1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی ایجادات کے عالمی میلے میں سیڑھیاں چڑھنے والی وہیل چیئر

مقبول ملک15 اپریل 2015

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں بدھ پندرہ مارچ سے دنیا بھر سے اپنی نئی ایجادات کے ساتھ آنے والے سینکڑوں موجدوں کا سالانہ میلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس سال اس عالمی نمائش کی خاص بات ایک ایسی وہیل چیئر ہے جو سیڑھیاں چڑھ سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1F95T
تصویر: picture alliance/Photoshot

جنیوا سے موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ بین الاقوامی نمائش دنیا بھر میں اپنے نوعیت کا سب سے بڑا میلہ ہے اور اس سال اس اجتماع کا انعقاد 43 ویں مرتبہ کیا جا رہا ہے۔ موجدوں کا میلہ یا جرمن زبان میں Erfindermesse کہلانے والی اس عالمی نمائش میں اس مرتبہ 48 ملکوں کے 752 نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔

اس میلے میں تخلیقی ذہن یا سوچ کے حامل کسی بھی فرد یا ادارے کی شرکت کے لیے شرط یہ ہوتی ہے کہ وہ اختراعی نظریات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنی کوئی ایسی نئی ایجاد لے کر جنیوا آئیں، جو انسانی زندگی کو زیادہ آسان یا مزید خوبصورت بنا سکتی ہو۔

بدھ پندرہ مارچ کو شروع ہو کر اتوار انیس مارچ تک جاری رہنے والی اس نمائش میں آج سے جو نئی مصنوعات ہزاروں شائقین اور ماہرین کی بھرپور دلچسپی کی وجہ بنی ہوئی ہیں، ان میں انتہائی کم وزن والا ایک نیا الٹرا لائٹ ہوائی جہاز اور مختلف عمارتوں کو زلزلوں سے محفوظ بنانے کے ایک نئے طریقہ کار کے علاوہ ایک ایسی وہیل چیئر بھی شامل ہے، جو سیڑھیاں چڑھ سکتی ہے۔ اس وہیل چیئر کی مدد سے معذور افراد اس میں بیٹھے بیٹھے ہی سیڑھیاں چڑھ سکیں گے۔

Bildergalerie Erfindermesse Genf 2014
امسالہ نمائش میں 48 ملکوں کے 752 نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اس عالمی نمائش میں نئی مصنوعات تیار کرنے والے موجد انفرادی طور پر بھی شریک ہوتے ہیں اور بہت سے کاروباری ادارے، یونیورسٹیاں اور سرکاری محکمے بھی اپنے نت نئے خیالات اور ان کے عملی نتائج کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔ اس سال جنیوا کی اس نمائش میں جرمنی سے 14 شرکت کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔

جنیوا کی اس عالمی نمائش کے اکثر شرکت کنندگان کو امید ہے کہ وہ آئندہ اتوار کے دن تک مختلف سرمایہ کار اداروں کے ساتھ اپنی ایجادات کے تجارتی پیداواری لائسنسوں سے متعلق معاہدے طے کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ نمائش کی انتظامیہ کے مطابق اس اجتماع میں ہر سال طے پانے والے لائسنسوں سے متعلق تجارتی معاہدوں کی مالیت قریب 50 ملین یورو رہتی ہے۔

Bildergalerie Erfindermesse Genf 2014
اس عالمی میلے کی سرپرستی سوئٹزرلینڈ کی حکومت اور جنیوا میں قائم فکری املاک کی عالمی تنظیم کرتی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ڈی پی اے کے مطابق اس میلے میں شریک موجدوں میں سے قریب نصف کا تعلق مختلف ایشیائی ملکوں سے ہے، جن میں چینی شرکت کنندگان کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر 45 فیصد شرکت کنندگان کا تعلق یورپ کے مختلف ملکوں سے ہے۔

اس عالمی میلے کے انعقاد کی سرپرستی سوئٹزرلینڈ کی حکومت اور جنیوا میں قائم فکری املاک کی عالمی تنظیم یا ورلڈ اِنٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن WIPO کی طرف سے کی جاتی ہے۔ منتظمین کے مطابق امسالہ عالمی میلے کو دیکھنے کے لیے 60 ہزار کے قریب مہمان آئیں گے، جن میں سے 40 فیصد کا تعلق مختلف شعبوں کی ماہر کاروباری شخصیات سے ہو گا۔