1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو ہرا کر ورلڈ کپ فائنل میں

عاطف توقیر24 مارچ 2015

عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک سخت مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ew4l
تصویر: Reuters/N. Marple

منگل کے روز آکلینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کو بارش کی وجہ سے 43 اووروں تک محدود کر دیا گیا تھا۔ عالمی کپ ٹورنامنٹ کے معاون میزبان ملک نیوزی لینڈ کے کھلاڑی گرانٹ ایلیٹ نے اپنی ٹیم کو یہ فتح ایک چھکے کے ذریعے دلوائی۔

نیوزی لینڈ کو آخری دو گیندوں پر پانچ رنز کی ضرورت تھی کہ ناقابل شکست 84 رنز بنانے والے ایلیٹ نے جنوبی افریقی بالر ڈیل سٹین کی ایک گیند پر چھکا مار کر فتح کی لکیر پار کر لی۔ اس آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو 12 رنز درکار تھے۔ اس میچ میں فتح کے لیے کیوی ٹیم کو 43 اوورز میں 298 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔

Neuseeland Cricket World Cup 2015
جنوبی افریقہ کی ٹیم سیمی فائنل میں جیت کے قریب ہونے کے باوجود شکست کھا گئیتصویر: Reuters/N. Marple

عالمی کپ مقابلوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اب فائنل میں کیوی ٹیم کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں میں سے کسی ایک سے ہو گا۔ دوسرا سیمی فائنل جمعرات 26 مارچ کے روز سڈنی میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل میچ اتوار 29 مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ہو گا۔

آج کے میچ کی خاص بات کیوی کھلاڑی ایلیٹ کی 73 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز تھی۔ کپتان برینڈن میککلم نے بھی 26 گیندوں پر 59 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں چار چھکے بھی شامل تھے۔

پانچویں وکٹ کی شراکت میں ایلیٹ نے اینڈرسن کے ساتھ مل کر 103 رنز کا اضافہ کیا۔ اس سے قبل گپٹل 34 جب کہ راس ٹیلر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مارٹن گپٹل ایک غیر ذمہ دارانہ رن آؤٹ کا شکار ہوئے، جب کہ ٹیلر وکٹ کے پیچھے کیپر کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ مِلر نے 18 بالوں پر 49 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ اس دوران ان کے تین کیچز کیوی کھلاڑیوں سے چھوٹے۔ ڈی ویلیئرز نے 65 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ فف ڈوپلیسی نے 82 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم املا اس میچ میں صرف 10 رنز بنا سکے جب کہ کوئنٹن ڈے کوک نے 14 رنز بنائے۔ جنوبی افریقی اوپنرز کو آؤٹ کرنے والے ٹرینٹ بولٹ نے اس میچ میں اپنی کارکردگی کے ساتھ سن 1999 کے عالمی کپ میں اپنی ہی ٹیم کے جیوف الوٹ کا 20 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔ آج اپنی دو وکٹوں کے ساتھ بولٹ اب تک ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ موجودہ ورلڈ کپ میں ان سے زیادہ وکٹیں اب تک کسی بھی دوسرے باؤلر نے حاصل نہیں کیں۔