1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپال کے زلزلے کے بعد غیر ملکی خوف کا شکار

عابد حسین27 اپریل 2015

کوہِ ہمالیہ کے دامن میں واقع جمہوریہ نیپال کو دو روز قبل کے زلزلے نے انتہائی متاثر کر رکھا ہے۔ وہاں مقیم غیر ملکی خوف کا شکار ہو چکے ہیں، زخمی سڑکوں پر ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FFKp
تصویر: AFP/Getty Images/P. Mathema

نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو اور نواحی علاقوں میں بڑے زلزلے کے بعد آنے والے زوردار ضمنی جھٹکوں نے مقامی آبادی اور غیر ملکی سیاحوں کو خوف سے نڈھال کر رکھا ہے۔ مقامی لوگ اس قدر سہمے ہوئے ہیں کہ وہ گھروں کے اندر جانے سے گھبرا رہے ہیں۔ دوسری جانب غیر ملکی سیاح نیپال سے اپنے وطن جانے کے لیے اپنی سی کوششوں میں ہیں۔ وہ زلزلے سے متاثرہ فضا سے باہر فوری طور پر نکلنے کی جدوجہد کر رہے ہیں لیکن کھٹمنڈو کے ہوائی اڈے پر عالمی برادری کے امدادی سامان کے طیاروں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ اِس باعث کمرشل طیاروں کو سردست ترجیح نہیں دے جا رہی۔

بھارت نے اب تک ایک ہزار کے قریب غیر ملکی افراد کو اپنے سامان بردار جنگی طیاروں کے ذریعے بھارتی شہروں میں منتقل کیا ہے۔ چین نے بھی اب تک ایک ہز ار کے قریب غیر ملکی باشندوں کو نیپال سے باہر نکالا ہے۔ نبپال کے زلزلے میں چار چینی باشندے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ نیپالی حکومت بھی چار ہزار سے زائد غیر ملکیوں کے فوری انخلا کی کوششوں میں ہے۔ نیپال میں سالانہ بنیادوں پر آٹھ لاکھ غیر ملکی سیاح کوہ ہمالیہ کے دروں اور ترائیوں کے گھنے جنگلات کا لطف لینے پہنچتے ہیں۔ اِن میں ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ دوسری چوٹیوں کو سر کرنے والے کوہ پیما بھی شامل ہیں۔ نیپال کی اقتصادیات کا بھی خاصا انحصار انہی غیر ملکیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ہے۔

Nepal Erdbeben Hilfsaktion Hilfseinsatz Everest
ماؤنٹ ایورسٹ سے کوہ پیماؤں کی منتقلی کا عملتصویر: Roberto Schmidt/AFP/Getty Imageshoto/B. Armangue

نیپال کی وزارت داخلہ کی ترجمان لکشمی ڈہکال نے بتایا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد 3300 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ساڑھے چھ ہزار سے زائد ہے۔ ماؤنٹ ایورسٹ پر 18 ہلاک ہونے والے کوہ پیمامجموعی تعداد میں شامل نہیں ہیں۔ امدادی ٹیموں نے ماؤنٹ ایورسٹ کے دامن میں قائم کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے تقریباً ایک سو کوہ پیماؤں اور اُن کے گائیڈز کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ اس طاقت ور زلزلے کے نتیجے میں بھارت میں بھی 61 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ چینی حکام نے آج بتایا کہ نیپال میں آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے تبت میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں مختلف عمارتیں منہدم ہو جانے سے 17 افراد مارے گئے۔

اقوام متحدہ کے بہبود اطفال کے ادارے یونیسیف نے بتایا ہے کہ نیپال کے زلزلے سے جہاں تین ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں وہیں کم از کم ایک ملین کے قریب مختلف عمروں کے بچے متاثر ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے مطابق نیپالی بچوں کے ذہنوں پر زلزلے کی تباہ کاری کےگہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہ برسوں موجود رہ سکتے ہیں۔ یونیسیف نے متاثرین اور خاص طور پر بچوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ساتھ ہی حفظان صحت کی مناسب سہولیات کے فقدان پر بھی اقوام متحدہ کے ادارے نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔