1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے مادے کی سورج جیسی روشنی، جرمن سائنسدانوں کی ایجاد

امتیاز احمد1 جولائی 2014

جرمن سائنسدانوں نے ایک نیا روشن مادہ تیار کیا ہے، جس سے مستقبل میں ایل ای ڈی بلب تیار کیے جائیں گے۔ یہ مادہ سورج جیسی روشنی پیدا کرتا ہے۔ اسے ایک انقلابی ایجاد کہا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CT6M
تصویر: Deutscher Zukunftspreis/Ansgar Pudenz

یہ نیا لومینوفور نامی فاسفر مادہ توانائی کی کارگردگی کو بھی بہتر بناتا ہے اور اس سے حاصل ہونی والی مصنوعی روشنی بھی سورج سے حاصل ہونے والی قدرتی روشنی کا گمان دیتی ہے۔

جرمن سائنسدان وولف گانگ شنِک سن 2001ء سے ایسے روشن مادوں پر تحقیق میں مصروف ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ بیگم کے ساتھ شاپنگ کے لیے جانے نے انہیں اچھی اور بری روشنی کے درمیان فرق سمجھایا۔

’’جب میں اپنی بیگم کے ساتھ شاپنگ پر جاتا ہوں، تو کبھی کبھی وہ میرے ساتھ دکان سے باہر جا کر اس کپڑے کو سورج کی روشنی میں جانچتی ہے۔ وہ سورج کی روشنی میں کسی شے کے اچھے یا برے ہونی کی پہچان کر پاتی ہے۔‘‘

Deutscher Zukunftspreis LED Licht
اب جو مادہ تیار کیا گیا ہے، اس سے ایل ای ڈیز کا انڈیکس نوّے فیصد سے بھی بڑھ جائے گا اور اس کا مطلب ہے ایل ای ڈی کی روشنی ویسی ہی ہو گی، جیسی سورج کی روشنیتصویر: Deutscher Zukunftspreis/Ansgar Pudenz

ان کا کہنا ہے، ’’آپ نے بھی یہ مشاہدہ کیا ہو گا کہ دکانوں کے اندر روشنی چیزوں کو ان کی اصلیت سے ہٹا کر رکھ دیتی ہے اور نیلا رنگ بھی ایسا دکھائی دیتا ہے، جیسا سیاہ ہو۔‘‘

سولڈ سٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر شنِک اور جنوبی جرمن شہر میونخ میں قائم لُڈوِگ میکسیمیلین یونیورسٹی سے وابستہ محققین کی ٹیم نے تاہم اب ایک ایسا روشن مادہ تیار کیا ہے، جس سے بلب کی روشنی بالکل سورج کی روشنی جیسی پیدا کی جا سکے گی۔

ان محققین نے لومینوفور نامی کیمیائی مادہ تیار کیا ہے، جسے بلب بنانے میں استعمال کیا جا سکے گا۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہ ایل ای ڈیز (لائٹ ایمٹنگ ڈیوڈز) کی مارکیٹ میں ایک انقلابی ایجاد ہے۔

روشنی کے رنگ مجتمع

یورپی یونین میں سن 2012ء سے روایتی بلبوں کی تیاری بند کر دیے جانے کے بعد کم توانائی صرف کرنے والی ایل ای ڈی لائٹس کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انرجی سیونگ بلب ایک ہی رنگ کی روشنی پیدا کرتے ہیں، تاہم ایل ای ڈی کئی رنگوں کی روشنیاں پیدا کر سکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یورپ میں ان کی مقبولیت اور طلب میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بہترین روشنی، جب تمام روشنیاں مل جائیں

اندھیرے میں کتاب پڑھنا ہو یا صبح اٹھ کر آئنیہ میں اپنا چہرہ دیکھنا ہو تو، ہماری خواہش ہوتی ہے کہ روشنی سفید ہو۔ مگر سفید روشنی کا مطلب ہے، جب تمام رنگ مل جائیں۔

ایل ای ڈی سے اس طرح کی روشنی کا حصول ممکن ہے اور طریقہ ہے کہ ان کے گرد کو کوئی ایسا چمکدار مادہ لگا دیا جائے، جو ایل ای ڈی سے برآمد ہونے والی روشنی کو سفید رنگ دے دے۔

اسی اصول کے تحت شنِک کی ٹیم نے فلپس کے ایل ای ڈیز کے لیے ایک مادہ تیار کیا تھا، جس کے ذریعے سفید روشنی پیدا کی جاتی تھی۔ یہ بلب اب بھی مارکیٹ میں موجود ہیں۔ تاہم شنِک کا کہنا ہے، ’’ہمیں مارکیٹ نے سمجھا دیا کہ یہ ایجاد اچھی ہے، تاہم ہمیں اس سے زیادہ بہتری کی طرف جانا چاہیے۔‘‘

شنِک کا کہنا ہے، ’’زیادہ اچھی روشنی کے لیے اعلیٰ کلر رینڈرنگ انڈیکس کی ضرورت ہوتی ہے۔ سورج کی روشنی میں یہ انڈیکس سو فیصد جب کہ بازار میں دستیاب ایل ای ڈیز میں یہ انڈیکس اسّی فیصد ہوتا ہے۔ ہم نے اب جو مادہ تیار کیا ہے، اس سے ایل ای ڈیز کا انڈیکس نوّے فیصد سے بھی بڑھ جائے گا اور اس کا مطلب ہے ایل ای ڈی کی روشنی ویسی ہی ہو گی، جیسی سورج کی روشنی۔‘‘