1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مُلا کلینک میں منشیات کے عادی افراد کا علاج تشدد سے

کشور مصطفیٰ25 جولائی 2014

منشیات کے عادی افراد کے علاج کا دعویٰ کرنے والے مُلا الیاس کا طریقہ علاج انوکھا ہے۔ وہ مریضوں کو رات دن نہ صرف آہنی زنجیروں سے جکڑ کر رکھتا تھا بلکہ انہیں بھوکا رکھ کر اور زدو کوب کر کے قران کی تلاوت پر مجبور کرتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1CiuB
تصویر: Behrouz Mehri/AFP/Getty Images

چرس کے عادی نور رحمان نے تین برس کیڑے مکوڑوں سے بھری کنکریٹ کی سلیب کے ساتھ زنجیروں سے پیوست ہو کر گزارے ہیں۔ مار پیٹ کا شکار ہوکر اور بھوکا رہتے رہتے نور رحمان اپنی بینائی سے محروم ہو چُکا ہے۔

پاکستان کے مُلا الیاس قادری اس قسم کے مریضوں کو شفاء بخشنے کے لیے اپنا کلینک چلا رہا تھا، جہاں منشیات کے عادی افراد کو نہ صرف زبردستی رکھا جاتا تھا بلکہ اُنہیں زور و جبر کے ساتھ قرآن پڑھنے پر بھی مجبور کیا جاتا تھا۔ اس کلینک میں طریقہ علاج اذیت رسانی اور مریضوں کو بھوکا رکھنا تھا۔

اسلام آباد سے 80 کلو میٹر کے فاصلے پر ایک پہاڑی مقام ہری پور میں قائم مُلا الیاس قادری کے کلینک پر گزشتہ ہفتہ پولیس نے چھاپہ مارا اور وہاں سے 115 مریض برآمد کیے، جو زنجیروں اور بیڑیوں سے زمین سے جکڑے ہوئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر مریضوں کو رہائی نصیب ہو گئی ہے اور ملا الیاس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 20 مریض، جن میں نور رحمان بھی شامل ہے، اپنے گھر والوں کا منتظر ہے کہ وہ آئیں اور انہیں اس جہنم سے نکال کر لے جائیں۔

Drogenabhängige in Pakistan
پاکستان میں آٹھ لاکھ ساٹھ ہزار افراد ہیروئن کے استعمال کے عادی ہیں۔تصویر: Behrouz Mehri/AFP/Getty Images

سماجی پسماندگی اور قانونی کوتاہی

مُلا کلینک پاکستان کے قدامت پسند مذہبی حلقے میں بھی انتہا پسندی کی حد تصور کیا جاتا ہے تاہم اس قسم کے اداروں کی ملک میں موجودگی اس حقیقت کی نشاندہی کرتی ہے کہ ایک قدامت پسند اسلامی معاشرے میں منشیات کی لعنت کو کس حد تک غلط سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین اس صورتحال کو ایک مختلف نکتہ نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ معاشرے میں قانونی نگرانی کی عدم موجودگی مُلا کلینک اور دیگر ذہنی امراض کے ہسپتالوں کے وجود کا سبب ہیں، جہاں منشیات کے عادی یا دیگر نفسیاتی امراض میں مبتلا افراد کے گھر والے اُن سے جان چھُڑانے کے لیے، انہیں وہاں ڈال دیتے ہیں۔

مُلا الیاس قادری کا طریقہ علاج

مریضوں کو کلینک سے فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے اور کہیں وہ دوبارہ منشیات کی طرف نہ بڑھیں، اس غرض سے مُلا الیاس نے اُنہیں رات دن آہنی زنجیروں سے جکڑ کر رکھا تھا۔ مریضوں کو محض چند لمحوں کے لیے ٹائلٹ تک جانے کی اجازت دی جاتی تھی ، وہ بھی اس طرح کے وہ اپنے ساتھی مریض کے ساتھ زنجیروں سے جُڑی ہوئی حالت میں ہی ٹائلٹ جا سکتے تھے۔

Drogenmissbrauch in Pakistan - Mobile Hilfe für Drogenabgängige
منشیات کے عادی افراد کے لیے موبائیل امدادتصویر: Rizwan Tabassum/AFP/Getty Images

اس پر کسی قسم کے احتجاج کی صورت میں ان دونوں مریضوں کو مُلا الیاس اور اُس کے چار گارڈز یا محافظ کی طرف سے زدو کوب کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

نور رحمان کے بقول، " ہمارے ساتھ اتنی زیادہ جسمانی زیادتیاں ہوئیں کہ آخر کار ہم میں سے بہت سے قیدی ذہنی مریض بن گئے۔ نور دو برس تک اس کلینک میں رہنے کے بعد کوئی آٹھ ماہ قبل اپنی آنکھوں کی روشنی سے محروم ہو گیا تھا۔ اُس نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’’ذہنی دباؤ اور اسٹرس کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کی ابتر صورتحال کا بھی میری بینائی ختم ہونے سے گہرا تعلق ہو سکتا ہے۔‘‘

پاکستان میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد

1980ء کے عشرے سے پڑوسی ملک افغانستان سے اسمگل ہو کر پاکستان آنے والے افیون کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہی ہوتا رہا۔ اس طرح پاکستان منشیات کی سستی ترین قسم یعنی چرس کا گڑھ بن گیا۔

اقوام متحدہ کے ایک تازہ ترین سروے کے مطابق پاکستان میں اس وقت بھنگ کے عادی افراد کی تعداد چار ملین سے زیادہ ہے جبکہ آٹھ لاکھ ساٹھ ہزار افراد ہیروئن کے استعمال کے عادی ہیں۔ عالمی ادارے مطابق 2000 ء کے مقابلے میں یہ تعداد دوگنا ہو چُکی ہے۔