1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مڈغاسکر میں طاعون سے چالیس افراد ہلاک

عابد حسین23 نومبر 2014

عالمی ادارہٴ صحت نے مختلف جزائر پر مشتمل ریاست مڈغاسکر میں طاعون کے پھیلاؤ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈبلیُو ایچ او نے اِس انتہائی مُوذی مرض کو کنٹرول میں کرنے کے لیے دو لاکھ ڈالر مختص کر دیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Droo
طاعون کی بیماری مردہ چوہوں سے جنم لیتی ہے اور حشرات کے ذریعے پھیلتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

مڈغاسکر میں طاعون پھیلنے کا عمل رواں برس اگست میں شروع ہوا تھا۔ تب سے لیکر اب تک مڈغاسکر حکام نے کم از کم چالیس مریضوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اِس وقت 119 مریض زیر علاج ہیں۔ ابھی حال ہی میں دارالحکومت انتاناناریو کے ایک ہسپتال میں مزید دو مریض پہنچائے گئے اور اِن میں سے ایک کو بیماری کے بیکٹریا نے ہلاک کر کے چھوڑا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اِس بات کو حوصلہ افزاء کہا کہ دستیاب اینٹی بائیوٹک ادویات کے اُن مریضوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں جو طاعون کی وجہ سے ہسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ وہ اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ریڈکراس اور مقامی طبی انتظامیہ کے ساتھ مل کر دو لاکھ ڈالر کے ایک منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق مڈغاسکر میں مکھیوں، مچھروں، کھٹملوں اور پسوؤں کو ہلاک کرنے کے لیے مختلف کیڑے مار اسپرے کے مسلسل استعمال سے اِن کیڑوں میں انتہائی زیادہ مزاحمتی قوت پیدا ہو گئی ہے اور یہ بھی طاعون بیماری کو کنٹرول کرنے میں بڑی رکاوٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق مڈغاسکر میں ایسی مہلک بیماری کے پھیلاؤ میں دارالحکومت انتاناناریو کے علاوہ دوسرے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں صفائی ستھرائی کے علاوہ نکاسی آب کے مناسب نظام کی عدم موجودگی بھی ہو سکتی ہے۔

Cholera in Madagaskar
مڈغاسکر میں صفائی ستھرائی کا مناسب خیال نہیں رھا جاتاتصویر: ALEXANDER JOE/AFP/Getty Images

مڈغاسکر میں طاعون مرض میں مبتلا پہلا مریض ایک گاؤں سے انتاناناریو لایا گیا تھا۔ یہ گاؤں دارالحکومت سے دو گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ اِس پہلے مریض میں طاعون کی موجودگی کی تشخیص کی گئی اور یہ بعد میں جانبر نہیں ہو سکا۔ اِس پہلے مریض کی نشاندہی کے بعد سے دیگر سولہ اضلاع میں طاعون کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ طاعون بیماری کے مریض کبھی کبھی افریقہ اور ایشیا کے مختلف ممالک میں نظر آتے ہیں لیکن طاقت ور ادویات کی بناء پر اسے کنٹرول کر لیا جاتا ہے۔

طاعون کی بیماری مردہ چوہوں سے جنم لیتی ہے اور اِس کی افزائش ایک خاص بیکٹیریا کرتا ہے۔ یہ بیکٹیریا دوسرے حشرات الارض کے ذریعے پھیلتا ہے۔ مردہ چوہے کے جسم میں ایک انتہائی چھوٹا سا پِسُو جنم لیتا ہے اور اُس کے کاٹنے سے پلیگ یا طاعون کا مرض انسانی یا کسی بھی دوسرے جسم میں افزائش پانا شروع کر دیتا ہے۔ اِس کی دو قسمیں ہیں۔ ایک بیوبونک طاعون (لِمف نوٹ کی سُوجن) ہے اور یہ عام لیکن طاقتور اینٹی بیوٹک سے شفایابی ممکن ہے۔ دوسری قسم نمونیے والی طاعون ہے۔ یہ بہت مہلک ہوتی ہے اور کسی مرض کے کھانسنے سے پھیلتی چلی جاتی ہے اور پھر بستیوں کی بستیاں تاراج ہو جاتی ہیں۔

مڈغاسکر بحر ہند میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے اور یہ دنیا کا چوتھا بڑا جزیرہ ہے۔