تيار نہيں۔ امريکی نيشنل ٹرانسپورٹيشن سيفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقيقات کے ليے ٹيم روانہ کرنے کے احکامات جاری کر ديے ہيں۔

يہ امر اہم ہے کہ گزشتہ ہفتے ہی امریکی خلائی ادارے ناسا کا ’انتارس‘ راکٹ لانچنگ کے مرحلے کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔ اس کارگو راکٹ میں کوئی خلاباز سوار نہیں تھا۔ خلا ميں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ کیا جانے والا یہ راکٹ منگل کو ریاست ورجینا کے ساحلی علاقے پر قائم ’والپس فلائٹ فیسیلیٹی‘ نامی ایک کمرشل لانچنگ پیڈ سے پرواز کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ چودہ منزلہ اس راکٹ میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود خلا بازوں کے لیے ساز و سامان لدا ہوا تھا۔

ان دونوں حادثات کو خلا ميں کمرشل مقاصد کے ليے پروازوں کے منصوبوں کے ليے دھچکا قرار ديا جا رہا ہے۔